Category: کھیل

  • فیفا ورلڈکپ: گارڈ نے ہسپانوی کھلاڑی کو ٹریننگ کیمپ میں داخلے سے روک دیا

    فیفا ورلڈکپ: گارڈ نے ہسپانوی کھلاڑی کو ٹریننگ کیمپ میں داخلے سے روک دیا

    اسپین کی قومی فٹبال ٹیم کے فارورڈ بورخا ایگلیسیاس کے ساتھ ایک دلچسپ اور مزاحیہ واقعہ پیش آیا جب وہ ٹیم کے ٹریننگ کیمپ میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔

    ذرائع کے مطابق ٹینیسی میں اپنی ٹیم کے آرام والے دن بورخا ایگلیسیاس اپنی گرل فرینڈ اور دوستوں کے ہمراہ واک کے بعد واپس کیمپ پہنچے تو گیٹ بند تھا۔

    انہوں نے سیکیورٹی اہلکاروں کو بتایا کہ وہ قومی ٹیم کے کھلاڑی ہیں اور انہیں اندر جانا ہے تاہم حیران کن طور پر اہلکار انہیں پہچان نہ سکے۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اس صورتحال پر کیمپ کے باہر موجود شائقین بھی محظوظ ہوئے اور اس بات پر حیرانی کا اظہار کیا کہ ٹیم کے ایک معروف کھلاڑی کو ہی سیکیورٹی نے نہیں پہچانا۔

     کچھ لمحوں تک کشیدگی اور مزاحیہ صورتحال برقرار رہی۔ بعد ازاں بورخا نے فون پر متعلقہ افراد سے رابطہ کیا جس کے بعد انہیں اندر جانے کی اجازت ملی۔

  • ویرات کوہلی اور روہت شرما کی ورلڈ کپ 2027 میں شرکت سے متعلق بھارتی بورڈ کا موقف سامنے آگیا

    ویرات کوہلی اور روہت شرما کی ورلڈ کپ 2027 میں شرکت سے متعلق بھارتی بورڈ کا موقف سامنے آگیا

    بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سیکریٹری دیواجیت سائیکیا نے واضح کیا ہے کہ ورلڈ کپ 2027 کے لیے ٹیم کی منصوبہ بندی اور کھلاڑیوں سے متعلق مشاورتیں عوامی بحث کا حصہ نہیں بنائی جائیں گی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق روہت شرما اور ویرات کوہلی اس وقت صرف ون ڈے انٹرنیشنل فارمیٹ میں بھارت کی نمائندگی کر رہے ہیں جبکہ دونوں سابق کپتانوں کی ورلڈ کپ 2027 میں شمولیت پر مسلسل قیاس آرائیاں جاری ہیں۔

    اس حوالے سے حالیہ انٹرویو میں سیکریٹری دیواجیت سائیکیا نے کہا ہے کہ ٹیم سے متعلق تمام فیصلے بند کمروں میں کیے جاتے ہیں اور انہیں میڈیا کے سامنے لانا مناسب نہیں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سلیکٹرز، ہیڈ کوچ اور دیگر متعلقہ حکام کے درمیان ٹیم کے مستقبل کے حوالے سے مسلسل مشاورت جاری رہتی ہے ہم ایسی اندرونی معلومات میڈیا کے سامنے ظاہر نہیں کر سکتے کیونکہ یہ مکمل طور پر اسٹریٹجک نوعیت کے فیصلے ہوتے ہیں جو بورڈ کی سطح پر ہی رہتے ہیں۔

  • فیفا ورلڈکپ: میسی بڑی مشکل میں پھنس گئے؟ الجیریا نے فیفا میں شکایت جمع کروا دی

    فیفا ورلڈکپ: میسی بڑی مشکل میں پھنس گئے؟ الجیریا نے فیفا میں شکایت جمع کروا دی

    الجیریا نے ورلڈ کپ 2026 میں ارجنٹینا کے ہاتھوں 0-3 کی شکست کے بعد میچ آفیشلز کی کارکردگی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے فیفا کی ریفریز کمیٹی میں باضابطہ شکایت جمع کرا دی ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق الجیریا نے اپنی شکایت میں خاص طور پر پہلے ہاف کے ایک واقعے کا حوالہ دیا ہے، جس میں ارجنٹائن کے کپتان لیونل میسی مبینہ طور پر الجیریا کے کپتان عیسیٰ ماندی کی پنڈلی پر چڑھ گئے تھے۔

