Category: عالمی خبریں

  • پوپ فرانسس کی مشرقِ وسطیٰ اور یوکرین کی صورتحال پر تشویش

    پوپ فرانسس کی مشرقِ وسطیٰ اور یوکرین کی صورتحال پر تشویش

    ویٹیکن سٹی(13 جولائی 2026): کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے مشرقِ وسطیٰ، یوکرین اور دنیا کے دیگر حصوں میں بڑھتی ہوئی فوجی کشیدگی اور جنگی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

    سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس  پر جاری اپنے ایک بیان میں پوپ فرانسس نے لکھا کہ یہ انتہائی بدقسمتی کی بات ہے کہ مشرقِ وسطیٰ، یوکرین اور کئی دیگر مقامات پر ایک بار پھر جنگ کی ہوائیں چل رہی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ جنگ اپنے ساتھ صرف تشدد، دہشت، خوف اور موت لے کر آتی ہے، جس سے ہمیشہ معصوم اور بے گناہ لوگ ہی سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔

    روحانی پیشوا نے دنیا بھر کے رہنماؤں پر زور دیا کہ ان جنگی ہواؤں اور حالات کی خرابی کے باعث امن کی شمع کسی صورت نہیں بجھنی چاہیے۔

    انہوں نے واضح کیا کہ طاقت کے استعمال کے بجائے صرف آپسی مکالمے، ملاقاتوں اور فعال سفارت کاری کا راستہ ہی دنیا کو ایک منصفانہ، محفوظ اور دیرپا امن کی طرف لے جا سکتا ہے، اس لیے طاقت کے بجائے سفارتی ذرائع کو ترجیح دی جائے۔

  • خاتون نے 83 برس کی عمر میں پی ایچ ڈی کر لی

    خاتون نے 83 برس کی عمر میں پی ایچ ڈی کر لی

    (6 جولائی 2026): تعلیم کے لیے عمر کی کوئی قید نہیں یہ ثابت کیا عمر کی 8 دہائیاں دیکھ لینے والی خاتون نے جنہوں نے 83 برس کی عمر میں پی ایچ ڈی کر لی۔

    اگر لگن سچی ہو تو منزل کو پانے میں کوئی چیز رکاوٹ نہیں بن سکتی، چاہے وہ بڑھاپا ہی کیوں نہ ہو۔ مصر کی 83 سالہ خاتون نے ضعیف العمری میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کر کے یہ بات ثابت بھی کر دی۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق مصر کی رہائشی 83 سالہ خاتون آمال اسماعیل نے 83 میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کر کے دنیا کو حیران کر دیا ہے۔ یہ وہ عمر ہوتی ہے، جہاں تک پہنچنے والے بزرگ عموماً آرام اور ریٹائرمنٹ کی زندگی گزار رہے ہوتے ہیں۔

    تاہم آمال اسماعیل نے ثابت کر دیا کہ خواب دیکھنے اور اس کی تعبیر پانے کے لیے عمر کی کوئی حد نہیں ہوتی۔ انہوں نے پہلے 2023 میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی اور پھر منصورہ یونیورسٹی کے کالج آف آرٹس سے پی ایچ ڈی کرنے والی عمر رسیدہ خاتون بن گئیں۔

    منصورہ یونیورسٹی کے کالج آف آرٹس سے فرسٹ کلاس آنرز کے ساتھ پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کرنے والی آمال اسماعیل نے عرب میڈیا کو دیے گئے ایک خصوصی بیان میں کہا کہ ان کا تراسی سال سے زیادہ عمر ہونے کے بعد پی ایچ ڈی حاصل کرنا ہر اس شخص کے لیے ایک پیغام ہے جو یہ سمجھتا ہے کہ عمر خوابوں کے حصول میں رکاوٹ بن سکتی ہے۔

    آمال خاتون نے اپنی گفتگو کے اختتام پر سب کے لیے فکر انگیز پیغام دیتے ہوئے کہا کہ عمر محض ایک ہندسہ ہے، اور جب تک انسان سوچنے اور کام کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، اسے اپنے خوابوں کو پورا کرنے سے نہیں رکنا چاہیے۔ اللہ پر امید ہی آگے بڑھنے کا حقیقی محرک ہے اور ہر انسان جو چاہے حاصل کر سکتا ہے اگر وہ ارادہ اور اپنے آپ پر ایمان رکھتا ہو۔

