Category: تازہ ترین

  • چہلم (عارضی تاریخ) کی تیاریاں، سیکیورٹی کے سخت انتظامات

    چہلم (عارضی تاریخ) کی تیاریاں، سیکیورٹی کے سخت انتظامات

    ملک بھر میں چہلم کے موقع پر جلوسوں اور مجالس کے انعقاد کے لیے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ مرکزی جلوس اپنے مقررہ راستوں سے گزریں گے جبکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے متبادل راستوں کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ٹریفک پولیس کی ہدایات پر عمل کریں۔

    محکمہ صحت کی جانب سے جلوسوں کے راستوں پر طبی امداد کے کیمپ اور ایمبولینس سروس بھی فراہم کی جائے گی تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔

    انتظامیہ نے کہا ہے کہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے جدید نگرانی کے نظام اور سی سی ٹی وی کیمروں سے مسلسل مانیٹرنگ کی جائے گی۔

  • مثبت سوچ، ایک خوبصورت تحریک اور پاکستان کا روشن چہرہ

    مثبت سوچ، ایک خوبصورت تحریک اور پاکستان کا روشن چہرہ

    اسپیرٹ آف پاکستان صرف ایک تقریب یا میلے کا نام نہیں بلکہ یہ ایک جذبے، ایک سوچ اور ایک مثبت تحریک کا نام ہے، جس کی بنیاد برمنگھم کے معروف کونسلر مرحوم وسیم ظفر نے رکھی۔ انہوں نے اس خیال کو جنم دیا کہ برطانیہ میں بسنے والی پاکستانی کمیونٹی کو ایک ایسے پلیٹ فارم پر متحد کیا جائے جہاں پاکستان کی ثقافت، روایات، امن کا پیغام اور برطانوی معاشرے میں پاکستانیوں کے مثبت کردار کو اجاگر کیا جا سکے کونسلر وسیم ظفر نے اسپیرٹ آف پاکستان کے ذریعے ایک ایسی روح پھونکی جس کی خوشبو نہ صرف برمنگھم بلکہ پورے مڈلینڈز میں محسوس کی جانے لگی۔ ان کا مقصد واضح تھا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط کیا جائے، مختلف کمیونٹیز کے درمیان رابطے بڑھائے جائیں، نوجوان نسل کو اپنی شناخت، ثقافت اور اقدار سے جوڑا جائے اور ایک ایسا پرامن معاشرہ تشکیل دیا جائے جہاں ہر شخص خود کو باعزت اور متحد محسوس کرے۔

    اس تحریک کو مضبوط بنانے میں پاکستان ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل کی تجاویز اور تعاون بھی اہم کردار ادا کرتے رہے۔ ان کی سوچ یہ تھی کہ بیرون ملک پاکستانی کمیونٹی صرف اپنی شناخت برقرار رکھنے تک محدود نہ رہے بلکہ برطانیہ کی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کرتے ہوئے پاکستان کا بہترین سفیر بنے۔

    افسوس کہ وقت نے ایک عظیم انسان کو ہم سے جدا کر دیا۔ کونسلر وسیم ظفر دنیا سے رخصت ہو گئے، لیکن وہ اپنے پیچھے ایک ایسا مشن، ایک ایسی سوچ اور ایک ایسا پیغام چھوڑ گئے جو ہمیشہ زندہ رہے گا۔ ان کا خواب اب کمیونٹی کے دیگر رہنماؤں اور ساتھیوں کی ذمہ داری بن چکا ہے۔ معروف کاروباری شخصیت میاں مقبول سمیت اسپیرٹ آف پاکستان کی پوری ٹیم اس مشن کو آگے بڑھانے کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہی ہے اسپیرٹ آف پاکستان دراصل پاکستان کا ایک خوبصورت، مثبت اور حقیقی چہرہ دنیا کے سامنے پیش کرنے کی کوشش ہے۔

