Category: بین الاقوامی

  • عمان کے ساتھ آبنائے ہرمز پر مشترکہ طریقۂ کار میں امریکہ رکاوٹ بن رہا ہے: اسماعیل بقائی

    عمان کے ساتھ آبنائے ہرمز پر مشترکہ طریقۂ کار میں امریکہ رکاوٹ بن رہا ہے: اسماعیل بقائی

    تہران(ڈیلی پاکستان آن لائن) ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ امریکہ عمان پر دباؤ ڈال کر آبنائے ہرمز کے مشترکہ طریقۂ کار کی تشکیل میں رکاوٹ بن رہا ہے۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ امریکہ  نے اسلام آباد میمورنڈم کی خلاف ورزیاں کیں، امریکہ  کے خلاف جوابی کارروائیاں ایران کا جائز حق ہے، امریکہ  مفاہمتی یادداشت میں واضح کی گئیں اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کر رہا۔

    اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایران آبنائے ہرمز کے معاملے پر عمان کے ساتھ مشترکہ طریقہ کار تشکیل دینے کی کوشش کر رہا ہے، امریکہ  کا عمان پر دباؤ اس عمل میں رکاوٹ بن رہا ہے۔

    ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ اب اس بات میں شک کی گنجائش نہیں رہی کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت ختم ہو گئی ہے، اگر امریکہ  اسلام آباد ایم او یو پر عمل نہیں کرتا تو ایران بھی اپنے وعدوں پر عمل نہیں کرے گا، باہمی معاہدوں پر عمل دونوں فریقوں کی یکساں ذمہ داری ہے۔

  • سری لنکا کی جیل میں ہنگامہ آرائی سے 19 قیدی ہلاک، 100 سے زائد زخمی

    سری لنکا کی جیل میں ہنگامہ آرائی سے 19 قیدی ہلاک، 100 سے زائد زخمی

    کولمبو(ڈیلی پاکستان آن لائن)سری لنکا کی جیل میں ہنگامہ آرائی کے دوران 19 قیدی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

    غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق سری لنکا کے شہر نیگومبو کی جیل میں اتوار کے روز دو گروپوں میں تصادم ہوا جسے اتوار کی رات تک کنٹرول کر لیا گیا تاہم پیر کے روز دوبارہ دونوں گروہوں میں جھڑپ ہوگئی۔

    رپورٹ کے مطابق ہنگامہ آرائی کے دوران کم از کم 19 قیدی ہلاک اور 100  سے زائد زخمی ہوئے، زخمیوں کو نیگومبو کے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ شدید زخمی ہونے والے قیدیوں کو دارالحکومت کولمبو کے ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔

    سری لنکن حکام کی جانب سے جیل میں ہونے والی ہنگامہ آرائی کے معاملے کی تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہیں۔

  • فلپائن: منڈاناؤ کے قریب زلزلے کے جھٹکے

    فلپائن: منڈاناؤ کے قریب زلزلے کے جھٹکے

    منیلا ( مانیٹرنگ ڈیسک ) فلپائن کے جزیرے منڈاناؤ کے قریب زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

    ’’جنگ ‘‘ کے مطابق جرمن ریسرچ سینٹر برائے ارضیاتی علوم (جی ایف زیڈ) کے مطابق زلزلے کی شدت 5.81 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کی گہرائی 10 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔

    فلپائنی زلزلہ پیما مرکز نے کہا ہے کہ سمندر میں آنے والے اس زلزلے کے نتیجے میں کسی جانی یا مالی نقصان یا آفٹر شاکس کی توقع نہیں ہے۔

  • بھارتی ریاست ہریانہ میں شوہر نے نئی نویلی دلہن کو قتل کیا پھر گرل فرینڈ کیساتھ نیپال فرار ہو گیا

    بھارتی ریاست ہریانہ میں شوہر نے نئی نویلی دلہن کو قتل کیا پھر گرل فرینڈ کیساتھ نیپال فرار ہو گیا

