Category: عالمی خبریں

  • روہنگیا پناہ گزینوں دو کشتیاں ڈوبنے سے 500 افراد کی ہلاکت کا خدشہ

    روہنگیا پناہ گزینوں دو کشتیاں ڈوبنے سے 500 افراد کی ہلاکت کا خدشہ

    میانمار کے ساحل کے قریب روہنگیا پناہ گزینوں کی کشتیوں کے الٹنے سے 500 افراد کی ہلاکت کا خدشہ ہے، ایک کشتی میں 250 جبکہ دوسری کشتی میں 280 افراد سوار تھے۔

    تفصیلات کے مطابق خلیج بنگال میں روہنگیا پناہ گزینوں کے ساتھ کا ایک ہولناک ترین حادثہ پیش آیا، جہاں دو مختلف کشتیاں الٹنے کے نتیجے میں 500 سے زائد افراد کے سمندر میں ڈوب کر جاں بحق ہونے کا شدید خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

    مہاجرین کے لیے کام کرنے والے اقوام متحدہ کے عالمی اداروں، انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن اور یو این ایچ سی آر نے اس ہولناک واقعے کی تصدیق کردی ہے۔ رپورٹ کے مطابق:

    حادثے کا شکار ہونے والی دونوں کشتیاں جون کے اواخر میں میانمار کی مغربی ریاست راکھائن سے روانہ ہوئی تھیں، ان کشتیوں میں سوار مسافروں کی اکثریت مظلوم روہنگیا مسلمانوں پر مشتمل تھی، جبکہ ان میں کچھ ایسے افراد بھی شامل تھے جنہوں نے بنگلہ دیش میں قائم کاکس بازار کے پناہ گزین کیمپوں سے اس پرخطر سفر کا آغاز کیا تھا۔

    رپورٹ کے مطابق دونوں کشتیوں کی تباہی الگ الگ مقامات پر ہوئی، ایک کشتی میں تقریباً 250 افراد سوار تھے جو روانگی کے فوری بعد ہی لاپتہ ہو گئی اور اس کا ساحل سے رابطہ منقطع ہوگیا۔

    دوسری کشتی میں 280 افراد سوار تھے جو آٹھ جولائی کو میانمار کے علاقے ایئیرواڈی کے ساحل کے قریب بپھری ہوئی لہروں کی نذر ہو کر ڈوب گئی۔

    بین الاقوامی امدادی اداروں نے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے دنیا بھر کے ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ روہنگیا پناہ گزینوں کے سمندری راستوں سے ہونے والے اس پرخطر سفر اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات کریں۔

  • ٹرمپ انتظامیہ ایران پر بڑے پیمانے پر بمباری کے لیے تیاری کرنے لگی

    ٹرمپ انتظامیہ ایران پر بڑے پیمانے پر بمباری کے لیے تیاری کرنے لگی

    واشنگٹن (16 جولائی 2026): امریکی قومی سلامتی ٹیم نے ایران پر بڑے پیمانے پر بمباری کی تجویز دے دی ہے۔

    امریکی نیوز ویب سائٹ ایکسیوس کے مطابق صدر ٹرمپ نے منگل کے روز وائٹ ہاؤس کے سچویشن روم میں ایک اجلاس کی صدارت کی، جس میں ایران کے خلاف ایک بڑے فوجی حملے پر غور کیا گیا، جو آبنائے ہرمز کے اطراف جاری موجودہ حملوں سے کہیں زیادہ وسیع ہوگا۔

    صدر ٹرمپ جنگ میں مزید شدت لانے پر آمادہ دکھائی دیتے ہیں تاکہ ایران کو اتنا نقصان پہنچایا جائے کہ وہ آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھول دے اور ٹرمپ کے جوہری پروگرام سے متعلق مطالبات تسلیم کر لے۔

    ذرائع کے مطابق، سچویشن روم کے اجلاس میں صدر ٹرمپ کے ساتھ ان کی قومی سلامتی کی اعلیٰ ٹیم بھی موجود تھی، جس میں نائب صدر جے ڈی وینس، وزیر خارجہ مارکو روبیو، وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ، جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے چیئرمین جنرل ڈین کین، سی آئی اے کے ڈائریکٹر جان ریٹکلف، وائٹ ہاؤس کے ایلچی اسٹیو وٹکوف اور دیگر سینئر حکام شامل تھے۔

