Category: تازہ ترین

  • فیلڈ مارشل کی ایرانی صدر سے ملاقات، خطے میں امن اور استحکام کے لیے غیر متزلزل عزم کا اعادہ

    فیلڈ مارشل کی ایرانی صدر سے ملاقات، خطے میں امن اور استحکام کے لیے غیر متزلزل عزم کا اعادہ

    پاکستان کے دورے پر آئے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی اہم ملاقات ہوئی ہے جس میں علاقائی امن و استحکام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی۔

    ملاقات میں علاقائی صورتحال، امن کے فروغ اور خطے میں استحکام سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق  ایرانی صدر نے خطے میں مکالمے، کشیدگی میں کمی اور استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعمیری اور ذمہ دارانہ کردار کو سراہا۔ ملاقات میں علاقائی تنازعات کے پرامن حل اور مختلف فریقوں کے درمیان مفاہمت کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کی مسلسل سفارتی کوششوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔

    ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خطے میں امن اور استحکام کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی مشاورت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

    ترجمان پاک فوج کے مطابق اس موقع پر خطے میں امن، خوشحالی اور استحکام کے مشترکہ ہدف کے حصول کے لیے تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

  • قطر کے راس لفان گیس پروسیسنگ مرکز میں حادثے کے بعد 54 افراد زخمی: ’دھماکے کی آواز دوحہ تک پہنچی‘

    قطر کے راس لفان گیس پروسیسنگ مرکز میں حادثے کے بعد 54 افراد زخمی: ’دھماکے کی آواز دوحہ تک پہنچی‘

    قطر میں ایل این جی کے ایک بڑے پروسیسنگ مرکز راس لفان انڈسٹریئل سٹی میں حکام کے مطابق اتوار کے روز ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 54 افراد زخمی ہوئے جبکہ 18 افراد لاپتہ ہیں۔

    قطر انتظامیہ کے مطابق راس لفان انڈسٹریئل سٹی میں ’تکنیکی حادثے‘ کے باعث پہلے دھماکہ ہوا اور پھر بڑے پیمانے پر آگ بھڑک اُٹھی۔

    کمپنی نے اپنے بیان میں کہا کہ ’ہنگامی امدادی ٹیموں کو فوری طور پر موقع پر روانہ کیا گیا اور آگ پر کُچھ ہی دیر کے بعد قابو پا لیا گیا ہے۔‘

    قطر کی وزارتِ داخلہ نے اپنے بیان میں کہا کہ دھماکے کے نتیجے میں 54 افراد زخمی ہوئے جبکہ 18 افراد لاپتہ ہیں، جن کی تلاش جاری ہے۔ وزارت کے مطابق دھماکہ ایک ’تکنیکی حادثے‘ کے باعث ہوا اور اس کے نتیجے میں گیس کا ’ایسا اخراج نہیں ہوا جو عوامی سلامتی کے لیے خطرہ بنے۔‘

    وزارتِ داخلہ نے مزید بتایا کہ قطری انٹرنیشنل سرچ اینڈ ریسکیو گروپ سول ڈیفنس ٹیموں کے تعاون سے لاپتہ افراد کی تلاش میں مصروف ہے۔

    قطر انرجی نے یہ واضح نہیں کیا کہ دھماکے سے پلانٹ کو کوئی نقصان پہنچا یا نہیں۔ یہ پلانٹ قطر کی مقامی مارکیٹ کو گیس فراہم کرتا ہے۔

    ادھر خبر رساں ادارے روئٹرز کو ایک عینی شاہد نے بتایا کہ دھماکے کی زور دار آواز دارالحکومت دوحہ میں بھی سنی گئی، جو راس لفان تنصیب کے جنوب میں واقع ہے۔

    خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق جنگ کے مستقل خاتمے کے لیے جاری مذاکرات کے دوران ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کھولنے کے بعد قطر نے اپنے برآمدی ٹرمینل کو دوبارہ فعال کرنے کی کوششوں کا آغاز کیا تھا۔

  • کیا پاکستان میں واقعی درآمد شدہ موبائل فونز پر ’پی ٹی اے ٹیکس‘ کم ہونے جا رہا ہے؟

    کیا پاکستان میں واقعی درآمد شدہ موبائل فونز پر ’پی ٹی اے ٹیکس‘ کم ہونے جا رہا ہے؟

    پاکستان کے ایوان زیریں قومی اسمبلی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قاسم گیلانی کا کہنا ہے کہ ملک میں موبائل فونز کی درآمد پر ریگولیٹری ڈیوٹی ختم کر دی گئی ہے۔ تاہم اب تک سرکاری سطح پر اس کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔

