اسپیرٹ آف پاکستان صرف ایک تقریب یا میلے کا نام نہیں بلکہ یہ ایک جذبے، ایک سوچ اور ایک مثبت تحریک کا نام ہے، جس کی بنیاد برمنگھم کے معروف کونسلر مرحوم وسیم ظفر نے رکھی۔ انہوں نے اس خیال کو جنم دیا کہ برطانیہ میں بسنے والی پاکستانی کمیونٹی کو ایک ایسے پلیٹ فارم پر متحد کیا جائے جہاں پاکستان کی ثقافت، روایات، امن کا پیغام اور برطانوی معاشرے میں پاکستانیوں کے مثبت کردار کو اجاگر کیا جا سکے کونسلر وسیم ظفر نے اسپیرٹ آف پاکستان کے ذریعے ایک ایسی روح پھونکی جس کی خوشبو نہ صرف برمنگھم بلکہ پورے مڈلینڈز میں محسوس کی جانے لگی۔ ان کا مقصد واضح تھا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط کیا جائے، مختلف کمیونٹیز کے درمیان رابطے بڑھائے جائیں، نوجوان نسل کو اپنی شناخت، ثقافت اور اقدار سے جوڑا جائے اور ایک ایسا پرامن معاشرہ تشکیل دیا جائے جہاں ہر شخص خود کو باعزت اور متحد محسوس کرے۔
اس تحریک کو مضبوط بنانے میں پاکستان ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل کی تجاویز اور تعاون بھی اہم کردار ادا کرتے رہے۔ ان کی سوچ یہ تھی کہ بیرون ملک پاکستانی کمیونٹی صرف اپنی شناخت برقرار رکھنے تک محدود نہ رہے بلکہ برطانیہ کی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کرتے ہوئے پاکستان کا بہترین سفیر بنے۔
افسوس کہ وقت نے ایک عظیم انسان کو ہم سے جدا کر دیا۔ کونسلر وسیم ظفر دنیا سے رخصت ہو گئے، لیکن وہ اپنے پیچھے ایک ایسا مشن، ایک ایسی سوچ اور ایک ایسا پیغام چھوڑ گئے جو ہمیشہ زندہ رہے گا۔ ان کا خواب اب کمیونٹی کے دیگر رہنماؤں اور ساتھیوں کی ذمہ داری بن چکا ہے۔ معروف کاروباری شخصیت میاں مقبول سمیت اسپیرٹ آف پاکستان کی پوری ٹیم اس مشن کو آگے بڑھانے کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہی ہے اسپیرٹ آف پاکستان دراصل پاکستان کا ایک خوبصورت، مثبت اور حقیقی چہرہ دنیا کے سامنے پیش کرنے کی کوشش ہے۔
اس کے مقاصد نہایت واضح ہیں: برطانیہ اور پاکستان کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانا، تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانا، مختلف کمیونٹیز کے درمیان بھائی چارے کو فروغ دینا، نوجوان نسل کو ایک کامیاب اور ذمہ دار برٹش پاکستانی شہری بننے کی ترغیب دینا اور ایک پرامن، خوشگوار اور متحد معاشرے کے قیام میں کردار ادا کرنا آج جب دنیا میں پاکستان کا نام مختلف حوالوں سے نمایاں ہو رہا ہے، پاکستان کی سفارتی اور دفاعی کوششیں عالمی سطح پر زیر بحث ہیں اور ملک امن، استحکام اور ترقی کے راستے پر آگے بڑھنے کی کوشش کر رہا ہے، ایسے وقت میں بیرون ملک پاکستانی کمیونٹی کا کردار مزید اہم ہو جاتا ہے۔ اسپیرٹ آف پاکستان جیسی تقریبات دنیا کو یہ پیغام دیتی ہیں کہ پاکستانی کمیونٹی امن، محبت، ثقافت اور مثبت کردار کی علمبردار ہے۔