  • علی خامنہ ای کے جنازے میں 14 ماہ کی پوتی کے چھوٹے تابوت نے سب کو رلا دیا

    علی خامنہ ای کے جنازے میں 14 ماہ کی پوتی کے چھوٹے تابوت نے سب کو رلا دیا

    تہران : ایران میں سپریم لیڈر اور رہبرِ معظم آیت اللہ علی خامنہ ای کی آخری رسومات میں 14 ماہ کی پوتی ‘زہرا محمدی گلپائیگانی’ کے چھوٹے تابوت نے دنیا کو رلا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق تہران میں جاری جنازے کے بڑے اجتماعات میں جہاں ایک طرف ملک کی اعلیٰ قیادت، غیر ملکی مندوبین اور لاکھوں ایرانی شہری مرحوم قائد کو الوداع کہنے کے لیے موجود تھے، وہیں سب کی توجہ کا مرکز وہ چھوٹا سا معصوم تابوت بن گیا، جس میں علی خامنہ ای کے خاندان کی 14 ماہ کی بچی (پوتی) کا جسدِ خاکی موجود تھا۔

    معصوم بچی کے چھوٹے سے تابوت کو دیکھ کر جنازے میں شریک لاکھوں سوگواروں پر رقت طاری ہو گئی اور ہر آنکھ اشکبار ہو گئی۔

    عالمی خبر رساں اداروں اور سوشل میڈیا پر زہرا محمدی گلپائیگانی کے جنازے کی کوریج نمایاں رہی اور جنازے کے شرکاء اور دنیا بھر میں اس منظر کو دیکھنے والوں کے لیے زہرا کا چھوٹا تابوت اس پوری تقریب کا سب سے زیادہ دلدوز اور رقت آمیز لمحہ ثابت ہوا۔

    اس موقع کی تصاویر اور ویڈیوز سامنے آتے ہی دنیا بھر کے میڈیا اور سوشل میڈیا پر دکھ اور صدمے کی لہر دوڑ گئی، صارفین کی جانب سے اس المناک واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا جا رہا ہے اور معصوم بچی کے چھوٹے تابوت کو اس پورے جنازے کا سب سے زیادہ غمگین اور دل کو جھنجھوڑ دینے والا منظر قرار دیا جا رہا ہے۔

  • کینیڈین حکومت کا بڑا اعلان! پاکستانیوں کے لئے مستقل رہائش حاصل کرنے کا سنہری موقع

    کینیڈین حکومت کا بڑا اعلان! پاکستانیوں کے لئے مستقل رہائش حاصل کرنے کا سنہری موقع

    اوٹاوا : کینیڈا نے ایکسپریس انٹری سسٹم کے تحت ہائی اسکیلڈ پروفیشنلز کو ترجیحی بنیادوں پر مستقل رہائش دینے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کینیڈین حکومت نے اپنے مشہورِ زمانہ ‘ایکسپریس انٹری’ سسٹم کے تحت دنیا بھر سے اعلیٰ تعلیم یافتہ اور ہنر مند افراد کو متوجہ کرنے کے لیے ایک بڑے اور ٹارگٹڈ پروگرام کی توثیق کر دی۔

    اس اقدام کا مقصد ملک میں لیبر مارکیٹ اور مختلف اہم شعبوں میں پیدا ہونے والی افرادی قوت کی شدید کمی کو دور کرنا ہے۔

    کینیڈین حکومت کی جانب سے جاری کردہ پالیسی میں بتایا گیا کہ نئے “کیٹیگری بیسڈ سلیکشن سسٹم” کے تحت ان بین الاقوامی ماہرین کو ترجیحی بنیادوں پر دعوت نامے بھیجے جا رہے ہیں جن کی قابلیت کینیڈا کی معاشی اور افرادی قوت کی ضروریات سے مطابقت رکھتی ہے۔

    یہ اقدام کینیڈا میں خالی آسامیاں پر کرنے میں مدد دے گا، جبکہ اہل امیدواروں کو کینیڈا کی مستقل رہائش حاصل کرنے کا سیدھا اور تیز ترین راستہ فراہم کرے گا۔

    کینیڈا نے اس بار کئی اہم شعبوں کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل کیا ہے، جن میں میڈیکل ڈاکٹرز، ریسرچرز، نرسز اور سوشل سروسز سے وابستہ پروفیشنلز ، سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور میتھامیٹکس کے ماہرین ، تعلیمی شعبے کے لیے اساتذہ/ایجوکیٹرز، جبکہ کنسٹرکشن اور انفراسٹرکچر کے لیے ہنر مند ٹریڈز پرسنز شامل ہیں۔