    ملک میں درآمد شدہ فونز پر بھاری ڈیوٹیز اور ٹیکسز عائد کیے جاتے ہیں جن کی وصولی پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن (پی ٹی اے) کی طرف سے کی جاتی ہے۔ صارفین کو اپنے درآمد شدہ فونز کو رجسٹر کرنا پڑتا ہے۔ وہ ان ڈیوائسز پر ڈیوٹی اور سیلز ٹیکس ادا کیے بغیر سِم کارڈز استعمال نہیں کر پاتے۔

    قاسم گیلانی کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر موبائل فون پر ریگولیٹری ڈیوٹی کے خاتمے کے اعلان کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ اقدام رابطے بڑھانے کے لیے مثبت ہے اور یہ عوام کے لیے ٹیکنالوجی تک رسائی بڑھانے کے لیے بھی اچھا اقدام ہے۔

    واضح رہے کہ قاسم گیلانی رکن قومی اسمبلی تو ہیں تاہم وہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ اور محصولات کے رکن نہیں جو اس وقت نئے مالی سال کے وفاقی بجٹ پر غور و غوض کر کے اپنی سفارشات کو حتمی شکل دینے میں مصروف ہے۔ قائمہ کمیٹی کی جانب سے اس سلسلے میں کوئی موقف سامنے نہیں آیا ہے۔

    بی بی سی نے قائمہ کمیٹی کے اراکین سے بات کی ہے جن کے مطابق ریگولیٹری ڈیوٹی میں رعایت پر بات ہوئی ہے اور اس میں کچھ رعایت دی جا سکتی ہے۔ تاہم ان کے بقول ڈیوٹی کے مکمل خاتمے پر کوئی بات نہیں ہوئی۔

  • عائشہ عمر: چھٹیوں کے دوران ساحلِ سمندر پر لی گئی تصاویر کی چوری نے اداکارہ کو کیسے نقصان پہنچایا

    عائشہ عمر: چھٹیوں کے دوران ساحلِ سمندر پر لی گئی تصاویر کی چوری نے اداکارہ کو کیسے نقصان پہنچایا

    صنفی انصاف کی تنظیم ’چَین‘ کی نئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سوشل میڈیا کمپنیاں اور حکام تصاویر کے ذریعے ہونے والے ہراسانی کے معاملات میں رضامندی کے بجائے عریانی پر توجہ دے کر خواتین کو تحفظ دینے میں ناکام ہو رہے ہیں۔

    اس تنقید کی تائید پاکستانی اداکارہ عائشہ عمر نے بھی کی ہے۔ اس رپورٹ میں عائشہ عمر سمیت دیگر خواتین کے تجربات کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

    رپورٹ میں شامل 32 سالہ پاکستانی خاتون ماہ نور (فرضی نام) کا کہنا ہے کہ ان تصاویر نے ان کی زندگی بدل دی جو عریاں نہیں تھیں۔ بلکہ ان کے مطابق وہ جنسی نوعیت کی بھی نہیں تھیں۔

    ان میں صرف ماہ نور کو بغیر آستین کا مغربی لباس پہنے دکھایا گیا تھا۔

    ماہ نور نے بی بی سی گلوبل ویمن کو بتایا کہ جب ان کی شادی ختم ہوئی تو وہ اپنے میکے واپس آئیں جہاں ان کا بچپن گزرا تھا۔ انھیں امید تھی کہ ان کا خاندان ان کا ساتھ دے گا۔ تاہم انھیں اور ان کی کم عمر بیٹی کو وہاں سرد رویے کا سامنا رہا۔

    ایک سال سے زیادہ ہو چکا ہے اور ان کے والد اور بھائی اب تک ان سے بات نہیں کرتے۔ دفتر میں ان کے ساتھی، جنھیں وہ برسوں سے جانتی ہیں، ان سے نظریں نہیں ملاتے۔

    ماہ نور کو معلوم تھا کہ طلاق بھی ان کے لیے مشکل مرحلہ ہو گی۔ ان کی شادی کبھی آسان نہیں رہی۔ وہ کہتی ہیں کہ ان کے شوہر، جن سے ان کی شادی طے تھی، ہمیشہ زبانی اور جسمانی بدسلوکی کرتے رہے۔ تاہم ان کی نجی تصاویر کا پھیلایا جانا سب سے بڑی تکلیف بنا۔

    بہت سی نوجوان خواتین کی طرح، ماہ نور نے اپنے فون میں اپنی کئی تصاویر محفوظ کر رکھی تھیں۔