    ہریانہ ( مانیٹرنگ ڈیسک ) بھارتی ریاست ہریانہ کے ضلع گروگرام میں شوہر نے اپنی نئی نویلی دلہن کو قتل کیا اور پھر گرل فرینڈ کے ساتھ نیپال فرار ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق  ضلع گروگرام کے علاقے مانیسر میں پیش آیا، جہاں 25 سالہ شوہر انکیت نے مبینہ طور پر اپنی بیوی کو گولی مار کر قتل کر دیا ۔واقعہ اس وقت سامنے آیا جب لڑکی کی والدہ نے 22 مئی کو پولیس اسٹیشن میں بیٹی کے شوہر اور سسرال والوں کے خلاف مقدمہ درج کروایا۔خاتون نے مؤقف اختیار کیا کہ میری بیٹی کی شادی رواں سال فروری میں انکیت سے ہوئی تھی، بیٹی سے رابطہ کرنے کی کوشش کی تو کوئی جواب نہیں ملا پھر سسرال والوں سے رابطہ کیا تو انہوں نے بھی کوئی تسلی بخش جواب نہیں دیا۔

    ’’جنگ ‘‘ کے مطابق پولیس کی تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ انکیت نے اپنی گرل فرینڈ رجنی کے ساتھ مل کر بیوی کو قتل کر دیا ہے جس کی لاش گرل فرینڈ کے کرائے پر لیے ہوئے کمرے سے برآمد ہوئی۔انکیت کی شادی کو صرف 3 ماہ ہی ہوئے تھے جبکہ گرل فرینڈ رجنی کے ساتھ اس کا گزشتہ 3 سال سے تعلق تھا۔انکیت اور رجنی قتل کرنے کے بعد نیپال فرار ہو گئے تھے اور جیسے ہی بھارت واپس آئے تو انہیں کرائم برانچ کی ٹیم نے فوری طور پر گرفتار کر لیا۔

  • آبنائے ہرمز غیرعلاقائی طاقتوں کے فوجی مظاہرے کا میدان نہیں، ایران نے خبردار کردیا

    آبنائے ہرمز غیرعلاقائی طاقتوں کے فوجی مظاہرے کا میدان نہیں، ایران نے خبردار کردیا

    تہران ( مانیٹرنگ ڈیسک )ایران نے  غیر ملکی فورسز کو آبنائے ہرمز میں کسی بھی قسم کی فوجی نقل و حرکت سے خبردار کردیا۔

    ’’جیو نیوز ‘‘ کے مطابق ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز غیرعلاقائی طاقتوں کے فوجی مظاہرے کا میدان نہیں ہے، آبنائےہرمزکی سلامتی کا ضامن ہونے کے ناطے آبی گزرگاہ میں کسی بھی فوجی نقل و حرکت کے خلاف خبردار کرتے ہیں۔آبنائے ہرمز کی سلامتی ساحلی ریاستوں کی ذمہ داری ہے، بحران پیدا کرنے والے اپنی مہم جوئی کے نتائج کے ذمہ دارخود ہوں گے۔

    سوشل میڈیا پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز کی سلامتی کا ضامن ہونے کے ناتے آبی گزر گاہ میں کسی بھی فوجی نقل و حرکت کے خلاف خبردار کرتے ہیں۔ آبنائے ہرمز کی سلامتی ساحلی ریاستوں کی ذمے داری ہے۔

    ’’جنگ ‘‘ کے مطابق کاظم غریب آبادی نے فرانس اور برطانیہ کے مشترکہ بیان پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ فرانس اور برطانیہ آبنائے ہرمز میں محفوظ جہاز رانی کے لیے وسیع کثیر الملکی فوجی مشن تعینات کرنے کے لیے تیار ہیں۔

  • خاتون نے شوہر کو قتل کر کے باتھ روم میں دفن کر دیا، 45 دن بعد راز کیسے فاش ہوا ۔۔؟ جانیے

    خاتون نے شوہر کو قتل کر کے باتھ روم میں دفن کر دیا، 45 دن بعد راز کیسے فاش ہوا ۔۔؟ جانیے