    اس کے علاوہ سپلائی چین اور لاجسٹکس کو مضبوط بنانے کے لیے ٹرانسپورٹ ورکرز اور کینیڈین ورک ایکسپیرئنس رکھنے والے سینئر مینیجرز کو بھی فہرست میں رکھا گیا ہے۔

    حکومت نے واضح کیا ہے کہ صوبہ کیوبک سے باہر فرانسیسی زبان بولنے والی برادریوں کی ترقی کے لیے ایسے درخواست گزاروں کو بھی ترجیح دی جائے گی جو فرانسیسی زبان پر مہارت رکھتے ہیں۔

    ماہرین کے مطابق  امیدوار ایکسپریس انٹری پروفائل کو بہتر بنا کر اور ان مخصوص کیٹیگریز کی اہلیت پر پورا اتر کر دعوت نامہ حاصل کرنے کے امکانات کو نمایاں طور پر بڑھا سکتے ہیں۔

  • برطانیہ اور فرانس نے آبنائے ہرمز کو عالمی معیشت کی ’’اہم شہ رگ‘‘ قرار دیدیا

    برطانیہ اور فرانس نے آبنائے ہرمز کو عالمی معیشت کی ’’اہم شہ رگ‘‘ قرار دیدیا

     لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ کے وزیرِاعظم کیئر سٹارمر اور فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے آبنائے ہرمز کی صورتحال پر مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے اسے عالمی معیشت کی ’’اہم شہ رگ‘‘ قرار دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دونوں رہنماؤں نے علاقائی استحکام، تمام ریاستوں کی خودمختاری کے احترام اور عالمی سلامتی، آزادی جہاز رانی اور بین الاقوامی قانون کے فروغ کے لیے اپنے شراکت داروں کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

    ’’دنیا نیوز ‘‘ کے مطابق مشترکہ بیان میں دونوں رہنماؤں نے کہا کہ آبنائے ہرمز کے ذریعے تمام ممالک کے جہازوں کی محفوظ آمدورفت کی بحالی عالمی برادری کے لئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ عمان نے برطانیہ اور فرانس کے ساتھ مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے تاکہ اس کے خودمختار علاقائی پانیوں میں جہاز رانی کی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔

  • چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی سے ایران کے سپیکر و چیف مذاکرات کار کی ملاقات ،پاکستان مشکل وقت میں حقیقی دوست ثابت ہوا: باقر غالیباف

    چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی سے ایران کے سپیکر و چیف مذاکرات کار کی ملاقات ،پاکستان مشکل وقت میں حقیقی دوست ثابت ہوا: باقر غالیباف

    تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر غالیباف نے کہا ہے کہ پاکستان مشکل وقت میں ایران کا حقیقی دوست ثابت ہوا۔

    ’’دنیا نیوز ‘‘ کے مطابق چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کے دوران ایران کے پارلیمانی سپیکر و چیف مذاکرات کار باقر غالیباف نے کہا کہ مشکل حالات میں پاکستان کے عوام اور قیادت کی رفاقت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ پاکستان کے عوام خوشی اور آزمائش دونوں مواقع پر ایران کے مخلص دوست ثابت ہوئے ہیں۔

    اس موقع پر چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ایران کی ترقی سے خطے میں امن اور استحکام کو بھی فروغ ملے گا، باہمی تعلقات مزید مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کرنا ہو گی۔

  • نریندر مودی کے متعدد ایوارڈز غیر ملکی دوروں سے قبل تخلیق کیے گئے، برطانوی اخبار

    نریندر مودی کے متعدد ایوارڈز غیر ملکی دوروں سے قبل تخلیق کیے گئے، برطانوی اخبار

    لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن) برطانوی اخبار دی گارڈین نے بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی کو مختلف ممالک کی جانب سے ملنے والے غیر ملکی اعزازات پر سوالات اٹھاتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ان میں سے متعدد ایوارڈز مودی کے دوروں سے چند روز قبل ہی تخلیق کیے گئے اور بعض کے وہ پہلے یا واحد وصول کنندہ ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق سیشلز کی جانب سے دیا جانے والا “Guardian of the Blue Horizon” ایوارڈ مودی کی آمد سے صرف تین روز قبل متعارف کرایا گیا۔ابتدائی سرٹیفکیٹ میں “Republic” اور “Seychelles” کے الفاظ غلط لکھے گئے تھے جب کہ اس کے مصنوعی ذہانت (AI) سے تیار ہونے کے خدشات بھی سامنے آئے۔تاہم سیشلز کی وزارتِ خارجہ نے وضاحت کی کہ غلط سرٹیفکیٹ محض ورکنگ ڈرافٹ تھا اور بعد میں منظور شدہ اصل سرٹیفکیٹ جاری کر دیا گیا اور حکومت نے ایوارڈ کو مکمل طور پر حقیقی قرار دیا۔