    اس کے مقاصد نہایت واضح ہیں: برطانیہ اور پاکستان کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانا، تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانا، مختلف کمیونٹیز کے درمیان بھائی چارے کو فروغ دینا، نوجوان نسل کو ایک کامیاب اور ذمہ دار برٹش پاکستانی شہری بننے کی ترغیب دینا اور ایک پرامن، خوشگوار اور متحد معاشرے کے قیام میں کردار ادا کرنا آج جب دنیا میں پاکستان کا نام مختلف حوالوں سے نمایاں ہو رہا ہے، پاکستان کی سفارتی اور دفاعی کوششیں عالمی سطح پر زیر بحث ہیں اور ملک امن، استحکام اور ترقی کے راستے پر آگے بڑھنے کی کوشش کر رہا ہے، ایسے وقت میں بیرون ملک پاکستانی کمیونٹی کا کردار مزید اہم ہو جاتا ہے۔ اسپیرٹ آف پاکستان جیسی تقریبات دنیا کو یہ پیغام دیتی ہیں کہ پاکستانی کمیونٹی امن، محبت، ثقافت اور مثبت کردار کی علمبردار ہے۔

  • ٹانک؛پولیس کی بکتر بند گاڑی کے قریب بارودی مواد کادھماکہ ،2اہلکار شہید، 4زخمی 

    ٹانک؛پولیس کی بکتر بند گاڑی کے قریب بارودی مواد کادھماکہ ،2اہلکار شہید، 4زخمی 

    ٹانک(ڈیلی پاکستان آن لائن)ٹانک میں  بارودی مواد کے دھماکے میں 2اہلکار شہیدجبکہ4زخمی ہو گئے۔

    نجی ٹی وی چینل ’’دنیا نیوز ‘‘کے مطابق ٹانک میں جندولہ روڈ پر پولیس کی بکتر بندگاڑی  کے قریب بارودی مواد کا دھماکہ  ہوا ہے، بارودی مواد پھٹنے سے 2اہلکار شہیداور4زخمی ہو گئے،شہداء میں انسپکٹر فرید اللہ اور کانسٹیبل اخترزمان شامل  ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے میں متعدد اہلکار زخمی بھی ہوئےجبکہ بکتر بند گاڑی کو شدید نقصان پہنچا، زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

    واقعہ کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کرسرچ آپریشن شروع کر دیا ہے جبکہ دھماکے کی نوعیت اور ذمہ داروں کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

  • خانیوال؛منی ٹرک اور 2موٹر سائیکلوں میں ٹکر، 4افراد جاں بحق

    خانیوال؛منی ٹرک اور 2موٹر سائیکلوں میں ٹکر، 4افراد جاں بحق

    خانیوال(ڈیلی پاکستان آن لائن)خانیوال میں منی ٹرک اور 2موٹر سائیکلوں میں ٹکر کے نتیجے میں4افراد جاں بحق ہو گئے۔

    نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد میں 2خواتین اور بچی شامل ہیں،حادثہ منی ٹرک کی تیزرفتاری کے باعث پیش آیا۔

  • غیر ملکی خواتین کیس، ملزم  باس کے حوالے سے اہم انکشافات

    غیر ملکی خواتین کیس، ملزم  باس کے حوالے سے اہم انکشافات

    لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) دو غیر ملکی خواتین کو مبینہ طور پر اغوا برائے تاوان اور ان کے ساتھ زیادتی کے مقدمے میں تحقیقات کے دوران  ملزم  باس کے حوالے سے اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔ 

    نجی ٹی وی چینل جی ٹی وی کے مطابق مرکزی ملزم باس وحید طاہر کا تعلق ضلع اوکاڑہ کے علاقے عزیز پارک سے ہے۔ اس کی فیملی اوکاڑہ میں مقیم ہے جبکہ وہ خود کافی عرصے سے لاہور میں رہائش پذیر تھا اور مختلف مقامات پر اپنی رہائش تبدیل کرتا رہتا تھا۔

     ملزم باس وحید طاہر کے خلاف گردوں کی غیر قانونی پیوند کاری، قتل، پولیس مقابلے اور دیگر سنگین نوعیت کے متعدد مقدمات پہلے سے درج ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ طویل عرصے سے گردوں کی غیر قانونی پیوند کاری کے مکروہ دھندے میں ملوث رہا ہے اور اس سلسلے میں ماضی میں گرفتار بھی ہو چکا ہے۔

