Category: بین الاقوامی

  • جرمنی ،ہسپتال میں آگ لگنے سے 2 افرادہلاک، 34 زخمی

    جرمنی ،ہسپتال میں آگ لگنے سے 2 افرادہلاک، 34 زخمی

    برلن (مانیٹرنگ ڈیسک)جرمنی کے شمال مشرقی شہر لودوِگس لسٹ میں ہسپتال میں آگ لگنے سے 2 افراد ہلاک اور 34 زخمی ہوگئے۔

    ’’ شنہوا‘‘ کے مطابق مقامی حکام نے بتایا ہے کہ آگ  صبح مقامی وقت کے مطابق تقریباً ساڑھے چار بجے ہسپتال کے ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ کی عمارت کی چھت میں لگی ۔ فائر بریگیڈ زنے کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا، تاہم حکام ابھی تک آگ لگنے کی وجہ کا تعین نہیں کر سکے۔ احتیاطی تدابیر کے تحت ہسپتال اور اس سے ملحقہ عمارتوں کو خالی کرایا جا رہا ہے۔

     فائر حکام کے مطابق مریضوں کو ہسپتال کے احاطے میں قائم محفوظ مقام پر منتقل کر کے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

  • وینزویلا میں زلزلوں سے ہونیوالے جانی نقصان پر 7روزہ قومی سوگ کا اعلان

    وینزویلا میں زلزلوں سے ہونیوالے جانی نقصان پر 7روزہ قومی سوگ کا اعلان

    کاراکس ( مانیٹرنگ ڈیسک ) وینزویلا میں زلزلوں سے ہونے والے جانی نقصان پر ایک ہفتے کے سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔

    ’’جیو نیوز ‘‘ نے غیر ملکی میڈیا کے حوالے سے بتایا کہ  قائم مقام صدر ڈیلسی روڈریگز نے زلزلوں سے ہونے والے جانی نقصان پر ملک بھر میں آج سے 7 روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا ہے۔زلزلوں سے ہلاکتوں کی تعداد 2300 تک پہنچ گئی جبکہ 10 ہزار 571 افراد زخمی اور 43 ہزار سے زائد افراد لاپتہ  ہیں۔

    ادھر اقوام متحدہ کی جانب سے یہ خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ زلزلہ متاثرین کی تعداد 68 لاکھ تک ہوسکتی ہے۔

    اقوام متحدہ کے پناہ گزین ادارے یو این ایچ سی آر کے مطابق شہر لا گوائرا جو دارالحکومت کاراکاس کے شمال میں واقع ہے، زلزلے سے سب سے زیادہ متاثر ہوا وہاں خوراک کی شدید قلت ہے، بنیادی سہولیات تباہ ہو چکی ہیں اور مواصلاتی نظام تقریباً منقطع ہو گیا ہے۔

  • روس کے یوکرین کے مختلف علاقوں پر ڈرونز اور میزائلوں سے حملے، 8 افراد ہلاک، 34 سے زائد زخمی

    روس کے یوکرین کے مختلف علاقوں پر ڈرونز اور میزائلوں سے حملے، 8 افراد ہلاک، 34 سے زائد زخمی

    ماسکو ( مانیٹرنگ ڈیسک ) روس نے یوکرین کے مختلف علاقوں پر ڈرونز اور میزائلوں سے حملے کیے، جس کے نتیجے میں کم از کم 8 افراد ہلاک جبکہ 34 سے زائد زخمی ہو گئے۔

    ’’جنگ ‘‘ کے مطابق یوکرینی فوج کے مطابق حملوں میں رہائشی عمارتوں کو بھی نشانہ بنایا گیا، جس کے باعث بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا۔

    مقامی حکام کا کہنا ہے کہ حملوں کے نتیجے میں ایک ہوٹل میں آگ بھڑک اٹھی، جبکہ ایک 6 منزلہ رہائشی عمارت مکمل طور پر منہدم ہو گئی۔امدادی ٹیمیں ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے اور متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

    دوسری جانب روسی وزارتِ دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ روسی افواج نے یوکرین کے دنیپروپیٹروسک اور پولتاوا کے علاقوں میں واقع ایئرپورٹس کو نشانہ بنایا ہے۔ فضائی، زمینی، بحری راستوں سے طویل فاصلے تک مار کرنے والے جدید ہتھیاروں اور ڈرونز سے بڑے پیمانے پرحملہ کیا گیا۔

  • متحدہ عرب امارات میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی 

    متحدہ عرب امارات میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی 

    ابوظہبی(ڈیلی پاکستان آن لائن)متحدہ عرب امارات میں جولائی کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کردی گئی۔

    یہ کمی گزشتہ پانچ ماہ میں پہلی کمی ہے، اس سے قبل عوام مہنگا پیٹرول خریدنے پر مجبور تھی۔