    آگرہ ( مانیٹرنگ ڈیسک ) بھارت میں خاتون نے شوہر کو قتل کر کے باتھ روم میں دفن کر دیا، 45 دن بعد راز کیسے  فاش ہوا ۔۔؟ اس حوالے سے اہم تفصیلات سامنے آئی ہیں ۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق  ریاست اتر پردیش کے شہر آگرہ میں ایک خاتون کو اپنے شوہر کے مبینہ قتل اور لاش گھر کے باتھ روم میں دفن کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ملزمہ کا شوہر سریندر شرما گزشتہ 45 دن سے لاپتہ تھا، ملزمہ ہی نے اپنے شوہر کی گمشدگی کی اطلاع پولیس کو دی تھی، تفتیش کے دوران ملزمہ روبی پولیس کے ساتھ شوہر کی تلاش کا ڈرامہ کرتی رہی اور اہلِ محلہ کے سامنے غم زدہ ہونے کا تاثر بھی دیتی رہی۔

    ’’جنگ ‘‘ کے مطابق پولیس کو اس وقت اہم پیش رفت ملی جب مقتول کے بھائی نے روبی کے بیانات پر شُبہ ظاہر کیا۔ملزمہ سے کی گئی سخت پوچھ گچھ کے بعد پولیس نے مزدوروں کی مدد سے باتھ روم کا فرش توڑا اور اس کے نیچے سے سریندر شرما کی لاش برآمد کر لی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ  مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ قتل اور لاش چھپانے میں کوئی اور شخص بھی ملوث تھا یا نہیں۔

  • روس کا یوکرین کے ایک اور شہر پر قبضے کا دعویٰ

    روس کا یوکرین کے ایک اور شہر پر قبضے کا دعویٰ

    ماسکو ( مانیٹرنگ ڈیسک ) روس نے یوکرین کے ایک اور شہر پر قبضے کا دعویٰ کیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق روس نے یوکرین کے شہر کوستیان تینیوکا پر قبضے کا دعویٰ کیا ہے۔’’جیو نیوز ‘‘ کے مطابق  روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا کہ یہ پیشرفت یوکرین کے پورے ڈونئیسک ریجن پر قبضے کی جانب پہلا مگر کلیدی قدم ہے۔

    روسی صدر نے مستقبل میں اہم فیصلوں کیلئے یوکرین پر حملے بڑھانے اور یوکرینی دستوں میں غیرملکیوں کی اصل تعداد جاننے پر زور دیا ہے۔

    ’’جنگ ‘‘ کے مطابق صدر پیوٹن نے فوج کے سپورٹ پوائنٹ کا دورہ کیا جہاں انہیں محاذ جنگ سے متعلق بریفنگ دی گئی۔روس کے صدر کا کہنا تھا کہ بھاری جانی نقصان کے سبب یوکرینی فوج پسپائی اختیار کررہی ہے۔ لوہانسک پرمکمل قبضہ کیاجاچکا ہے جبکہ ڈونیئسک، زیفوریزیا اور خیرسوں علاقوں میں یوکرینی فوج کیخلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ یوکرینی فوج جس قدر انفراسٹرکچر پر حملے کرے گی، سیکیورٹی زون کو اتنی ہی وسعت دی جائے گی۔

  • مالدووا کے وزیراعظم کا مستعفی ہونے کا اعلان

    مالدووا کے وزیراعظم کا مستعفی ہونے کا اعلان

    کیشیناؤ (مانیٹرنگ ڈیسک)مالدووا کے وزیراعظم الیگزینڈرو مونٹینو نے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا۔

    ’’ شنہوا‘‘ کے مطابقالیگزینڈرو مونٹینو نےسوشل میڈیا پلیٹ فارم’’ ایکس‘‘ پر جاری بیان میں کہاکہ آج وزیراعظم کے طور پر میری مدتِ کار اختتام پذیر ہو رہی ہے۔ جب مجھے احساس ہوا کہ میں اپنے اصولوں اور یقین کے مطابق اپنی ذمہ داریاں مزید انجام نہیں دے سکتا تو میں نے استعفا دینے کا فیصلہ کیا۔

     یاد رہے کہ الیگزینڈرو مونٹینو نومبر 2025 سے وزیراعظم کے منصب پر فائز تھے۔

  • وینزویلا میں زلزلے سے اموات 2500 سے متجاوز، 189 عمارتیں مکمل تباہ، ریاست لاگویرا میں تمام سرکاری اہلکار ہلاک، ریسکیو آپریشن جاری

