Category: سائنس اور ٹیکنالوجی

  • گوگل ٹرانسلیٹ نے 20 ویں سالگرہ پر جدید فیچر متعارف کرادیا

    گوگل ٹرانسلیٹ نے 20 ویں سالگرہ پر جدید فیچر متعارف کرادیا

    گوگل نے اپنی مشہور سروس ‘گوگل ٹرانسلیٹ’ کی 20 ویں سالگرہ کے موقع پر آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی ایک جدید فیچر متعارف کرایا ہے، جو صارفین کو انگلش سمیت دیگر زبانیں بولنے اور ان کا درست تلفظ سیکھنے میں مدد فراہم کرے گا۔

    انٹرنیٹ سرچ انجن کے طور پر معروف گوگل اب باقاعدہ ایک لینگویج ٹیوٹر کے طور پر سامنے آیا ہے جہاں صارفین کسی بھی زبان کو سیکھنے کے لیے اس نئے ٹول کا استعمال کرسکیں گے۔

    کمپنی کی جانب سے جاری کردہ بلاگ پوسٹ کے مطابق یہ ‘پروناؤنسیشن پریکٹس ٹول’ گوگل ٹرانسلیٹ کی اینڈرائیڈ ایپ میں دستیاب ہوگا۔ یہ ٹول ‘آسک اور انڈراسٹینڈ’ جیسے فیچرز پر مبنی ہے جو الفاظ کے تناظر اور متبادل ذرائع فراہم کرتا ہے۔ اس سسٹم میں اے آئی ٹیکنالوجی صارف کے بولے گئے الفاظ کا فوری تجزیہ کرتی ہے اور غلطی ہونے پر فی الفور فیڈ بیک فراہم کرتی ہے، جس سے صارفین کو حقیقی دنیا میں بات چیت کرنے کے لیے اعتماد اور درست تلفظ حاصل کرنے میں آسانی ہوتی ہے۔

    ابتدائی طور پر یہ فیچر امریکا اور بھارت میں متعارف کرایا گیا ہے جس میں انگلش، ہندی اور اسپینش زبانوں کی سپورٹ دی گئی ہے۔ ایپ کے پریکٹس سیکشن میں ‘پروناؤنس’ کے نام سے موجود اس آپشن کو سلیکٹ کرنے پر ایپ صارف کی گفتگو سنتی ہے اور اس کی مہارت کا جائزہ لیتی ہے۔

    گوگل کے مطابق ٹرانسلیٹ ایپ میں اب 250 کے قریب زبانوں کی سپورٹ موجود ہے اور اسے دنیا بھر میں ایک ارب سے زائد افراد استعمال کر رہے ہیں۔

    کمپنی نے یہ دلچسپ انکشاف بھی کیا ہے کہ گزشتہ 20 سال کے دوران دنیا بھر میں گوگل ٹرانسلیٹ پر سب سے زیادہ ترجمہ کیا جانے والا جملہ ‘تھینک یو’ (شکریہ) رہا، جبکہ ‘ہاؤ آر یو’ دوسرے اور ‘آئی لو یو’ تیسرے نمبر پر رہا۔ ‘ہیلو’ اور ‘پلیز’ بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے الفاظ رہے۔

  • فریج کی کولنگ بہتر رکھنے کے 3 آسان طریقے جو آپ کے ہزاروں روپے بچائیں

    فریج کی کولنگ بہتر رکھنے کے 3 آسان طریقے جو آپ کے ہزاروں روپے بچائیں

    گھروں میں ریفریجریٹر ہر کسی کی ضرورت ہے۔ آج بہت سے لوگوں کو شکایت رہتی ہے کہ ان کا فریج ٹھیک طرح سے کولنگ نہیں کرتا اور مختلف مسئلے اس میں سے نکل آتے ہیں۔ لیکن یہ بات یاد رکھیں کہ اگر ہر چیزکی طرح ریفریجریٹر کی بھی دیکھ بھال کی جائے تو یہ لمبے عرصے تک آپ کا ساتھ دے سکتا ہے۔

    آج ہم آپ کو چند ایسے طریقے بتائیں گے جو اس انسان دوست مشین کی عمر بڑھاتے ہیں اور فریج کولنگ بڑھانے میں آپ کی مدد کریں گے۔

    1- ٹرے میں پانی بھرنا

    فرج کے پیچھے کمپریسر کے اوپر ایک ٹرے موجود ہوتی ہے جس کا مقصد کمپریسر کو ٹھنڈا رکھنا ہوتا ہے۔ اس ٹرے کے اندر فریج اور فریز کا پانی جمع ہوتا رہتا ہے اور اس میں موجود پانی کمپریسر کو ٹھنڈا رکھتا ہے۔ آپ نے بس اتنا کرنا ہے کہ گرمیوں میں روزانہ اس ٹرے کو سادے پانی سے بھر دینا ہے۔ اور پانی ڈالنے سے قبل آپ نے لازمی فریج کا پلگ نکال لینا ہے کیونکہ پانی باہر گرنے کی صورت میں کرنٹ لگنے کا خطرہ ہوسکتا ہے۔ یہ پانی فریج کے کمپریسر کو بھی ٹھنڈا رکھے گا اور فریج کے پچھلے حصے میں نمی برقرار رکھے گا۔