    اجلاس میں آبنائے ہرمز میں جاری حملوں کے علاوہ ایران کے اندر اہم تزویراتی اہداف پر تباہ کن حملوں کے نئے منصوبوں پر بھی غور کیا گیا۔ سچویشن روم کے اجلاس سے قبل فاکس نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ آنے والے دنوں میں حملوں کا دائرہ مزید وسیع کر دیا جائے گا۔

    انھوں نے کہا کہ آئندہ تین دنوں میں امریکی فوج ایران کو ’’سخت نشانہ‘‘ بنائے گی، اور اس کے بعد حملوں میں مزید نمایاں شدت آ سکتی ہے۔ ٹرمپ نے کہا اگلا ہفتہ ان کے لیے بہت برا ہوگا، کیوں کہ اگلے ہفتے بجلی گھر نشانے پر ہوں گے، پل نشانے پر ہوں گے، اگر وہ مذاکرات کی میز پر نہ آئے تو ہم ان کے تمام بجلی گھر اور تمام پل تباہ کر دیں گے۔

    ٹرمپ نے کہا کہ امریکا پک ایکس ماؤنٹین میں ایران کی مشتبہ سرگرمیوں پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ یہ ایک گہری زیرِ زمین تنصیب ہے، جس کے بارے میں امریکا اور اسرائیل کا خیال ہے کہ ایران اسے اپنے جوہری پروگرام کے لیے استعمال کرنا چاہتا ہے، اور یہ فضائی حملوں سے محفوظ ہو سکتی ہے۔

    ٹرمپ نے کہا کہ امریکی بنکر بسٹر بم بہت گہرائی تک مار کر سکتے ہیں، اور دعویٰ کیا کہ کسی کو معلوم نہیں کہ آیا پک ایکس ماؤنٹین ایسے حملوں سے واقعی محفوظ ہے یا نہیں۔

    انھوں نے مزید کہا ’’ویسے بھی، کسی کو یہ معلوم نہیں کہ وہ پک ایکس میں واقعی کچھ کر بھی رہے ہیں یا نہیں۔ یہ صرف ایک امکان ہے۔ ہماری وہاں کیمروں کے ذریعے نگرانی ہے، وہاں بہت کم سرگرمی نظر آ رہی ہے، لیکن اگر معمولی سی بھی سرگرمی ہوئی تو ہم حملہ کریں گے، اور بھرپور حملہ کریں گے۔‘‘

  • نادر فلکیاتی منظر، آج چند لمحوں کے لیے خانہ کعبہ کا سایہ غائب ہو جائے گا

    نادر فلکیاتی منظر، آج چند لمحوں کے لیے خانہ کعبہ کا سایہ غائب ہو جائے گا

    مکہ مکرمہ : آج چند لمحوں کے لیے خانۂ کعبہ کا سایہ مکمل طور پر ختم ہونے کا نادر فلکیاتی منظر دکھائی دے گا۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے قبلے کی درست سمت کا تعین کرنے کا ایک اور بہترین اور نادر موقع آگیا، آج زمین ایک منفرد فلکیاتی منظر دکھائی دے گا، جب سورج بیت اللہ (خانۂ کعبہ) کے عین اوپر ہوگا۔

    اس دوران چند لمحوں کے لیے خانۂ کعبہ کا سایہ مکمل طور پر ختم ہو جائے گا۔

    جدہ فلکیاتی سوسائٹی نے بتایا کہ مکہ مکرمہ کے مقامی وقت کے مطابق دوپہر 12 بج کر 26 منٹ اور 44 سیکنڈ پر سورج 90 درجے کے زاویے پر خانۂ کعبہ کے عین اوپر آ جائے گا۔

    اس وقت سورج اور خانۂ کعبہ ایک ہی عمودی خط پر ہوں گے جس کی وجہ سے زمین پر کسی بھی چیز کا سایہ نظر نہیں آئے گا۔

    پاکستانی وقت کے مطابق یہ تاریخی اور فلکیاتی مظہر دوپہر 2 بج کر 26 منٹ اور 44 سیکنڈ پر رونما ہوگا۔

    ماہرینِ فلکیات کا کہنا ہے کہ اس دوران دنیا بھر کے مسلمان کسی بھی قسم کے قطب نما یا جدید آلات کے بغیر، محض سورج کی سمت دیکھ کر قبلے کا سو فیصد درست رخ معلوم کر سکتے ہیں۔