    تحقیقات سے یہ بھی سامنے آیا ہے کہ دونوں غیر ملکی خواتین پر مبینہ تشدد کرنے والے افراد ملزم وحید طاہر کے گن مین تھے۔ ذرائع کے مطابق ملزم نے خواتین کو مبینہ طور پر 15 لاکھ ڈالر کی ادائیگی نہ کرنے کی صورت میں ان کے انسانی اعضاء فروخت کرنے کی دھمکیاں بھی دیں۔ تفتیشی حکام اس پہلو سے بھی تحقیقات کر رہے ہیں کیونکہ ملزم کا نام پہلے بھی انسانی اعضاء کی غیر قانونی پیوند کاری کے معاملات میں سامنے آ چکا ہے۔

    ذرائع کے مطابق ملزم وحید طاہر آئس  کے نشے کا عادی بھی ہے اور طویل عرصے سے مختلف جرائم پیشہ سرگرمیوں میں ملوث رہا ہے۔

  • بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا دن ، 6 ناموں کی فہرست اڈیالہ جیل حکام کو ارسال

    بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا دن ، 6 ناموں کی فہرست اڈیالہ جیل حکام کو ارسال

    راولپنڈی(ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کی جانب سے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کرنے والے وکلا کی فہرست جاری کر دی گئی ہے۔

    جاری کردہ دستاویز کے مطابق 7 جولائی کو اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے لیے 6 وکلا کو نامزد کیا گیا ہے، جنہیں جیل میں داخلے کی اجازت دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔فہرست میں بیرسٹر گوہر علی خان، سلمان اکرم راجہ، خالد یوسف چوہدری، فتح اللہ برکی، حسنین مرتضیٰ سمبل اور شہباز احمد سیال کے نام شامل ہیں۔

  • منگل کو اڈیالہ جیل کے باہر کوئی واضح لائحہ عمل سامنے آ جائے گا ،جس کا قوم کو پچھلے 8 ماہ سے انتظار ہے، مشال یوسفزئی

    منگل کو اڈیالہ جیل کے باہر کوئی واضح لائحہ عمل سامنے آ جائے گا ،جس کا قوم کو پچھلے 8 ماہ سے انتظار ہے، مشال یوسفزئی

    اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پی ٹی آئی سینیٹر مشال یوسفزئی کا کہنا ہے عمران خان سے ملاقات کے کوئی آثار نہیں اور مفاہمت کے ذریعے ایک بہن کی ملاقات کے لیے کھولی گئی کھڑکی بھی بند ہونے کا پیغام پارٹی کو مل چکا ہے۔

    سوشل رابطے کی ویب سائٹ ’’ایکس‘‘ پر جاری بیان میں انہوں نےکہا ایک طرف مزاحمت نظر نہیں آرہی تو دوسری طرف پارٹی کے بااختیار ذمہ داران ہمِیں ہر میٹنگ میں یہ بتاتے ہیں کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی عمران خان کی بہنوں سے ہر چیز پر مسلسل رابطے اور مشاورت میں ہیں۔ امید ہے اس طویل مشاورت کے نتیجے میں عمران خان کی قیدِ تنہائی کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ ہو چکا ہوگا اور اس منگل کو اڈیالہ کے سامنے کوئی واضح لائحہ عمل سامنے آ جائے گا جس کا قوم کو پچھلے 8 ماہ سے انتظار ہے ۔ عدالتیں ملاقات کا کیس سننے کو تیار نہیں اور قیدِ تنہائی کا معاملہ بھی اگست تک ٹل چکا ہے۔ اس بامقصد خاموشی کے دور میں یہ ہرگز مت بھولیں کہ ہمارا لیڈر قیدِ تنہائی میں ہے۔

  • خاتون نے شوہر کو قتل کر کے باتھ روم میں دفن کر دیا، 45 دن بعد راز کیسے فاش ہوا ۔۔؟ جانیے

