Category: عالمی خبریں

  • بھارتی اسٹاک مارکیٹ میں عالمی سرمایہ کاری 10 سال کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی

    بھارتی اسٹاک مارکیٹ میں عالمی سرمایہ کاری 10 سال کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی

    نئی دہلی : مودی کی معاشی پالیسیوں کو بڑا دھچکا لگا، بھارتی اسٹاک مارکیٹ میں عالمی سرمایہ کاری دس سال کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق مودی حکومت کے مضبوط معیشت اور اسٹاک مارکیٹ کے بڑے دعوؤں کی حقیقت سامنے آ گئی، عالمی جریدے بلومبرگ اور بھارتی مالیاتی ڈیٹا بینک کی رپورٹس میں کہا گیا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کا بھارتی اسٹاک مارکیٹ پر اعتماد تیزی سے کم ہو رہا ہے، جس کے باعث عالمی سرمایہ کاری گزشتہ دس سال کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔

    بھارتی مالیاتی ڈیٹا بینک نیشنل سیکیورٹیز ڈپازٹری لمیٹڈ کے اعداد و شمار کے تحت بھارت میں کل غیر ملکی سرمایہ کاری 7.3 ٹریلین روپے کے ساتھ سال 2016 کے بعد اب تک کی کم ترین سطح پر ریکارڈ کی گئی ہے، کئی بڑی بھارتی کمپنیوں میں عالمی فنڈز کا حصہ گزشتہ دس سالوں کے دوران 20 فیصد سے کم ہو کر محض 15 فیصد رہ گیا ہے۔

    ابھرتی ہوئی معیشتوں کی مارکیٹ میں بھارتی اسٹاک مارکیٹ اپنی پہلی سی اہمیت کھو چکی ہے اور پچھلے تین سال میں پہلی بار تائیوان اور جنوبی کوریا کی معیشتیں بھارت کو پیچھے چھوڑ کر آگے نکل گئی ہیں۔

    عالمی معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ مودی حکومت کی کمزور اور غیر مستحکم معاشی پالیسیوں نے مارکیٹ کو شدید نقصان پہنچایا، اس کے ساتھ ساتھ، امریکہ اور ایران کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی اور جنگی صورتحال سے پیدا ہونے والی مشکلات نے بھی بھارت کے معاشی مستقبل اور تجارتی ماحول پر گہرے منفی اثرات مرتب کیے ہیں۔

    ماہرین کے مطابق ان عالمی اور داخلی عوامل کی وجہ سے غیر ملکی سرمایہ کار بھارتی مارکیٹ سے اپنا پیسہ نکال رہے ہیں، جو کہ مودی حکومت کے نام نہاد معاشی عروج کے دعوؤں پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔

  • کویت کا دو ایرانی سفارتکاروں کو ملک چھوڑنے کا حکم

    کویت کا دو ایرانی سفارتکاروں کو ملک چھوڑنے کا حکم

    کویت (04 جون 2026): کویت نے ایرانی سفارت خانے کے دو اہلکاروں کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دیتے ہوئے انھیں فوری ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا۔

    کویتی وزارت خارجہ نے ایرانی ناظم الامور کو طلب کر کے ایران کی جانب سے کیے جانے والے حملوں پر احتجاج ریکارڈ کرایا، اور دو سفارتی اہلکاروں کو ملک چھوڑنے کا حکم دیا۔

    گلف نیوز کے مطابق ایرانی حملوں کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی کے تناظر میں کویت نے ایران کے دو سفارت کاروں کو 24 گھنٹوں کے اندر ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا۔ کویتی وزارت خارجہ کے مطابق نائب وزیر خارجہ حمد سلیمان المشعان نے کویت میں ایران کے ناظم الامور حامد حمید یعقوبی فر کو طلب کیا اور انھیں ایک باضابطہ احتجاجی مراسلہ حوالے کیا۔

    وزارت کے بیان کے مطابق اس مراسلے میں ایران کے مسلسل حملوں پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا، ایران کے سفارت خانے کے عملے کی تعداد کم کرنے کے فیصلے سے آگاہ کیا گیا۔