    اس مخصوص وقت پر دنیا میں جہاں بھی دھوپ موجود ہو، وہاں زمین پر ایک سیدھی لکڑی یا کوئی بھی لوہے کی راڈ عمودی گاڑ دیں۔ اس لکڑی کا سایہ جس مخالف سمت میں بنے گا، وہی خانۂ کعبہ کی بالکل درست اور سیدھی سمت ہوگی۔

    واضح رہے کہ یہ منفرد فلکیاتی واقعہ سال میں صرف دو مرتبہ پیش آتا ہے۔ قدیم دور میں بھی جب جدید آلاتِ پیمائش موجود نہیں تھے، تب مسلمان اسی قدرتی طریقے کی مدد سے قبلے کی درست سمت کا تعین کیا کرتے تھے۔

  • خلیج میں نیا خطرہ، ایران نے تیل و گیس کی ترسیل کو نشانہ بنانے کا عندیہ دے دیا

    خلیج میں نیا خطرہ، ایران نے تیل و گیس کی ترسیل کو نشانہ بنانے کا عندیہ دے دیا

    تہران (15 جولائی 2026): ایران نے تیل و گیس کی ترسیل کو نشانہ بنانے کا عندیہ دے دیا ہے، پاسدارانِ انقلاب نے امریکا کے اتحادیوں کو وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ توانائی برآمد کرنے والے راستے خطرے میں پڑ سکتے ہیں۔

    الجزیرہ کے مطابق ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے خبردار کیا ہے کہ اگر موجودہ تنازع جاری رہا تو امریکا اور اس کے اتحادیوں کے لیے تیل اور گیس کی برآمدات کے راستے بھی نشانہ بن سکتے ہیں۔

    سرکاری نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی کے مطابق جاری بیان میں پاسدارانِ انقلاب نے کہا کہ خطے سے توانائی کی برآمدات ’’یا تو سب کے لیے ہوں گی یا پھر کسی کے لیے بھی نہیں‘‘ جس سے عندیہ ملتا ہے کہ ایران خطے میں جہاز رانی اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے کے خلاف مزید کارروائی کر سکتا ہے۔

    خلیجی ممالک ایران کی جانب سے حملوں پر شدید ناراض
    دوسری طرف ایرانی پاسداران انقلاب نے آبنائے ہرمز بند رکھنے کا اعلان کیا ہے، اور کہا ہے کہ امریکا اپنی شکست چھپانے کے لیے ایرانی اڈوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔

    پاسداران نے کہا کہ اہم آبی گزرگاہ سے گزرنے والے جہازوں کو نشانہ بنانے کا امریکی دعویٰ بے بنیاد ہے، کسی جہاز نے ایرانی ناکہ بندی کی خلاف ورزی کی کوشش کی ہی نہیں تو ایران ان پر کوئی حملہ کیوں کرے گا۔

  • بھارت کے سب سے بڑے نیوکلیئر پاور پلانٹ کا ڈیٹا ہیکرز نے چوری کر لیا

    بھارت کے سب سے بڑے نیوکلیئر پاور پلانٹ کا ڈیٹا ہیکرز نے چوری کر لیا

    نئی دہلی(15 جولائی 2026): بھارت کے سب سے بڑے نیوکلیئر پاور پلانٹ “کوڈن کولم” کا اہم ڈیٹا ہیکرز نے چوری کر لیا۔

    رائٹرز اور امریکی میڈیا کے مطابق رینسم ویئر گروپ “ورلڈ لیکس” نے بھارتی جوہرہ پلانٹ کی ہزاروں حساس فائلیں ڈارک ویب پر اپ لوڈ کر دی ہیں اور انہیں فروخت کے لیے بھی پیش کر دیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق ڈارک ویب پر اپ لوڈ کی جانے والی ان فائلوں میں پلانٹ کی مختلف تنصیبات کے نقشے، انجینئرنگ ڈیزائن، انشورنس دستاویزات اور سپلائر کی تفصیلات شامل ہیں۔ ہیک ہونے والا یہ ڈیٹا نیوکلیئر پاور پلانٹ کے ٹھیکیدار انیل امبانی کے ملکیتی “ریلائنس گروپ” کا ہے۔