    الجیریا کے کھلاڑیوں اور شائقین نے اس موقع پر میسی کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا تھا تاہم ریفری نے کوئی سزا نہیں دی۔

    میسی بعد ازاں میچ میں ہیٹ ٹرک اسکور کرنے میں کامیاب رہے اور ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔

    میچ کے بعد تجزیہ کاروں نے بھی میسی کو ریڈ کارڈ نہ دکھائے جانے پر شدید حیرت کا اظہار کیا تھا۔

    الجیریا نے ایک اور واقعے کی بھی نشاندہی کی ہے جس میں ارجنٹائن کے مڈفیلڈر الیکسس میک ایلسٹر پر الزام ہے کہ انہوں نے ابراہیم مازا کے چہرے پر کہنی ماری لیکن اس پر بھی کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔

    اس معاملے نے سوشل میڈیا پر بھی بحث چھیڑ دی ہے جہاں کئی صارفین سوال اٹھا رہے ہیں کہ آیا میسی کی عالمی شہرت نے ریفری کے فیصلوں پر اثر ڈالا۔

    دوسری جانب جنوبی افریقا کے کوچ ہیوگو بروس نے بھی اس معاملے کا حوالہ دیتے ہوئے اپنے کھلاڑی کو دی گئی سخت سزا پر اعتراض کیا ہے۔

  • سینیئر اسپورٹس جرنلسٹ قمر احمد انتقال کر گئے

    سینیئر اسپورٹس جرنلسٹ قمر احمد انتقال کر گئے

    پاکستان کے معروف اور سینیئر اسپورٹس صحافی قمر احمد 88 برس کی عمر میں کراچی میں انتقال کر گئے۔

    اہل خانہ کے مطابق قمر احمد دل کے عارضے میں مبتلا تھے اور کافی عرصے سے علیل تھے۔ ان کے انتقال کی خبر پر صحافتی، کرکٹ اور اسپورٹس حلقوں میں گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

    قمر احمد کا شمار پاکستان کے ابتدائی اور ممتاز کرکٹ صحافیوں میں ہوتا تھا۔ انہوں نے اپنی طویل صحافتی زندگی میں میں 400 سے زائد ٹیسٹ میچز اور 600 سے زائد ایک روزہ بین الاقوامی میچز کی کوریج کی جبکہ متعدد آئی سی سی ایونٹس کی رپورٹنگ بھی کی۔

    23 اکتوبر 1937 کو بھارتی ریاست اتر پردیش میں پیدا ہونے والے قمر احمد نے صحافت کے میدان میں بین الاقوامی سطح پر اپنی شناخت بنائی۔ وہ ایک طویل عرصے تک انگلینڈ میں بھی مقیم رہے اور عالمی کرکٹ پر گہری نظر رکھنے والے تجزیہ کار کے طور پر شہرت حاصل کی۔

    صحافت کے ساتھ ساتھ قمر احمد نے فرسٹ کلاس کرکٹ بھی کھیلی۔ انہوں نے 17 فرسٹ کلاس میچز میں شرکت کی اور قائداعظم ٹرافی میں حیدرآباد ٹیم کی قیادت کا اعزاز بھی حاصل کیا۔

    قمر احمد کو دنیا کے ممتاز کرکٹ رائٹرز اور تجزیہ کاروں میں شمار کیا جاتا تھا جن کی تحریریں اور تجزیے کرکٹ شائقین اور ماہرین کے لیے ہمیشہ اہمیت کے حامل رہے۔

    مرحوم کی نماز جنازہ آج بعد نماز مغرب ڈی ایچ اے فیز 4 کراچی میں واقع بیت السلام مسجد میں ادا کی جائے گی۔

    ان کے انتقال سے پاکستان کی اسپورٹس جرنلزم ایک ایسے نامور صحافی سے محروم ہوگئی ہے جس نے کئی دہائیوں تک کرکٹ کی رپورٹنگ اور تجزیے کے میدان میں نمایاں خدمات انجام دیں۔

  • بھارتی کرکٹ بورڈ نے آئی پی ایل شیڈول میں تبدیلی پر غور شروع کر دیا

    بھارتی کرکٹ بورڈ نے آئی پی ایل شیڈول میں تبدیلی پر غور شروع کر دیا

    بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے کھلاڑیوں اور شائقین کو شدید گرمی سے بچانے کے لیے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کا شیڈول تبدیل کرنے پر غور شروع کر دیا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق مجوزہ منصوبے کے تحت 2027 سے آئی پی ایل کا آغاز تقریباً 10 مارچ کو جبکہ اختتام 15 مئی کے آس پاس کیا جا سکتا ہے جو موجودہ شیڈول کے مقابلے میں تقریباً دو ہفتے پہلے ہوگا۔