  • فیفا ورلڈکپ: پیراگوئے نے ترکی کو شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا

    فیفا ورلڈکپ: پیراگوئے نے ترکی کو شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا

    پیراگوئے نے شاندار دفاعی کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے فیفا ورلڈ کپ 2026 میں ترکی کو 0-1 سے شکست دے دی۔

    میچ میں ایک کھلاڑی کی کمی کے باوجود پیراگوئے کی ٹیم نے بھرپور مزاحمت کی اور برتری برقرار رکھنے میں کامیاب رہی۔

    میچ کا واحد اور فیصلہ کن گول مڈفیلڈر میٹیاس گالارزا نے میچ کے آغاز کے صرف 64ویں سیکنڈ میں اسکور کیا۔

    انہوں نے تقریباً 25 میٹر دور سے زوردار شاٹ لگا کر گیند جال میں پہنچائی جو اب تک کے ٹورنامنٹ کا تیز ترین گول بن گیا ہے۔

    اس سے چند گھنٹوں قبل ہی اسکاٹ لینڈ کے خلاف مراکش کے اسماعیل سیباری نے 71ویں سیکنڈ میں گول کرکے ریکارڈ بنایا تھا۔

    پیراگوئے کو پہلے ہاف کے اضافی وقت میں بڑا دھچکا اس وقت لگا جب مڈفیلڈر میگوئل المیرون کو براہ راست ریڈ کارڈ دکھا دیا گیا۔

    وہ ورلڈ کپ میں منہ پر ہاتھ رکھ کر بات کرنے کے نئے نافذ کردہ ضابطے کے تحت سزا پانے والے پہلے کھلاڑی بنے۔

    دس کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کے باوجود پیراگوئے نے ترکی کے مسلسل حملوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور برتری برقرار رکھی۔

    یہ فتح امریکا کے ہاتھوں افتتاحی میچ میں 1-4 کی بھاری شکست کے بعد پیراگوئے کے لیے ایک شاندار واپسی ثابت ہوئی۔

  • شرپسند کالعدم ایکشن کمیٹی کا آزاد جموں و کشمیر کے عوام کے خلاف مکروہ ایجنڈا کھل کر سامنے آ گیا

    شرپسند کالعدم ایکشن کمیٹی کا آزاد جموں و کشمیر کے عوام کے خلاف مکروہ ایجنڈا کھل کر سامنے آ گیا

    شرپسند کالعدم ایکشن کمیٹی کا آزاد جموں و کشمیر کے عوام کے خلاف مکروہ ایجنڈا کھل کر سامنے آ گیا۔

    انتشاری کمیٹی کا آزاد جموں و کشمیر میں عوام کو لوٹ مار، تشدد، اغوا اور یرغمال بنانے کا مکروہ کردار بے نقاب ہو گیا۔

    کالعدم کمیٹی کے شرپسندوں نے راولاکوٹ کے رہائشی اور پاک آرمی کے ریٹائرڈ اہلکار نسیم کیانی کے بیٹے کو اغوا کر لیا۔

    راولاکوٹ کے رہائشی اور پاکستان آرمی کے ریٹائرڈ اہلکار نسیم کیانی کا کہنا تھا کہ راولاکوٹ میں کالعدم کمیٹی پانیوالہ کے شرپسندوں نے میرے بیٹے دلاور کیانی کو تشدد کا نشانہ بنایا، لوٹ مار کی اور اغوا کر لیا۔

    متاثرہ خاندان نے حکومت سے اپیل کی کہ دلاور کیانی کو فوری بازیاب کرا کے شرپسند اغواکار کمیٹی کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں۔ بیٹے یا خاندان کے کسی فرد کو کوئی نقصان پہنچا تو اس کی ذمہ داری کالعدم فتنہ کمیٹی پانیوالہ پر عائد ہوگی، نسیم کیانی۔

    کالعدم ایکشن کمیٹی کے شرپسند گھروں سے بچوں اور خواتین کو اٹھا کر زبردستی اپنی انتشاری کمیٹی میں شمولیت کرا رہے ہیں، نسیم کیانی۔

    پریس کانفرنس کے دوران دلاور کیانی کے بھائی نے کہا کہ کالعدم کمیٹی کے ہاتھوں اغوا ہونے والے بھائی دلاور کیانی کا کوئی سراغ نہیں مل رہا۔ ہمارے خاندان کو ہراساں کیا جا رہا ہے اور دھمکیاں دی جا رہی ہیں، ہمارا قصور صرف یہ ہے کہ ہم محب وطن پاکستانی ہیں، بھائی دلاور کیانی۔