    تفصیلات سے پتا چلا ہے کہ ریلائنس گروپ کا یہ ڈیٹا ایک تھرڈ پارٹی بھارتی ڈیٹا سینٹر کمپنی “یوٹا” کے سرور سے ہیک ہوا ہے۔ سرور پر ڈیٹا جزوی طور پر ہیک کیا گیا ہے اور واقعے کے حوالے سے بھارتی حکومت کو بھی باقاعدہ آگاہ کر دیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ کوڈن کولم بھارتی ریاست تامل ناڈو میں واقع ملک کا سب سے بڑا فعال نیوکلیئر پاور پلانٹ ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ بظاہر یہ ڈیٹا نیوکلیئر ری ایکٹرز کے کور سسٹم سے متعلق معلوم نہیں ہوتا اور ری ایکٹر سسٹم محفوظ ہے، لیکن اس کے باوجود اتنی بڑی تعداد میں نقشوں اور تجارتی معلومات کا لیک ہونا پلانٹ کی سیکیورٹی کے لیے ایک انتہائی سنگین خطرہ بن سکتا ہے۔

  • یورپ میں شدید ترین ہیٹ ویو: جون کے آخری ہفتے میں 10,000 سے زائد اموات ریکارڈ

    یورپ میں شدید ترین ہیٹ ویو: جون کے آخری ہفتے میں 10,000 سے زائد اموات ریکارڈ

    برسلز : یورپ میں شدید ترین ہیٹ ویو میں جون کے آخری ہفتے میں ریکارڈ توڑ گرمی سے 10,000 سے زائد اضافی ہلاکتیں ریکارڈ ہوئیں۔

    تفصیلات کے مطابق یورپ میں گزشتہ ماہ جون کے دوران آنے والی شدید ترین گرمی کی لہر کے ہولناک جانی نقصانات سامنے آئے، جہاں سرکاری حکام نے بتایا کہ ریکارڈ توڑ تپش کے باعث تقریباً 10,000 افراد لقمہ اجل بن گئے۔

    جانی نقصان کا سب سے بڑا شکار معمر افراد بنے، جن میں سے تقریباً 9,000 متاثرین کی عمریں 65 سال یا اس سے زائد تھیں۔

    27 یورپی ممالک کے ڈیٹا کے مطابق 22 سے 28 جون کے ہفتے کے دوران اموات کا گراف اچانک بڑھ کر 10,650 تک پہنچ گیا، جبکہ اس سے پچھلے 8 ہفتوں میں اموات کی شرح اوسطاً معمول سے بھی 500 اموات کم ریکارڈ کی جا رہی تھی۔

    ماہرینِ موسمیات کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے سبب یورپ میں ہیٹ ویوز کا دورانیہ اور تپش مسلسل بڑھ رہی ہے، جس سے بزرگ شہری اور کمزور قوتِ مدافعت والے افراد شدید خطرات سے دوچار ہیں۔

    دوسری جانب، اسپین کے خطے کاتالونیا میں سول پروٹیکشن حکام نے تیسری شدید ہیٹ ویو کے پیشِ نظر ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔

    گرمی کی یہ شدید لہر بدھ 15 جولائی تک برقرار رہنے کا امکان ہے، جو اپنے ساتھ صحرائے اعظم کی گرم دھول اور مٹی بھی لا رہی ہے۔

    کاتالونیا میں سب سے زیادہ درجہ حرارت لئیڈا پیرینیز کے علاقے میں ریکارڈ کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ ساحلی اور جنوبی پریلیٹورل کے علاقوں میں راتیں بھی انتہائی گرم رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

    گرمی کی لہر کے باعث جنگلات میں آگ لگنے کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیشِ نظر فائر بریگیڈ کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور شہریوں کو ٹھنڈے مقامات پر رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔

  • ناراض بیوی کو منانے کے لیے ناخلف بیٹے نے اپنی ماں کو زہر دے دیا!

    ناراض بیوی کو منانے کے لیے ناخلف بیٹے نے اپنی ماں کو زہر دے دیا!