    واضح رہے کہ آئی پی ایل 2026 کا انعقاد 28 مارچ سے 31 مئی تک ہوا تھا جبکہ گزشتہ کئی برسوں سے ٹورنامنٹ عموماً مارچ کے آخر سے مئی کے اختتام یا جون کے آغاز تک جاری رہتا ہے۔

    تاہم بی سی سی آئی حکام اب ٹورنامنٹ کو پہلے شروع کرنے کے مختلف آپشنز کا جائزہ لے رہے ہیں۔ اس فیصلے کی بنیادی وجہ ایونٹ کے آخری مرحلے کے دوران بڑھتی ہوئی گرمی اور پری مون سون بارشوں کے خدشات ہیں۔

    بی سی سی آئی کے سیکریٹری دیواجیت سائکیا نے کہا کہ شیڈول میں تبدیلی کا مقصد کھلاڑیوں اور شائقین دونوں کے لیے بہتر ماحول فراہم کرنا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ مئی کے وسط کے بعد درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ ہو جاتا ہے جبکہ بعض علاقوں میں پری مون سون بارشوں کا سلسلہ بھی شروع ہو جاتا ہے جس سے میچز کے انعقاد میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔

    دیواجیت سائیکیا نے کہا کہ اس سال آئی پی ایل 28 مارچ کو شروع ہوا اور 31 مئی کو ختم ہوا۔ 15 مئی کے بعد بارشوں اور پری مون سون سیزن کے آغاز کا خدشہ پیدا ہو جاتا ہے جبکہ شدید گرمی بھی کھلاڑیوں اور تماشائیوں کے لیے موزوں نہیں ہوتی۔

    ذرائع کے مطابق مجوزہ تبدیلی کے تحت بی سی سی آئی ملکی ڈومیسٹک کرکٹ کیلنڈر میں بھی ردوبدل کر سکتا ہے تاکہ تمام مقامی ٹورنامنٹس 10 مارچ تک مکمل ہو جائیں اور آئی پی ایل کا فوری آغاز ممکن بنایا جا سکے۔

  • فاطمہ ثناء نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں کئی ریکارڈز اپنے نام کرلیے

    فاطمہ ثناء نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں کئی ریکارڈز اپنے نام کرلیے

    پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثناء نے شاندار آل راؤنڈ کھیل پیش کرتے ہوئے ایک منفرد ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقا کے خلاف آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میچ میں فاطمہ ثناء کی شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کے باجود پاکستان ٹیم کو دو وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

    پاکستانی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مشکلات کا شکار تھی اور ایک وقت پہ 50 رنز پر آٹھ کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے لیکن فاطمہ ثناء نے ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 38 گیندوں پر ناقابل شکست 55 رنز بنائے۔

    ان کی اننگز میں چھ چوکے اور دو چھکے شامل تھے جبکہ یہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ان کی پہلی نصف سنچری بھی تھی۔

    اس دوران انہوں نے طوبیٰ حسن کے ساتھ ریکارڈ پارٹنرشپ بھی قائم کی۔

    وہ ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تاریخ میں آٹھویں یا اس سے نچلے نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے سب سے بڑا اسکور کرنے والی کھلاڑی بھی بن گئیں۔

    ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقی ٹیم باآسانی کامیابی کی جانب بڑھ رہی تھی مگر فاطمہ ثناء نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 16 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں اور میچ کو دلچسپ بنا دیا۔

    انہوں نے اہم مواقع پر حریف ٹیم کے نمایاں بلے بازوں کو آؤٹ کیا تاہم جنوبی افریقا نے آخرکار ہدف حاصل کر لیا۔

    تاہم فاطمہ ثناء ایک ہی ٹی ٹوئنٹی میچ میں نصف سنچری بنانے اور تین وکٹیں حاصل کرنے والی پہلی کپتان بن گئیں۔

  • فیفا ورلڈکپ: لیونل میسی نے ورلڈ ریکارڈ برابر کردیا

    فیفا ورلڈکپ: لیونل میسی نے ورلڈ ریکارڈ برابر کردیا

    ارجنٹینا کے کپتان لیونل میسی نے شاندار ہیٹ ٹرک کے ساتھ اپنی ٹیم کو الجزائر کے خلاف یادگار فتح دلائی اور ورلڈ کپ کی تاریخ میں ایک اور بڑا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