    دی گارڈین نے یہ انکشاف بھی کیا کہ اسرائیلی پارلیمنٹ کا “Medal of the Knesset” بھی مودی کے دورے سے چند روز قبل تخلیق کیا گیا اور وہ اس کے اب تک واحد وصول کنندہ ہیں۔اسی طرح 2019 کا “Philip Kotler Presidential Award” بھی پہلے مودی کو دیا گیا، حالانکہ اسے ہر سال کسی قومی رہنما کو دیے جانے کا اعلان کیا گیا تھا، مگر بعد میں کسی اور شخصیت کو یہ اعزاز نہیں ملا۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ ایک سال کے دوران مودی کو ایتھوپیا اور ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو سمیت کئی ممالک کے اعلیٰ اعزازات بھی ملے جن میں بعض کے وہ پہلے غیر ملکی یا واحد وصول کنندہ قرار پائے۔

    بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس نے ان اعزازات پر طنز کرتے ہوئے الزام لگایا کہ مودی حکومت بیرونی اعزازات کو داخلی سیاسی تشہیر اور امیج بلڈنگ کے لیے استعمال کر رہی ہے۔

    دوسری جانب بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کا مؤقف ہے کہ یہ اعزازات مودی کی عالمی قیادت، سفارتی کامیابیوں اور ماحولیاتی خدمات کے اعتراف کا ثبوت ہیں۔

    دی گارڈین کی رپورٹ میں مزید لکھا گیا کہ مودی کے غیر ملکی اعزازات اب بھارت میں سیاسی بحث کا موضوع بن چکے ہیں، جہاں حامی انہیں بھارت کے بڑھتے ہوئے عالمی اثر و رسوخ کی علامت قرار دیتے ہیں جب کہ ناقدین انہیں شخصیت پر مبنی سیاست اور سیاسی تشہیر سے جوڑ رہے ہیں۔

  • دنیا میں کروڑ پتی افراد کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ!

    دنیا میں کروڑ پتی افراد کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ!

    (یکم جولائی 2026): ایک جانب جہاں دنیا کی بڑی آبادی خط غربت سے بھی نیچے زندگی گزار رہی ہے وہیں کروڑ پتی افراد کی تعداد میں بھی ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا نے سوئس بینک کی ایک رپورٹ کو شائع کیا ہے، جس کے مطابق عالمی سطح پر افراد کی ذاتی دولت میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے اور دنیا بھر میں تقریباً 10 لاکھ نئے افراد امریکی ڈالرز میں کروڑ پتی بن گئے ہیں۔

    سوئس بینک یو بی ایس کی سالانہ گلوبل ویلتھ رپورٹ کے مطابق 2025 میں عالمی ذاتی دولت میں 10.8 فیصد اضافہ ہوا جبکہ یہ شرح 2024 میں 4.6 فیصد اور 2023 میں 4.2 فیصد تھی۔

    رپورٹ کے مطابق صرف امریکا میں 4 لاکھ 40 ہزار سے زائد افراد نئے کروڑ پتی بنے، جو دنیا بھر میں نئے کروڑ پتی بننے والے افراد کی مجموعی تعداد کا تقریباً نصف ہیں۔

    اس کے ساتھ ہی یورپ میں بھی امریکی ڈالر کے لحاظ سے دولت میں غیر معمولی اضافہ دیکھا گیا، جس کی بڑی وجہ گذشتہ سال یورو کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں کمی تھی۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اگرچہ اوسط دولت میں اضافہ ہوا تاہم 2020 کے بعد سے دولت کی غیر مساوی تقسیم میں بھی مزید اضافہ ہوا ہے۔

    اس رپورٹ کی تیاری کے لیے یو بی ایس نے دنیا کے 56 ممالک تجزیہ کیا، جو اس کے اندازے کے مطابق عالمی دولت کے 92 فیصد سے زیادہ حصے کی نمائندگی کرتے ہیں۔

  • دبئی میں ‌سستے داموں سونا خریدنے کا بہترین موقع ، قیمتیں کم ترین سطح پر آگئیں

    دبئی میں ‌سستے داموں سونا خریدنے کا بہترین موقع ، قیمتیں کم ترین سطح پر آگئیں

    دبئی : عالمی مارکیٹ میں مندی کے باعث دبئی میں سونے کی قیمتیں جون کے آغاز کے بعد کم ترین سطح پر آگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات خصوصاً دبئی میں زیورات کے خریداروں کے لیے سونا سستے داموں خریدنے کا بہترین موقع سامنے آیا۔