    کویتی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدام حالیہ ایرانی میزائل اور ڈرون حملوں کے ردعمل میں اٹھائے گئے سفارتی اقدامات کا حصہ ہے۔ ان حملوں میں کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو نشانہ بنایا گیا تھا، تاہم ایران کا کہنا ہے کہ یہ حملہ اس نے نہیں کیا۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ کویت موجودہ بحران کے دوران علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مسلسل رابطے اور مشاورت جاری رکھے ہوئے ہے، اور صورت حال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔

  • برطانیہ میں پناہ کے لیے درخواست گزار کی عمر کا تعین اب اے آئی ٹیکنالوجی کرے گی

    برطانیہ میں پناہ کے لیے درخواست گزار کی عمر کا تعین اب اے آئی ٹیکنالوجی کرے گی

    لندن (04 جون 2026): برطانیہ نے پناہ گزینوں کی عمر کے تعین کے لیے اے آئی ٹیکنالوجی متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا۔

    برطانوی وزارت داخلہ کے مطابق آئندہ سال سے ایک جدید اے آئی نظام آزمائشی بنیاد پر استعمال کیا جائے گا جو سرحد پر لی گئی تصاویر کا تجزیہ کر کے کسی شخص کی عمر کا اندازہ لگائے گا۔

    اس اقدام کا مقصد ایسے بالغ تارکین وطن کی نشان دہی کرنا ہے جو خود کو کم عمر ظاہر کر کے پناہ کے نظام سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتے ہیں۔

    بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ میں بچوں کے روپ میں آنے والے بالغ تارکین وطن کی نشان دہی کے لیے اے آئی ٹیکنالوجی کا استعمال اگلے سال سے شروع کیا جائے گا، اس مقصد کے لیے ایک سافٹ ویئر کمپنی کو ٹیکنالوجی تیار کرنے اور اس کی آزمائش کا ٹھیکا دے دیا گیا ہے۔

    برطانوی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ اس ٹیکنالوجی سے ایسے بالغ تارکین وطن کی شناخت آسان ہو جائے گی جو نظام کو دھوکا دینے کی کوشش کرتے ہیں۔ وزارت کے مطابق ابتدائی آزمائشوں میں اس ٹیکنالوجی کی کارکردگی اور درستگی کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے ہیں۔

    تاہم انسانی حقوق کی تنظیم ہیومن رائٹس واچ نے حکومت سے اس منصوبے کو ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے اسے غیر ثابت شدہ ٹیکنالوجی قرار دیا ہے، جو ان کمزور اور غیر محفوظ بچوں کے قانونی تحفظات کو نقصان پہنچا سکتی ہے جن کے وہ مستحق ہیں۔

    بغیر سرپرست کے برطانیہ پہنچنے والے کم عمر تارکین وطن کو مقامی کونسلوں کی جانب سے معاونت فراہم کی جاتی ہے اور انھیں عام پناہ گزین رہائش گاہوں یا ہوٹلوں کی بجائے نگہداشت کے نظام میں رکھا جاتا ہے۔

    ایسے بچوں کو خصوصی قانونی تحفظات حاصل ہوتے ہیں، جن کی بدولت ان کے لیے پناہ کی درخواست کا عمل نسبتاً آسان ہو جاتا ہے اور ملک میں طویل عرصے تک قیام کے امکانات بھی بڑھ جاتے ہیں۔

    اس سافٹ ویئر کے استعمال کا فیصلہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب گزشتہ چند برسوں کے دوران چھوٹی کشتیوں کے ذریعے آبنائے انگلش عبور کر کے برطانیہ پہنچنے اور پناہ کی درخواست دینے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جون 2025 کو ختم ہونے والے سال کے دوران برطانیہ میں ایک لاکھ 11 ہزار 84 افراد نے پناہ کی درخواست دی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 14 فی صد زیادہ ہے۔

    مارچ 2026 کو ختم ہونے والے سال میں خود کو بچے ظاہر کرنے والے 6 ہزار 400 سے زائد تارکین وطن کی عمر کا تعین کیا گیا، جن میں سے 43 فی صد دراصل بالغ افراد نکلے۔ گزشتہ سال برطانوی حکومت کے آزاد امیگریشن انسپکٹر کی رپورٹ میں ایسے واقعات بھی سامنے آئے تھے جن میں بالغ افراد کو غلطی سے بچے قرار دیا گیا، جب کہ بعض کم عمر بچوں کو بالغ تصور کر لیا گیا تھا۔

    رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ کسی ’’سو فی صد درست‘‘ طریقہ کار کی عدم موجودگی میں عمر کے بعض تخمینے غلط ہونا ناگزیر ہیں، جو خاص طور پر اس وقت تشویش کا باعث بنتے ہیں جب کسی بچے کو اس کے قانونی حقوق اور تحفظات سے محروم کر دیا جائے۔ برطانوی حکومت نے گزشتہ سال اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے اے آئی پر مبنی چہرے سے عمر کا اندازہ لگانے والی ٹیکنالوجی استعمال کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا تھا۔

    اس کے بعد سے وزارت داخلہ اس ٹیکنالوجی کے استعمال کے امکانات کا جائزہ لے رہی تھی اور اسی ہفتے اختر کمپیوٹرز لمیٹڈ کو اس منصوبے پر عمل درآمد کا نیا معاہدہ دیا گیا۔ معاہدے کے تحت ٹیکنالوجی کو مزید جانچا اور بہتر بنایا جائے گا، جس کے بعد اسے 2027 کے وسط میں عملی طور پر نافذ کیا جائے گا۔ تین سالہ اس معاہدے پر 3 لاکھ 22 ہزار پاؤنڈ لاگت آئے گی۔

  • یکم محرم الحرام پر عام تعطیل کا اعلان ، ملازمین کو کتنی چھٹیاں ملیں گی

    یکم محرم الحرام پر عام تعطیل کا اعلان ، ملازمین کو کتنی چھٹیاں ملیں گی

    دبئی : یو اے ای میں یکم محرم الحرام پر عام تعطیل کا اعلان کردیا گیا ، سرکاری اور نجی شعبے کے ملازمین کو 3 روزہ طویل ویک اینڈ ملے گا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی حکومت نے نئے اسلامی سال (ہجری سال 1448) کے آغاز کے موقع پر پیر 15 جون کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا۔

    اس فیصلے کے بعد سرکاری اور نجی دونوں شعبوں کے ملازمین کو لگاتار 3 دن کی چھٹیاں ملیں گی۔

    اماراتی میڈیا ک کی جانب سے کہا گیا کہ فیڈرل اتھارٹی فار گورنمنٹ ہیومن ریسورسز نے بدھ کے روز باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ وفاقی سرکاری ملازمین پیر 15 جون کو نئے ہجری سال کی مناسبت سے چھٹی پر ہوں گے۔

    چونکہ امارات میں ہفتہ اور اتوار کو باقاعدہ ہفتہ وار تعطیل ہوتی ہے، اس لیے پیر کی چھٹی شامل ہونے سے ملازمین 3 روزہ طویل بریک (ویک اینڈ) کا لطف اٹھا سکیں گے اور منگل 16 جون کو دوبارہ کام پر واپس آئیں گے۔

    اسلامی نیا سال، جسے ہجری سال کا آغاز بھی کہا جاتا ہے، قمری کیلنڈر کے پہلے مہینے محرم الحرام کی پہلی تاریخ سے ہوتا ہے۔ یہ دن نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ ہجرت کی یاد میں منایا جاتا ہے۔

    متحدہ عرب امارات سمیت مسلم دنیا میں اس دن کو مذہبی عقیدت و احترام اور دعاؤں کے ساتھ منایا جاتا ہے۔

  • عمان کے ساحل پر بھارت کے تجارتی جہاز پر حملہ

    عمان کے ساحل پر بھارت کے تجارتی جہاز پر حملہ

    عمان کے ساحل کے قریب بھارتی تجارتی جہاز پر حملہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں جہاز ڈوب گیا۔

    روئٹرز کی رپورت کے مطابق بھارتی جہاز صومالیہ سے متحدہ عرب امارات جا رہا تھا جب عمان کی حدود میں جہاز پر حملہ ہوا ہے۔

    عملے کی تمام 14 بھارتی ارکان ک عمانی کوسٹ گارڈز نے بچا لیا۔ بھارتی تجارتی جہاز پر حملہ کس نے کیا اس کی وضاحت نہیں کی گئی تاہم بھارت نے مشتبہ حملے کے بعد عمان کے قریب جہاز ڈوبنے کی مذمت کی ہے۔