    اغوا ہونے والے دلاور کیانی کے اہلِ خانہ کا کہنا تھا کہ ہمارے گھر کی نجی تصاویر اور ویڈیوز بھی میرے بھائی کے موبائل سے نکال کر سوشل میڈیا پر وائرل کی جا رہی ہیں۔

    ماہرین کے مطابق عوامی حقوق کی آڑ میں پرتشدد کارروائیاں اور شرپسندی پھیلانے والی کالعدم انتشاری کمیٹی کے عزائم بری طرح بے نقاب ہو رہے ہیں۔ آزاد جموں و کشمیر کے عوام کو یرغمال اور تشدد کا نشانہ بنانے والی کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کبھی عوامی حقوق کی محافظ نہیں ہو سکتی۔

  • بیوی کو ذبح کرکے لاش قبرستان میں پھینکنے والا ملزم پولیس مقابلے میں مارا گیا

    بیوی کو ذبح کرکے لاش قبرستان میں پھینکنے والا ملزم پولیس مقابلے میں مارا گیا

    مٹہ کے علاقے میں اپنی بیوی کو ذبح کر کے لاش قبرستان میں پھینکنے والا ملزم پولیس مقابلے کے دوران ہلاک ہو گیا۔

    ترجمان سوات پولیس کے مطابق ملزم سیف الملوک ولد لاہور، ساکن وردگ مٹہ، مقدمہ علت نمبر 132، جرم 302، مورخہ 13 جون 2026 میں تھانہ چپریال پولیس کو مطلوب تھا۔

    مخبر کی اطلاع پر ایس ایچ او چپریال نے پولیس ٹیم کے ہمراہ ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپا مارا تو گرفتاری دینے کے بجائے ملزم نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی فائرنگ کر دی۔

    ملزم کی جانب سے فائرنگ میں دفاعِ خود اختیاری کے تحت پولیس کی جوابی فائرنگ سے ملزم موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔

    پولیس نے قانونی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے لاش کو تحویل میں لے لیا ہے۔

  • ٹیکس کا اطلاق فرضی نہیں حقیقی آمدن پر ہونا چاہیے: وفاقی آئینی عدالت

    ٹیکس کا اطلاق فرضی نہیں حقیقی آمدن پر ہونا چاہیے: وفاقی آئینی عدالت

    اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی آئینی عدالت نے انکم ٹیکس قانون کے سیکشن 7E کو کالعدم قرار دینے کا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا، 92 صفحات پرمشتمل فیصلہ چیف جسٹس امین الدین خان نے تحریر کیا۔

    روزنامہ دنیا کے مطابق  فیصلے میں کہا گیا کہ ٹیکس کا نفاذ آئینی حدود اور بنیادی حقوق کے تابع ہے ، ٹیکس کسی بھی عوامی مقصد کیلئے نافذ کیا جا سکتا ہے اور نافذ شدہ ٹیکس کا بوجھ اجتماعی طور پر عوام اٹھاتے ہیں، ٹیکس کے نفاذ کا دارومدار اس بات پر نہیں کہ اس سے عوام کو براہِ راست فائدہ پہنچے بلکہ عدالت کو ٹیکس کے آئینی جواز کا جائزہ لینا ہوتا ہے نہ کہ اس کے مقاصد کا۔ کوئی بھی قانون اگر بنیادی حقوق کے منافی ہو یا قانون سازی کے اختیار سے تجاوز کرے تو اسے کالعدم قرار دیا جا سکتا ہے ۔ عدالت کے مطابق سیکشن 7E دراصل غیر منقولہ جائیداد سے آمدن پر نہیں بلکہ اس کی ملکیت پر ٹیکس عائد کرتا ہے ۔ صرف فرضی آمدن پر ٹیکس عائد کرنا آئینی حقوق کے خلاف ہے اور ٹیکس کا اطلاق حقیقی آمدن پر ہونا چاہیے۔ پارلیمنٹ کو قانون سازی کا اختیار صرف ان شعبوں میں حاصل ہے جو آئین کے تحت وفاق کے دائرہ اختیار میں آتے ہیں جبکہ غیر منقولہ جائیداد پر ٹیکس کا معاملہ صوبائی دائرہ اختیار میں آتا ہے۔