    بدھ کے روز مارکیٹ کھلتے ہی سونے کی قیمتوں میں بڑی گراوٹ دیکھی گئی ہے، جس کے بعد مقامی قیمتیں جون کے اوائل کے بعد اب تک کی کم ترین سطح پر آگئی۔

    ڈیٹا کے مطابق، یہ مسلسل تیسرا دن ہے جب سونے کی قیمتوں میں مسلسل کمی ریکارڈ کی گئی، 24 قیراط سونا کے ریٹ 485.25 درہم کے مقابلے میں کم ہو کر 481.50 درہم فی گرام پر آگیا ، ایک ہی دن میں 3.75 درہم کی کمی ہوئی۔

    22 قیراط سونا گزشتہ روز کے ریٹ 449.25 درہم کے مقابلے میں سستا ہو کر 446 درہم فی گرام پر پہنچ گیا۔

    اگر موجودہ قیمتوں کا موازنہ 2 جون کی قیمتوں سے کیا جائے تو اب تک 24 قیراط سونے کی قیمت میں 61 درہم فی گرام جبکہ 22 قیراط میں 56.25 درہم فی گرام کی واضح کمی آ چکی ہے۔

    دبئی میں قیمتوں کا یہ زوال عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتیں گرنے کے باعث ہوا ہے، جہاں اسپاٹ گولڈ گزشتہ دو سیشنز میں 2 فیصد گرنے کے بعد 3,980 ڈالر فی اونس سے بھی نیچے آگیا ہے، جو نومبر کے بعد کی کم ترین سطح ہے۔

    تکنیکی ماہرین کے مطابق، عالمی مارکیٹ میں سونے کا 200 دن کا موونگ ایوریج اس کے 50 دن کے موونگ ایوریج سے نیچے آگیا ہے، جسے تجارتی زبان میں “ڈیتھ کراس” کہا جاتا ہے، جو اس بات کا اشارہ ہے کہ سونے کی قیمتوں میں مندی کا یہ رجحان مزید کچھ وقت برقرار رہ سکتا ہے۔

  • 6 جولائی کو عام تعطیل کا اعلان

    6 جولائی کو عام تعطیل کا اعلان

    تہران: ایرانی حکومت نے منگل چھ جولائی کو عام تعطیل کا اعلان کردیا، اس تعطیل کا مقصد ایران کے سابق رہنما کے سوگواروں کی دارالحکومت سے واپسی کو آسان بنانا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایرانی حکومت نے ملک کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی آخری رسومات اور تدفین کا باضابطہ شیڈول جاری کرتے ہوئے دارالحکومت تہران میں عام تعطیل اور ملک بھر میں یومِ سوگ کا اعلان کر دیا ۔

    ایرانی حکومت کی ترجمان فاطمہ مہاجرانی نے بتایا کہ حکومت نے 6 جولائی کو تہران میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے، اس تعطیل کا مقصد سپریم لیڈر کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے آنے والے لاکھوں سوگواروں کی دارالحکومت سے اپنے آبائی علاقوں کی طرف واپسی کے عمل کو آسان اور منظم بنانا ہے۔

    حکومتی اعلانات کے مطابق آیت اللہ علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ اور الوداعی تقاریب کا سلسلہ کئی روز تک جاری رہے گا، 4 جولائی سے 8 جولائی کے درمیان ایران کے تین اہم شہروں تہران، قم اور مشہد میں مختلف تعزیتی اور الوداعی تقاریب کا اہتمام کیا جائے گا۔

    جمعرات کے روز پورے ایران میں سرکاری طور پر ‘یومِ سوگ’ منایا جائے گا جبکہ سپریم لیڈر علی خامنہ ای کی تدفین جمعرات 8 جولائی کو مقدس شہر مشہد میں کی جائے گی۔

    ایرانی ترجمان کے مطابق سپریم لیڈر کے انتقال پر نہ صرف ایران بلکہ پڑوسی ملک عراق میں بھی بڑے پیمانے پر تعزیتی اجتماعات ہوں گے۔

    عراق کے اہم ترین شہروں بشمول بغداد، کاظمین، کربلا اور نجف اشرف میں بھی ان کی یاد میں خصوصی تعزیتی تقریبات اور مجالس کا اہتمام کیا جائے گا جہاں عقیدت مند ان کی علمی و سیاسی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کریں گے۔