    دفاعی چیمپئن ارجنٹینا نے گروپ مرحلے کے پہلے میچ میں الجزائر کو شکست دے کر اپنے ٹائٹل کے دفاع کا بہترین آغاز کیا۔

    اپنے بین الاقوامی کیریئر کے 200ویں میچ میں میدان میں اترنے والے میسی نے ورلڈ کپ میں پہلی مرتبہ ہیٹ ٹرک اسکور کی۔

    اس کارنامے کے ساتھ ان کے ورلڈ کپ گولز کی تعداد 16 ہو گئی جس کے بعد وہ جرمنی کے سابق اسٹرائیکر میروسلاو کلوزے کے ہم پلہ ٹورنامنٹ کی تاریخ کے مشترکہ سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بن گئے۔

    میسی نے 17ویں منٹ میں خوبصورت گول کے ذریعے ارجنٹینا کو برتری دلائی۔ دوسرے ہاف میں الجزائر کے گول کیپر لوکا زیدان کی غلطی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے انہوں نے اپنا دوسرا گول کیا، جبکہ 76ویں منٹ میں زوردار شاٹ کے ذریعے ہیٹ ٹرک مکمل کی۔

    38 سالہ میسی نے اس مقابلے میں ایک اور تاریخی سنگ میل عبور کرتے ہوئے چھ مختلف ورلڈ کپ ایڈیشنز میں شرکت کرنے والے پہلے فٹبالر کا اعزاز بھی حاصل کیا۔

  • سری لنکن کھلاڑیوں سے لڑائی، بھارتی بورڈ نے کھلاڑیوں کو سخت تنبیہ کردی

    سری لنکن کھلاڑیوں سے لڑائی، بھارتی بورڈ نے کھلاڑیوں کو سخت تنبیہ کردی

    بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے نوجوان کھلاڑیوں کو تنازعات سے دور رہنے کی تنبیہ کردی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بی سی سی آئی کے سیکریٹری دیواجیت سائیکیا نے بھارت اے ٹیم کے کھلاڑیوں پر زور دیا ہے کہ وہ میدان کے اندر اور باہر غیر ضروری معاملات میں الجھنے کے بجائے اپنی تمام تر توجہ کھیل پر مرکوز رکھیں۔

    یہ بیان سری لنکا میں جاری سہ فریقی سیریز کے دوران بھارت اے کے نوجوان بلے باز ویبھاؤ سوریا ونشی کے سری لنکن کھلاڑیوں سے ہونے والے تنازع کے بعد سامنے آیا ہے۔

    دمبولا میں کھیلے گئے سنسنی خیز مقابلے کے اختتام پر دونوں کھلاڑیوں کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا جس کے بعد سوریا ونشی ہاتھا پائی پر اتر آئے تھے۔

    دیگر کھلاڑیوں اور آفیشلز نے مداخلت کرکے صورتحال کو قابو میں کیا۔

    واضح رہے کہ سری لنکا اے نے سپر اوور میں بھارت اے کو شکست سے دوچار کیا تھا۔

    دیواجیت سائیکیا نے کہا کہ بھارت اے کے کھلاڑی مستقبل میں سینئر بھارتی ٹیم کی نمائندگی کے امیدوار ہیں اس لیے انہیں اپنی کارکردگی بہتر بنانے اور ٹیم کی کامیابی پر توجہ دینی چاہیے۔

    ان کے مطابق بورڈ کا مقصد یہی ہے کہ کھلاڑی غیر ضروری تنازعات سے دور رہیں اور میدان میں بہترین کھیل پیش کریں۔

    واضح رہے کہ 15 سالہ سوریا ونشی آئی پی ایل میں اپنی کارکردگی اور ریکارڈ ساز کامیابیوں کے باعث خبروں میں رہے ہیں۔

    انہیں آئرلینڈ اور انگلینڈ کے آئندہ دوروں کے لیے بھارتی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں بھی شامل کیا جا چکا ہے اور وہ جلد بین الاقوامی ڈیبیو کر سکتے ہیں۔