    (14 جولائی 2026): ایک انتہائی دلخراش واقعے میں ناراض بیوی کو منانے کے لیے ناخلف بیٹے نے اپنی ماہ کو زہر دے دیا۔

    یہ انسانیت سوز واقعہ بھارت میں پیش آیا ہے، جہاں عاقبت نا اندیش نوجوان نے بیوی کو منانے کے لیے اپنی ماں کی زندگی ختم کرنے کی انتہائی سفاکانہ کوشش کی اور اس کو زہر دے دیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اتر پردیش کے شہر آگرہ رویندر نامی شخص نے اپنی بیوی کو منانے سسرال پہنچا تو اس کی ساس نے بیٹی کو واپس بھیجنے کے لیے داماد کے سامنے اپنی ماں کو زہر دینے کی شرط رکھی۔

    ناخلف بیٹے نے بیوی کو گھر واپس لانے کے لیے اپنی ماں کو دنیا سے بھیجنے کے ناپاک ارادے پر عمل کیا اور اس کے کھانے میں زہر ملا دیا، جس کو کھانے سے اس کی حالت خراب ہو گئی۔ خاتون کو اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق ملزم رویندر اور اس کے چھوٹے بھائی مکیش کے درمیان زمین کے تنازع کے دوران رویندر کی بیوی ناراض ہو کر اپنے میکے چلی گئی تھی۔

    جب رویندر اپنی بیوی کو واپس لانے کے لیے سسرال پہنچا تو اس کی ساس پھولوتی نے  اپنی بیٹی کو واپس بھیجنے کے لیے داماد کو اپنی ماں کو مارنے کی شرط رکھی اور مبینہ طور پر قتل کا پورا منصوبہ بنا کر دیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ رویندر نے گھر واپس آ کر کھانے میں زہر ملا کر اپنی والدہ کو کھلا دیا، جس کے بعد ان کی طبیعت بگڑ گئی۔ اہل خانہ انہیں فوری طور پر اسپتال لے گئے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

    پولیس نے ملزم رویندر کو گرفتار کرکے واقعے کی تحقیقات شروع کر دیں۔ جبکہ داماد کی گرفتاری کے بعد اس کی ساد گھر سے فرار ہو گئی ہے جس کے بعد پولیس اس کی تلاش میں ہے۔

  • چین کا اگلا فیصلہ تیل کی قیمت پر کیا اثر ڈالے گا؟

    چین کا اگلا فیصلہ تیل کی قیمت پر کیا اثر ڈالے گا؟

    کراچی (14 جولائی 2026): ایران اور امریکا میں تنازع بڑھنے کے ساتھ ہی عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔

    ایران اور امریکا میں تنازع بڑھنے کے بعد عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے، جس نے دنیا بھر میں ہلچل مچا دی ہے اور معاشی ماہرین اس حوالے سے انتباہات بھی جاری رہے ہیں

    تاہم اس صورتحال میں امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں تیل کی قیمتوں میں چین کے عمل دخل سے متعلق اہم دعویٰ کیا ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چین کا اگلا فیصلہ تیل کی عالمی قیمتوں کا رخ بدل سکتا ہے، کیونکہ بیجنگ کی خریداری عالمی منڈی کے لیے فیصلہ کن بن گئی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق عالمی تیل کی قیمتوں کا مستقبل اب صرف اوپیک کی پیداوار یا آبنائے ہرمز سے تیل کی ترسیل پر نہیں بلکہ چین کے فیصلوں پر بھی منحصر ہوتا جا رہا ہے۔

    چینی درآمدات میں کمی سے قیمتیں قابو میں رہیں۔ تاہم طلب بڑھنے پر خام تیل مزید مہنگا ہو سکتا ہے، اور اس میں چینی پالیسی کلیدی عنصر ہے۔

  • فرانس کا ایران سے پابندیاں نہ ہٹانے کا اعلان

    فرانس کا ایران سے پابندیاں نہ ہٹانے کا اعلان

    پیرس(13 جولائی 2026): فرانس کے وزیر خارجہ ژاں نوئل باروٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ جب تک ایران اپنے جوہری پروگرام سے مکمل اور واضح دستبرداری اختیار نہیں کرتا، تب تک اس پر عائد عالمی پابندیاں ختم نہیں کی جائیں گی۔