    وینزویلا میں زلزلے سے اموات 2500 سے متجاوز، 189 عمارتیں مکمل تباہ، ریاست لاگویرا میں تمام سرکاری اہلکار ہلاک، ریسکیو آپریشن جاری

    کاراکاس( مانیٹرنگ ڈیسک )وینزویلا میں زلزلے سے اموات 2500 سے متجاوز، 189 عمارتیں مکمل تباہ، ریاست لاگویرا میں تمام سرکاری اہلکار موت کے منہ میں چلے گئے ۔

    ’’جیو نیوز ‘‘ کے مطابق وینزویلا کی عبوری صدر روڈریگز کا کہنا ہے کہ زلزلوں سے ہلاکتوں کی تعداد 2600 تک پہنچ گئی ہے۔ ریاست لاگویرا میں تقریباً تمام سرکاری اہلکار زلزلوں میں جان کی بازی ہار گئے، زلزلے کے باعث 189 عمارتیں مکمل تباہ ہو گئیں۔سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے، امدادی کارروائیاں ختم نہیں کیں، آئی ایم ایف کے ساتھ مل کر 20 کروڑ ڈالر کا تعمیر نو فنڈ قائم کیا جا رہا ہے۔

    عبوری صدر وینزویلا روڈریگز کے مطابق آئی ایم ایف اور عالمی بینک نے مالی امداد اور قرض کی پیشکش کی ہے، آئی ایم ایف فنڈ سے جاری ہونے والی رقم گھروں کی تعمیر کے لیے استعمال کی جائے گی۔

    واضح  رہے کہ وینزویلا میں آنے والے زلزلے کے نتیجے میں زخمیوں کی تعداد 11 ہزار تک پہنچ چکی ہے جبکہ 43 ہزار سے زائد افراد تاحال لاپتہ  ہیں۔ اقوام متحدہ کے مطابق زلزلہ متاثرین کی تعداد 68 لاکھ تک ہوسکتی ہے۔

  • فرانسیسی عدالت نے جانوروں سے زیادتی کے الزام میں نوجوان کو 30 ماہ قید کی سزا سنادی

    فرانسیسی عدالت نے جانوروں سے زیادتی کے الزام میں نوجوان کو 30 ماہ قید کی سزا سنادی

    پیرس(زاہد مصطفیٰ اعوان )جانوروں سے جنسی زیادتی کے الزام میں نوجوان کو 30 ماہ قید، سزا کے بعد ملک بدری کا حکم دیدیا گیا.تفصیل کے مطابق 
    فرانس کی ایک عدالت نے 19 سالہ افغان شہری کو بھیڑ اور بکریوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے جرم میں 30 ماہ قید کی سزا سناتے ہوئے سزا مکمل ہونے کے بعد ملک بدر کرنے کا بھی حکم دے دیا۔

    فرانسیسی میڈیا کے مطابق یہ واقعات مارسائی کے قریب واقع ایک جانوروں کے شیلٹر ہوم میں رواں سال فروری سے اپریل کے دوران پیش آئے۔ جانوروں کی دیکھ بھال کرنے والے عملے نے کئی بھیڑوں اور بکریوں کی ٹانگیں بندھی ہوئی اور جسم پر زخم دیکھنے کے بعد حکام کو اطلاع دی، جبکہ جانوروں کے ڈاکٹر نے بھی ان پر جنسی تشدد کی تصدیق کی۔

    تحقیقات کے دوران شیلٹر ہوم انتظامیہ نے نگرانی کے لیے کیمرے نصب کیے، جن کی مدد سے ملزم کی شناخت ممکن ہوئی۔ عدالت نے حکم دیا کہ سزا مکمل ہونے کے بعد ملزم کو فرانس سے بے دخل کیا جائے، جبکہ اس کا نام جنسی اور پرتشدد جرائم کے ریکارڈ میں بھی شامل کیا جائے گا۔

    اس واقعے نے فرانس میں جانوروں کے تحفظ اور ان کے ساتھ بدسلوکی کے خلاف قوانین پر ایک بار پھر توجہ مرکوز کر دی ہے۔