    خاتون نے شوہر کو قتل کر کے باتھ روم میں دفن کر دیا، 45 دن بعد راز کیسے فاش ہوا ۔۔؟ جانیے

    آگرہ ( مانیٹرنگ ڈیسک ) بھارت میں خاتون نے شوہر کو قتل کر کے باتھ روم میں دفن کر دیا، 45 دن بعد راز کیسے  فاش ہوا ۔۔؟ اس حوالے سے اہم تفصیلات سامنے آئی ہیں ۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق  ریاست اتر پردیش کے شہر آگرہ میں ایک خاتون کو اپنے شوہر کے مبینہ قتل اور لاش گھر کے باتھ روم میں دفن کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ملزمہ کا شوہر سریندر شرما گزشتہ 45 دن سے لاپتہ تھا، ملزمہ ہی نے اپنے شوہر کی گمشدگی کی اطلاع پولیس کو دی تھی، تفتیش کے دوران ملزمہ روبی پولیس کے ساتھ شوہر کی تلاش کا ڈرامہ کرتی رہی اور اہلِ محلہ کے سامنے غم زدہ ہونے کا تاثر بھی دیتی رہی۔

    ’’جنگ ‘‘ کے مطابق پولیس کو اس وقت اہم پیش رفت ملی جب مقتول کے بھائی نے روبی کے بیانات پر شُبہ ظاہر کیا۔ملزمہ سے کی گئی سخت پوچھ گچھ کے بعد پولیس نے مزدوروں کی مدد سے باتھ روم کا فرش توڑا اور اس کے نیچے سے سریندر شرما کی لاش برآمد کر لی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ  مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ قتل اور لاش چھپانے میں کوئی اور شخص بھی ملوث تھا یا نہیں۔

  • صدر زرداری کرغیزستان کا سرکاری دورہ کریں گے

    صدر زرداری کرغیزستان کا سرکاری دورہ کریں گے

    اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن ) صدر مملکت  آصف علی زرداری آئندہ ہفتے کرغیزستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔
    ’’دنیا نویز ‘‘ نے سفارتی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ  صدر آصف زرداری بشکیک میں کرغیزستان کے صدر اور وزیر اعظم سے ملاقاتیں کریں گے۔

    آصف علی زرداری بشکیک میں یادگار شہداء پر بھی حاضری دیں گے۔

  • روس کا یوکرین کے ایک اور شہر پر قبضے کا دعویٰ

    روس کا یوکرین کے ایک اور شہر پر قبضے کا دعویٰ

    ماسکو ( مانیٹرنگ ڈیسک ) روس نے یوکرین کے ایک اور شہر پر قبضے کا دعویٰ کیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق روس نے یوکرین کے شہر کوستیان تینیوکا پر قبضے کا دعویٰ کیا ہے۔’’جیو نیوز ‘‘ کے مطابق  روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا کہ یہ پیشرفت یوکرین کے پورے ڈونئیسک ریجن پر قبضے کی جانب پہلا مگر کلیدی قدم ہے۔

    روسی صدر نے مستقبل میں اہم فیصلوں کیلئے یوکرین پر حملے بڑھانے اور یوکرینی دستوں میں غیرملکیوں کی اصل تعداد جاننے پر زور دیا ہے۔

    ’’جنگ ‘‘ کے مطابق صدر پیوٹن نے فوج کے سپورٹ پوائنٹ کا دورہ کیا جہاں انہیں محاذ جنگ سے متعلق بریفنگ دی گئی۔روس کے صدر کا کہنا تھا کہ بھاری جانی نقصان کے سبب یوکرینی فوج پسپائی اختیار کررہی ہے۔ لوہانسک پرمکمل قبضہ کیاجاچکا ہے جبکہ ڈونیئسک، زیفوریزیا اور خیرسوں علاقوں میں یوکرینی فوج کیخلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ یوکرینی فوج جس قدر انفراسٹرکچر پر حملے کرے گی، سیکیورٹی زون کو اتنی ہی وسعت دی جائے گی۔