    بھارت کی جہاز رانی کی وزارت نے ایک بیان میں تصدیق کی ہے کہ تجارتی جہاز پر حملہ بدھ کی صبح اس وقت ہوا جب یہ صومالیہ سے متحدہ عرب امارات جا رہا تھا بیان میں کہا گیا ہے کہ اس کی وجہ سے جہاز میں آگ لگ گئی اور بالآخر اس کے ڈوبنے کا باعث بنا۔

    یہ پڑھیں: آبنائے ہرمز امریکا کے لیے قبرستان بن سکتی ہے، ایران

    ہندوستان نے یہ نہیں بتایا کہ حملے کی نوعیت یا اس کے پیچھے کون تھا، لیکن برطانوی میری ٹائم رسک مینجمنٹ گروپ وانگارڈ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس میں ایک مشتبہ دھماکہ شامل ہے جس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ یہ ڈرون یا میزائل حملے کی وجہ سے ہوا ہے۔

    برطانوی میری ٹائم رسک مینجمنٹ گروپ وانگارڈ کا کہنا ہے کہ اس نے بتایا کہ جہاز مویشیوں کا سامان لے کر جا رہا تھا۔

  • صدر پیوٹن بہت جلد چین کا دورہ کریں گے، روس

    صدر پیوٹن بہت جلد چین کا دورہ کریں گے، روس

    ماسکو (14 مئی 2026): روسی صدر ولادیمیر پیوٹن عنقریب چین کا اہم دورہ کریں گے۔ یہ اعلان ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بیجنگ میں اپنے تین روزہ سرکاری دورے پر موجود ہیں۔

    خبر رساں ایجنسی روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق روسی صدارتی محل کریملن کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے بتایا کہ صدر پیوٹن بہت جلد چین کا دورہ کریں گے اور اس دورے کی تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں۔

    یاد رہے کہ روسی صدر پیوٹن اور ان کے چینی ہم منصب شی جن پنگ گزشتہ برسوں کے دوران 40 سے زائد مرتبہ ملاقات کر چکے ہیں، ان کی حالیہ ملاقات گزشتہ ستمبر میں بیجنگ میں ہوئی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں: صدر پیوٹن نے یوکرین جنگ ختم ہونے کا اشارہ دے دیا

    دونوں رہنماؤں نے فروری 2022 میں ایک لامحدود تزویراتی شراکت داری پر دستخط کیے تھے، یہ معاہدہ روس کی یوکرین میں جنگ شروع ہونے سے تین ہفتے سے بھی کم وقت پہلے ہوا تھا۔

    دوسری جانب، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس وقت چین کا سرکاری دورہ کر رہے ہیں۔

  • سعودی عرب کی مسجدِ اقصیٰ میں اسرائیلی حکام کی اشتعال انگیزی کی شدید مذمت

    سعودی عرب کی مسجدِ اقصیٰ میں اسرائیلی حکام کی اشتعال انگیزی کی شدید مذمت

    ریاض(15 مئی 2026): سعودی عرب نے مسجدِ اقصیٰ میں اسرائیلی حکام کی حالیہ اشتعال انگیز کارروائیوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

    سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی وزیر کا پولیس سیکیورٹی میں مسجدِ اقصیٰ کے احاطے میں اسرائیلی پرچم لہرانا اور رقص کرنا اسلامی مقدسات کی توہین اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

    سعودی عرب نے عالمی برادری سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل کے ان جارحانہ اقدامات کو روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے اور اس اشتعال انگیزی کے ذمہ داروں کو جوابدہ ٹھہرایا جائے۔

    سعودی عرب کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ اس طرح کے اقدامات سے خطے میں کشیدگی بڑھے گی اور امن کی کوششوں کو نقصان پہنچے گا۔

    رپورٹس کے مطابق اسرائیلی حکومت کا عہدیدار پولیس کی حفاظت میں مسجد اقصیٰ میں داخل ہوا جبکہ دوسرے عہدیدار کی جانب سے مسجد کے صحن میں اسرائیلی پرچم لہرایا گیا۔