    فرانس کے وزیر خارجہ ژاں نوئل باروٹ نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ ایران کو اپنے جوہری عزائم ترک کرنا ہوں گے، بصورت دیگر اقوام متحدہ کی جانب سے عائد کردہ پابندیاں بدستور برقرار رہیں گی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی حتمی امن معاہدے کی تسلی بخش شرائط طے پانے تک ان پابندیوں میں کوئی نرمی نہیں کی جائے گی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ فرانس نے ایران کے جوہری معاملے پر جاری تعطل کو ختم کرنے اور مذاکرات میں اہم کردار ادا کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا، تاہم موجودہ بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ پیرس اپنے اصولی موقف پر قائم ہے۔

    واضح رہے کہ فرانس اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ویٹو پاور رکھنے والا مستقل اور ایک انتہائی اہم رکن ملک ہے، جس کے اس سخت موقف کو عالمی سطح پر انتہائی اہمیت دی جا رہی ہے۔

  • علی خامنہ ای شہید کی نمازِ جنازہ میں ’’پراسرار نقاب پوش‘‘ کی شناخت ہو گئی! کیا مجتبی خامنہ ای تھے؟

    علی خامنہ ای شہید کی نمازِ جنازہ میں ’’پراسرار نقاب پوش‘‘ کی شناخت ہو گئی! کیا مجتبی خامنہ ای تھے؟

    تہران (13 جولائی 2026): ایران کے سابق سپریم لیڈر شہید آیت اللہ علی خامنہ ای کے نماز جنازہ میں پراسرار نقاب پوش کی شناخت ہو گئی۔

    28 فروری کو امریکا اور اسرائیلی حملے میں شہید سابق سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو ساڑھے چار ماہ بعد مشہد میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ اس سے قبل ان کی نماز جنازہ تین شہروں میں مختلف مقامات پر ادا کی گئی اور پانچ روز تک سوگ کی تقریبات بھی جاری رہیں۔

    نماز جنازہ میں ایک نقاب پوش شخص کو دیکھا گیا، جس کو لاکھوں کے مجمع میں دیکھ کر نہ صرف ایران بلکہ دنیا بھر میں قیاس آرائیوں نے جنم لیا۔

    اس کے ساتھ ہی سوشل میڈیا پر اکثریت نے خیال بھی ظاہر کیا کہ نقاب پوش شخص ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای ہیں۔

    تاہم تمام قیاس آرائیوں کا خاتمہ اس وقت ہو گیا جب سرکاری سطح پر اس نقاب پوش کی شناخت ظاہر کر دی گئی۔

    ایرانی میڈیا کے مطابق آیت اللہ علی خامنہ ای کی نماز جنازہ میں نظر آنے والا پراسرار شخص کوئی اور نہیں بلکہ شہید کا پوتا محمد جواد خامنہ ای تھے، ان کے بڑے صاحبزادے مصطفیٰ خامنہ ای کے بیٹے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق محمد جواد خامنہ ای کے نماز جنازہ میں نقاب پہن کر شرکت کرنے کی وجہ یہ تھی کہ 28 فروری کو امریکا اور اسرائیلی حملے جس میں علی خامنہ ای اور ان کے خاندان کے کچھ لوگ بھی شہید ہوئے تھے۔ اس حملے میں محمد جواد خانہ ای بھی شدید زخمی ہوئے تھے۔

    اس حملے میں جواد خامنہ ای کے چہرے پر گہرے زخم اور جھلسنے کے نشانات آئے تھے، انہی زخموں کے باعث انہوں نے نمازِ جنازہ میں اپنے چہرے کو سیاہ ماسک سے ڈھانپ رکھا تھا۔

    رپورٹس کے مطابق حملے کے بعد مجتبیٰ خامنہ ای کی صحت سے متعلق بھی مختلف دعوے سامنے آئے، بتایا گیا کہ وہ حملے کے وقت اسی رہائش گاہ میں موجود تھے تاہم دوسرے کمرے میں ہونے کی وجہ سے بچ گئے، البتہ ان کی ٹانگوں، ہاتھ اور بازو پر چوٹیں آئیں اور انہیں اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

    واضح رہے کہ 28 فروری کے حملے کے بعد سے مجتبیٰ خامنہ ای عوامی سطح پر سامنے نہیں آئے اور نہ ہی انہوں نے کوئی خطاب کیا، جبکہ یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ وہ ایرانی فوجی قیادت اور اعلیٰ مذہبی شخصیات سے ہاتھ سے لکھے گئے پیغامات کے ذریعے رابطے میں ہیں۔