    پیٹرول سپر 98کی نئی قیمت 3.40 درہم فی لیٹر (تقریباً 257.38 پاکستانی روپے) مقرر کی گئی ہے جو جون کی قیمتوں سے تقریباً 14 فیصد کم ہے جبکہ ڈیزل کی قیمت 3.60 درہم مقرر کی گئی ہے۔

  • نامعلوم ہیکرز کی جانب سے بھارتی نیوز چینلز ہیک کر لیے گئے، بھارت کو واضح پیغام

    نامعلوم ہیکرز کی جانب سے بھارتی نیوز چینلز ہیک کر لیے گئے، بھارت کو واضح پیغام

    نئی دہلی(ڈیلی پاکستان آن لائن)نامعلوم ہیکرز نے بھارتی نیوز چینلز ٹی وی 9 تیلگو اور فریڈم ٹی وی کنڑ کو ہیک کر لیا۔

    بھارتی صدر کی تقریر کے دوران ہیکرز کی جانب سے ٹی وی 9 تیلگو چینل پر پاکستان کا قومی ترانہ چلا دیا گیا، ہیکرز نے بھارتی صدر کے خطاب کے دوران ٹی وی 9 تیلگو چینل اور فریڈم ٹی وی کنڑ کے نشریاتی سسٹم تک رسائی حاصل کی۔

    اس کارروائی کے دوران ہیکرز کی جانب سے بھارت کو تنبیہ کی گئی کہ پاکستان سے چھیڑ چھاڑ نہ کی جائے۔ 
    چینلز کی نشریات کے متاثر ہونے پر مختلف دعوے اور قیاس آرائیاں سامنے آ رہی ہیں۔

    ٹی وی 9 تیلگو کے سوشل میڈیا پر 14 ملین اور فریڈم ٹی وی کنڑ کے 1ملین سے زیادہ فالورز موجود ہیں۔

    ماہرین کے مطابق مودی سرکار اور گودی میڈیا پاکستان مخالف پراپیگنڈے میں مصروف رہتا ہے مگر ہیکرز نے اس نظام کی قلعی کھول دی ہے، چوٹی کے بھارتی نیوز چینل کو ہیک کر کے پاکستانی ترانہ چلائے جانے سے بھارت کی ناقص سائبر سیکیورٹی بے نقاب ہوگئی ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ وشوا گرو اور شائننگ انڈیا کے دعوے کرنے والا بھارت کا انفارمیشن ٹیکنالوجی نظام مکمل طور پر غیر محفوظ ہے۔

  • ایران: آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کی آخری رسومات کے موقع پر عام تعطیل اور یومِ سوگ کا اعلان

    ایران: آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کی آخری رسومات کے موقع پر عام تعطیل اور یومِ سوگ کا اعلان

    تہران(ڈیلی پاکستان آن لائن)ایرانی حکومت نے سابق سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کی آخری رسومات کے موقع پر 6 جولائی کو ایران بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔

    ایرانی حکومت کے ترجمان کے مطابق 8 جولائی کو ملک بھر میں یومِ سوگ بھی منایا جائے گا۔

    یاد رہے کہ ایران کے شہید رہنما سپریم لیڈر علی خامنہ ای 28 فروری کو ایران پر ابتدائی امریکی حملے میں شہید ہوئے تھے۔ 
    واضح رہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف جولائی کے پہلے ہفتے میں ایران کا دورہ کریں گے۔

    ذرائع کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف آیت اللّٰہ خامنہ ای کی نمازِ جنازہ میں شرکت کریں گے۔

    دورۂ ایران مکمل کرنے کے بعد وزیرِ اعظم ترکیہ بھی جائیں گے۔

  • امریکہ کیساتھ کسی بھی جامع معاہدے پر باضابطہ مذاکرات کا آغاز ابھی نہیں ہوا: ایران

    امریکہ کیساتھ کسی بھی جامع معاہدے پر باضابطہ مذاکرات کا آغاز ابھی نہیں ہوا: ایران

    تہران(ڈیلی پاکستان آن لائن )ایران نے واضح کیا ہے کہ امریکا کے ساتھ کسی بھی جامع معاہدے پر باضابطہ مذاکرات کا آغاز ابھی نہیں ہوا ہے۔

    ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے سرکاری نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان اس وقت کسی حتمی معاہدے کے لیے مذاکراتی مرحلہ شروع نہیں ہوا۔

    ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک ابھی ایسے مرحلے میں داخل نہیں ہوئے جہاں کسی جامع یا حتمی معاہدے پر باقاعدہ بات چیت کی جا رہی ہو۔

    ترجمان نے اس حوالے سے گردش کرنے والی خبروں پر وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ سفارتی رابطوں کو حتمی معاہدے کے لیے باضابطہ مذاکرات قرار دینا درست نہیں۔ ان کے مطابق مستقبل میں کسی بھی پیش رفت کا انحصار دونوں فریقوں کے درمیان ہونے والے آئندہ سفارتی رابطوں اور باہمی فیصلوں پر ہوگا۔

    یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حالیہ دنوں امریکا اور ایران کے درمیان سفارتی رابطوں، مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد اور تکنیکی سطح کے مذاکرات سے متعلق مختلف اطلاعات سامنے آ رہی ہیں۔ تاہم ایران نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ حتمی معاہدے، بالخصوص جوہری پروگرام کے حوالے سے باقاعدہ مذاکرات کا عمل ابھی شروع نہیں ہوا۔

  • ویتنام نے سوشل میڈیا پر جعلی اور گمراہ کن معلومات پھیلانے والوں کیخلاف بھاری جرمانوں کا اعلان کر دیا

    ویتنام نے سوشل میڈیا پر جعلی اور گمراہ کن معلومات پھیلانے والوں کیخلاف بھاری جرمانوں کا اعلان کر دیا

    ہنوئی (مانیٹرنگ ڈیسک)ویتنام نے یکم جولائی سے سوشل میڈیا پر جعلی، گمراہ کن، مسخ شدہ یا ہتک آمیز معلومات پھیلانے والوں پر2 تا3 کروڑ ویتنامی ڈونگ تک جرمانے عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    ’’شنہوا‘‘ کے مطابق یہ جرمانہ ان افراد پر بھی لاگو ہوگا جو قتل، تشدد، حادثات یا دیگر دل دہلا دینے والے مناظر کی تصاویر یا ویڈیوز شیئر کریں، کاپی رائٹ کے حامل صحافتی، ادبی یا فنی مواد کو اجازت کے بغیر پھیلائیں، ممنوعہ اشیاء یا خدمات کی تشہیر کریں، ویتنام کی خودمختاری کو غلط انداز میں ظاہر کرنے والے نقشے شائع کریں یا ملکی قوانین کے تحت ممنوع آن لائن مواد کے روابط شیئر کریں۔

    نئے ضوابط کے مطابق تاریخ کو مسخ کرنے، انقلابی کامیابیوں سے انکار، قومی اتحاد کو نقصان پہنچانے، مذاہب کی توہین، یا جنس اور نسل کی بنیاد پر نفرت انگیزی پر مشتمل مواد شیئر کرنے پر 3 کروڑ سے  5 کروڑ ویتنامی ڈونگ تک جرمانہ کیا جائے گا، بشرطیکہ یہ جرم فوجداری کارروائی کے دائرے میں نہ آتا ہو۔اسی نوعیت کا جرمانہ ریاستی راز، ذاتی رازداری یا دیگر خفیہ معلومات افشا کرنے، عوام میں خوف و ہراس پھیلانے والی جھوٹی معلومات نشر کرنے، سماجی و معاشی سرگرمیوں یا سرکاری اداروں کے کام میں رکاوٹ ڈالنے، یا افراد اور اداروں کے قانونی حقوق کو نقصان پہنچانے والی جھوٹی معلومات پھیلانے پر بھی عائد کیا جائے گا، اگر یہ کارروائیاں فوجداری مقدمے کی حد تک نہ پہنچتی ہوں۔

  • ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی کی فرانسیسی ہم منصب سے ٹیلیفونک گفتگو ، مفاہمتی یادداشت پر تبادلۂ خیال

    ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی کی فرانسیسی ہم منصب سے ٹیلیفونک گفتگو ، مفاہمتی یادداشت پر تبادلۂ خیال

    تہران ( مانیٹرنگ ڈیسک ) ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی اور فرانسیسی وزیرِ خارجہ جین نول بیروٹ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔

    ’’جنگ ‘‘ کے مطابق عباس عراقچی اور جین نول بیروٹ نے گفتگو کے دوران امریکہ اور ایران کے درمیان مفاہمتی یادداشت سے متعلق تازہ ترین علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت کا جائزہ لیا۔

    ایرانی میڈیا کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے مفاہمتی یادداشت کے مختلف پہلوؤں پر تبادلۂ خیال کیا اور اس حوالے سے موجودہ صورتِ حال پر گفتگو کی۔

  • سعودی ولی عہد اور فرانسیسی صدر کا آبنائے ہرمز میں آزادانہ جہاز رانی پر زور

    سعودی ولی عہد اور فرانسیسی صدر کا آبنائے ہرمز میں آزادانہ جہاز رانی پر زور

    ریاض(ڈیلی پاکستان آن لائن) فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں آبنائے ہرمز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

    سعودی میڈیا کے مطابق دونوں رہنماؤں نے امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا، خطے میں امن و استحکام کے لیے جاری کوششوں کا جائزہ بھی لیا گیا۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق فرانسیسی صدر اور سعودی ولی عہد نے علاقائی سلامتی کو یقینی بنانے پر زور دیا، ایران امریکا کشیدگی میں کمی کے لیے سفارتی اقدامات کی اہمیت پر زور دیا۔

    اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے آبنائے ہرمز میں آزادانہ جہاز رانی کو ناگزیر قرار دیا۔