    الجزیرہ کے مطابق ان واقعات کا تعلق یروشلم ڈے کے موقع پر ہونے والی سرگرمیوں سے ہے جن میں اسرائیل کے انتہائی دائیں بازو کے قومی سلامتی کے وزیر اتمار بین گویر پولیس اہلکاروں کے ہمراہ مسجد اقصی کے احاطے میں داخل ہوا، اس نے اسرائیلی پرچم لہرایا اور اپنے حامیوں کے ساتھ رقص کیا۔

    اسرائیلی وزیر کے ہمراہ ایک اور رکن اسمبلی بھی تھا جس کو مسجد کے احاطے میں عبادت کرتے دیکھا گیا۔

  • امریکا نے ایران کے معاملے پر چین سے کوئی مدد نہیں مانگی اور نہ ہی اس کی ضرورت ہے، مارکو روبیو

    امریکا نے ایران کے معاملے پر چین سے کوئی مدد نہیں مانگی اور نہ ہی اس کی ضرورت ہے، مارکو روبیو

    بیجنگ(15 مئی 2026): امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے واضح کیا ہے کہ امریکا نے ایران کے معاملے پر چین سے کوئی مدد نہیں مانگی اور نہ ہی اسے اس کی ضرورت ہے۔

    بیجنگ میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان ہونے والی اعلیٰ سطح کی ملاقات کے بعد امریکی نیوز چینل ‘این بی سی’ سے گفتگو کرتے ہوئے مارکو روبیو نے کہا کہ امریکا ایران پر دباؤ ڈالنے کے لیے خود مختار ہے، لیکن صدر ٹرمپ اور شی جن پنگ کی بات چیت میں ‘آبنائے ہرمز’ کا معاملہ سرفہرست رہا۔

    امریکی وزیر خارجہ نے بتایا کہ چینی فریق نے واضح کیا ہے کہ وہ آبنائے ہرمز میں عسکریت پسندی اور وہاں کسی بھی قسم کے ‘ٹول سسٹم’ کے نفاذ کے مخالف ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ یہی امریکا کا موقف بھی ہے اور یہ خوش آئند ہے کہ اس نکتے پر دونوں ممالک ایک صفحے پر ہیں۔ اس کے علاوہ چین بھی ایران کے جوہری ہتھیار تیار کرنے کے خلاف ہے اور اس حوالے سے دونوں ممالک کے تحفظات یکساں ہیں، تاہم امریکا چین سے کوئی درخواست نہیں کر رہا بلکہ صرف اپنے مفادات اور عالمی استحکام کے لیے بات چیت کر رہا ہے۔

    مارکو روبیو نے ایرانی قیادت کو سخت لہجے میں خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایرانیوں کا خیال ہے کہ وہ امریکا کی اندرونی سیاست یا سیاسی تقسیم کو اپنے حق میں استعمال کر کے صدر ٹرمپ کو کسی ‘برے سودے’ پر مجبور کر سکیں گے، تو یہ ان کی بھول ہے، ایسا ہرگز نہیں ہوگا۔

    تائیوان کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ تائیوان کا چین میں انضمام چینی صدر کے ابتدائے حکومت سے ان کے ایجنڈے میں شامل ہے۔ ان کا خیال ہے کہ چین کی ترجیح یہ ہوگی کہ تائیوان ووٹ، ریفرنڈم یا رضاکارانہ طور پر چین میں شامل ہونے کا فیصلہ کرے۔

    مارکو روبیو نے واضح کیا کہ یہ انضمام کسی نہ کسی وقت ہو جائے گا، لیکن امریکا سمجھتا ہے کہ اسے طاقت یا زبردستی کے ذریعے نافذ کرنا بہت بڑی غلطی ہوگی۔

  • اسرائیلی جارحیت اور تشدد سے لبنان میں ساڑھے 7 لاکھ بچے ذہنی دباؤ کا شکار، یونیسیف کا انتباہ

    اسرائیلی جارحیت اور تشدد سے لبنان میں ساڑھے 7 لاکھ بچے ذہنی دباؤ کا شکار، یونیسیف کا انتباہ