  • فیفا ورلڈکپ: جرمن ٹیم کے ٹریننگ کیمپ میں زہریلا سانپ گھس آیا

    فیفا ورلڈکپ: جرمن ٹیم کے ٹریننگ کیمپ میں زہریلا سانپ گھس آیا

    امریکا میں جرمن ٹیم کے ٹریننگ کیمپ میں زہریلا سانپ نظر آنے کا انکشاف ہوا ہے۔

    جرمنی کی قومی فٹبال ٹیم کے کپتان جوشوا کِمِش نے انکشاف کیا ہے کہ امریکہ میں قائم ٹیم کے تربیتی مرکز میں ایک زہریلا سانپ دیکھا گیا، جس کے بعد کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کو خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

    شمالی کیرولائنا کے شہر ونسٹن سیلم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کِمِش نے بتایا کہ ٹیم کو آگاہ کیا گیا کہ یہ سانپ زہریلا ہے اور اگر کسی کو کاٹ لے تو فوری طور پر اسپتال جانا ضروری ہوگا۔

    ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ ایسے سانپ کے کاٹنے سے عام طور پر جان کا خطرہ کم ہوتا ہے لیکن یہ صورتحال پھر بھی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔

    جرمن میڈیا رپورٹس کے مطابق دیکھا جانے والا سانپ ممکنہ طور پر ’کاپر ہیڈ وائپر‘ نسل کا تھا جو اس علاقے میں عام پایا جاتا ہے اور اس کے زہر سے فوری طبی امداد کی ضرورت پیش آ سکتی ہے۔

    جرمن فٹبال فیڈریشن نے اس واقعے کے بعد ٹیم کے معمولات میں کوئی تبدیلی نہیں کی تاہم کھلاڑیوں کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

    دوسری جانب آسٹریا کی ٹیم نے اپنے تربیتی کیمپ میں سانپوں کے خطرے کے پیش نظر کھلاڑیوں کے سائیکل استعمال کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

  • ایشین گیمز: صاحبزادہ فرحان کی قیادت میں 15 رُکنی سکواڈ سے ’بڑے نام‘ ڈراپ، ’آئی سی سی ایونٹ آئے گا تو سپر سٹارز واپس آ جائیں گے‘

    ایشین گیمز: صاحبزادہ فرحان کی قیادت میں 15 رُکنی سکواڈ سے ’بڑے نام‘ ڈراپ، ’آئی سی سی ایونٹ آئے گا تو سپر سٹارز واپس آ جائیں گے‘

    پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے رواں برس ستمبر، اکتوبر میں شیڈول ایشین گیمز کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے 15 رُکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ شاہین شاہ آفریدی کی جگہ صاحبزادہ فرحان کو ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے جبکہ کئی نئے چہروں کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

    15 رُکنی سکواڈ میں کپتان صاحبزادہ فرحان کے علاوہ عبدالصمد، ابرار احمد، احمد دانیال، عاکف جاوید، علی رضا، عرفات منہاس، حیدر علی، حسن نواز، معاذ صداقت، سلمان مرزا، سعد مسعود، صائم ایوب، سفیان مقیم اور عثمان خان شامل ہیں۔

    رواں برس ورلڈ کپ میں پاکستان کی قیادت کرنے والے کپتان سلمان آغا، شاہین شاہ افریدی، فہیم اشرف، نسیم شاہ، عثمان طارق، شاداب خان، بابر اعظم، محمد نواز، فخر زمان کو ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔

    بعض ماہرین پاکستان کے نئے چہروں پر مشتمل سکواڈ کو 2028 کے ٹی 20 ورلڈ کپ کی منصوبہ بندی قرار دے رہے ہیں تاہم پی سی بی کے اعلامیے کے مطابق ٹیم کا انتخاب فی الحال ایشین گیمز کے لیے کیا گیا۔

    واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی تینوں فارمیٹ میں حالیہ کارکردگی مایوس کن رہی ہے جبکہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے گذشتہ دو ایڈیشنز میں پاکستانی ٹیم سیمی فائنل تک بھی رسائی حاصل نہیں کر سکی تھی۔

    اس دوران سلمان علی آغا کو ٹی 20 ٹیم کا کپتان برقرار رکھنے اور شاداب خان سمیت کچھ کھلاڑیوں کو شامل کرنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کو تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

    ٹیم میں جن نئے کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا، ان میں علی رضا، سعد مسعود، معاذ صداقت اور عاکف جاوید نے تاحال پاکستان کی ٹی 20 میں نمائندگی نہیں کی جبکہ حیدر علی کی پاکستان کے ٹی 20 سکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