     

    2- پتلی مسواک سے صفائی

    دوسرے نمبر پر آپ نے یہ کرنا ہے کہ ایک پتلا مسواک لینا ہے اور اسے شاپنر سے پینسل کی طرح تراش لینا ہے۔ یعنی پینسل کی طرح آگے سے نوک بنانی ہے۔ پھر آپ دیکھیں گے کہ کمپریسر کی ٹرے سے ایک پائپ ہوتا ہوا اوپر تک جا رہا ہے۔ یہ پائپ فریز سے منسلک ہوتا ہے۔ فریزر کے اندر جیسے جیسے برف پگھلتی ہے تو اس کا پانی اس پائپ سے ہوتا ہوا نیچے ٹرے میں جاتا ہے۔ آپ غور کیجیے گا کہ اس ٹرے کے اوپر سوراخ ہوتا ہے جس کے باعث فریج کے نیچے والے حصے کا پانی اس ٹرے میں جمع ہوتا رہتا ہے۔ اکثر یہ سوراخ خیال نہ رکھنے کی وجہ سے بند ہوجاتا ہے۔ یعنی پائپ بلاک ہوجاتا اور پانی ٹرے تک نہیں پہنچ پاتا جس سے فریج ٹھیک کام نہیں کر پاتا۔

    اس کے لیے آپ نے نوکدار مسواک کو فریج کے اندر موجود سوراخ میں ڈال کر اس کی صفائی کرنی ہے، تاکہ کسی بھی قسم کی بلاکیج (Blockage) کو ختم کیا جا سکے۔ خیال رکھیں کسی اور لوہے یا اسٹیل کی باریک چیز سے سوراخ کو ہر گز نہیں کھولیں کیونکہ ایسا کرنے سے فریج کی باڈی کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

     

    3- فریج کو دیوار سے فاصلے پر رکھنا

    اگر آپ چاہتے ہیں کہ فریج بہترین کولنگ کرے تو آپ نے اپنے فریج کو دیوار سے ایک ہاتھ کے فاصلے سے رکھنا ہے۔ دیوار سے لگا کر فریج رکھنے سے اس کے پچھلے حصے تک ہوا نہیں پہنچ پاتی جس کے باعث فریج کی کولنگ متاثر ہوتی ہے۔

  • 40 گھنٹے بعد بند دل دوبارہ دھڑکنے لگا، چین میں غیر معمولی طبی واقعہ

    40 گھنٹے بعد بند دل دوبارہ دھڑکنے لگا، چین میں غیر معمولی طبی واقعہ

    عام طور پر اگر کسی انسان کی دل کی دھڑکن رک جائے اور فوری طور پر بحال نہ ہو تو اسے زندگی سے محروم سمجھ لیا جاتا ہے لیکن چین میں پیش آنے والا ایک واقعہ طبی دنیا کے لیے حیرت کا باعث بن گیا۔

    صوبہ ژجیانگ میں ایک 40 سالہ شخص کو اچانک دل کا دورہ پڑا اور اس کی حرکت قلب مکمل طور پر بند ہو گئی۔ ڈاکٹروں نے روایتی طریقوں کے تحت برقی جھٹکے دے کر دل کو دوبارہ چلانے کی کوشش کی مگر کامیابی نہ مل سکی۔ صورتحال انتہائی نازک تھی اور بظاہر امید ختم ہوتی جا رہی تھی۔

    ایسے میں طبی ٹیم نے ایک جدید مشین، ایکسٹراکورپورئیل ممبرین آکسیجینیشن کا سہارا لیا۔ یہ ٹیکنالوجی عارضی طور پر دل اور پھیپھڑوں کا کام سنبھالتی ہے اور جسم میں آکسیجن کی فراہمی کو برقرار رکھتی ہے۔ حیران کن طور پر اس شخص کا دل تقریباً 40 گھنٹے تک بند رہنے کے باوجود اسی معاونت کے ذریعے اس کی جان بچا لی گئی۔

    ڈاکٹروں کے لیے سب سے بڑا چیلنج یہ تھا کہ اس دوران خون جمنے جیسے خطرات سے مریض کو محفوظ رکھا جائے جس کے لیے مسلسل نگرانی کی گئی۔ جب دل کی دھڑکن بحال ہوئی تو بھی احتیاط کے طور پر مریض کو مزید 10 دن تک اسی مشین سے منسلک رکھا گیا تاکہ جسم مکمل طور پر سنبھل سکے۔

    تقریباً 20 دن کے علاج کے بعد مریض کی حالت میں واضح بہتری آئی اور وہ خود چل کر اسپتال سے رخصت ہو گیا۔ اس واقعے کو ڈاکٹرز نے غیر معمولی قرار دیا ہے تاہم ان کے مطابق جدید طبی سہولیات اور بروقت فیصلہ ہی اس کامیابی کی اصل وجہ بنے۔