    کراچی (15 مئی 2026): لبنان میں اسرائیلی جارحیت اور تشدد سے 7 لاکھ 70 ہزار بچے ذہنی دباؤ کا شکار ہیں صورتحال پر یونیسیف نے انتباہ جاری کر دیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق عالمی ادارے یونیسیف نے کہا ہے کہ لبنان میں جاری تشدد اور نقل مکانی کے باعث 7 لاکھ 70 ہزار شدید ذہنی دباؤ اور نفسیاتی مسائل کا شکار ہو چکے ہیں، اور ان میں خوف، مایوسی، بے خوابی کی علامت بڑھ رہی ہیں۔

    یونیسیف کا کہنا ہے کہ متاثرہ بچے نہ صرف تشدد کا سامنا کر رہے ہیں بلکہ انہیں اپنے قریبی افراد سے بچھڑنے اور بار بار گھر چھوڑنے کی تکلیف دہ صورت حال سے بھی گزرنا پڑ رہا ہے۔ ایسے حالات بچوں کے ذہنوں پر گہرے اثرات مرتب کر رہے ہیں اور ان کی نفسیاتی کیفیت مسلسل خراب ہو رہی ہے، جس کے اثرات کئی برس تک باقی رہ سکتے ہیں۔

    رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ 17 اپریل 2026 کو اسرائیل اور لبنان میں اعلان کردہ جنگ بندی کے باوجود بچوں کے ہلاک یا زخمی ہونے کے واقعات سامنے آ رہے ہیں، جس سے صورت حال کی سنگینی ظاہر ہوتی ہے۔

    مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے لیے یونیسیف کے علاقائی ڈائریکٹر ایڈوارڈ بیگبیڈر نے کہا کہ اگر متاثرہ بچوں تک فوری مدد نہ پہنچائی گئی تو اس بحران کے ذہنی اثرات طویل مدت تک ان کے ساتھ رہ سکتے ہیں۔

    لبنانی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق جنگ بندی کے بعد اب تک 23 بچوں کی موت ہو چکی ہے جبکہ 93 زخمی ہوئے ہیں۔

    لبنان میں اوسطاً روز تقریباً 14 بچے ہلاک یا زخمی ہو رہے ہیں۔ 2 مارچ سے اب تک مجموعی طور پر 200 بچوں کی جان جا چکی ہے اور 806 بچے زخمی ہوئے ہیں۔

  • ایران تنازع: خطے کو جنگ سے نکالنے کیلیے سعودی عرب نے تجویز پیش کر دی

    ایران تنازع: خطے کو جنگ سے نکالنے کیلیے سعودی عرب نے تجویز پیش کر دی

    ریاض (15 مئی 2026): مشرقِ وسطیٰ کو جنگ کی آگ سے نکالنے اور خطے میں پائیدار استحکام کیلیے سعودی عرب نے دور رس سفارتی تجویز پیش کر دی۔

    برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کا کہنا ہے کہ ریاض نے خلیجی ممالک اور ایران کے درمیان ایک جامع عدم جارحیت معاہدے کی تجویز دی ہے، جس کا مقصد ممکنہ مستقبل کی جنگوں کے خطرات کو مستقل طور پر ٹالنا ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سعودی قیادت سمجھتی ہے خلیجی ممالک اور تہران کے درمیان اسی طرح کا کوئی فریم ورک خطےکے مفاد میں ہے۔

    خلیجی ریاستوں کو تشویش ہے کہ اگر امریکا اور اسرائیل کی ایران کے ساتھ موجودہ کشیدگی کسی بڑے ٹکراؤ پر ختم ہوئی تو اس کے نتیجے میں ایک ایسا زخمی مگر مزید سخت گیر ایران ابھر سکتا ہے جو پڑوسیوں کیلیے زیادہ خطرناک ثابت ہوگا۔

    کئی یورپی ممالک نے سعودی عرب کی تجویز کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس کی حمایت کی ہے اور دیگر خلیجی ریاستوں پر زور دیا ہے کہ وہ اس کی حمایت کریں۔

    سعودی عرب مجوزہ معاہدے کیلیے 1970 کی دہائی کے مشہور ہیلسنکی عمل کو رول ماڈل بنانا چاہتا ہے۔ سرد جنگ کے شدید ترین دور میں ہیلسنکی عمل نے بین الاقوامی طاقتوں کو مذاکرات کی میز پر لانے میں تاریخی کردار ادا کیا تھا۔