    فیصلے میں یہ بھی کہ گیا کہ مالیاتی قوانین کا ماضی سے اطلاق نہیں کیا جا سکتا۔ سیکشن 7E کا مقصد صرف ریونیو میں اضافہ نہیں بلکہ غیر منقولہ جائیداد رکھنے کی حوصلہ شکنی بھی تھا تاہم اسے فنانس بل کے ذریعے شامل کرنا آئینی طور پر درست نہیں۔ عدالت نے قرار دیا کہ مخصوص طبقوں کو دی گئی رعایتوں کی ٹھوس اور واضح وجہ بیان نہیں کی گئی جو آئینی اصولوں کے منافی ہے ۔ واضح رہے کہ وفاقی آئینی عدالت نے 7 مئی کو انکم ٹیکس قانون کے سیکشن 7E کو کالعدم قرار دیا تھا۔ علاوہ ازیں وفاقی آئینی عدالت نے قرار دیا کہ مستقل نوعیت کے فرائض انجام دینے والے ملازمین کو برسوں تک کنٹریکٹ بنیادوں پر برقرار رکھنا معاشی استحصال اور انتظامی من مانی کے مترادف ہے جبکہ ایسے ملازمین کی ریگولرائزیشن کا معاملہ صرف سروس قوانین تک محدود نہیں بلکہ آئین کے تحت حاصل بنیادی حقوق سے بھی جڑا ہے۔

    جسٹس عامر فاروق اور جسٹس سید ارشد حسین شاہ پر مشتمل بینچ نے خیبرپختونخوا حکومت کی دائر سی پی ایل اے نمبر 632-پی/2018 مسترد کرتے ہوئے سابق فاٹا کے دو ڈسپنسرز کی بحالی اور ریگولرائزیشن کے حوالے سے پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا۔ وفاقی آئینی عدالت کے جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے آرچرڈ سکیم کے 12 کنال پلاٹ سے متعلق کیس کی سماعت کرتے ہوئے فریقین کو نوٹسز جاری کر دیئے اور مزید سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔ مزید برآں وفاقی آئینی عدالت نے پی ٹی سی ایل پنشنرز سے متعلق تمام مقدمات یکجا کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔

  • غیر قانونی بے دخلی ایکٹ کے مقدمات 60دن کے اندر نمٹائے جائیں : سپریم کورٹ

    غیر قانونی بے دخلی ایکٹ کے مقدمات 60دن کے اندر نمٹائے جائیں : سپریم کورٹ

    اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)سپریم کورٹ نے شہریوں کو غیر منقولہ جائیداد سے غیر قانونی طور پر بے دخل کرنے سے متعلق اہم فیصلہ جاری کرتے ہوئے غیر قانونی بے دخلی ایکٹ کے تحت مقدمات کے جلد تصفیے کیلئے گائیڈ لائنز جاری کر دیں۔

    روزنامہ دنیا کے مطابق  جسٹس جمال خان مندوخیل نے فیصلہ تحریر کیا جس میں عدالتوں کو غیر قانونی بے دخلی ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی، فیصلے کی نقل تمام ہائیکورٹس کو ارسال کرنے کا بھی حکم دیا گیا۔ فیصلے میں کہا گیا کہ غیر قانونی بے دخلی ایکٹ کے تحت دائر مقدمات کو 60 دن کے اندر نمٹایا جائے اور ٹرائل کورٹس قانون میں مقررہ مدت پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔اگر مقدمے میں تاخیر ناگزیر ہو تو معقول وجوہات عدالتی ریکارڈ کا حصہ بنانا لازمی ہو گا،گواہوں کی عدم دستیابی یا وکیل کی التوا کی درخواست ازخود تاخیر کی معقول وجہ تصور نہیں کی جا سکتی،کسی عبوری حکم کو چیلنج کرنے کی صورت میں بھی ٹرائل جاری رکھا جائے گا اور حکم امتناع کے بغیر کارروائی نہیں روکی جا سکتی۔

    علاوہ ازیں سپریم کورٹ نے خلع کے بعد عدالتی طور پر ختم ہونے والے نکاح کو دوبارہ متنازعہ بنانے اور خاتون کی دوسری شادی چیلنج کرنے کیلئے فوجداری و سول کارروائی کا مسلسل استعمال قانون کا غلط استعمال اور ہراسانی قرار دیتے ہوئے سابق شوہر کی اپیل مسترد کر دی ۔ سپریم کورٹ نے واضح کیا کہ خلع کے بعد عدت کی تکمیل کے ساتھ نکاح ختم ہو جاتا اور اس کے بعد خاتون کو دوسری شادی کا مکمل قانونی حق حاصل ہوتا ہے جبکہ ایسے معاملات میں بلاجواز قانونی کارروائی کا استعمال عدالت کے عمل کے غلط استعمال کے مترادف ہے ،تفصیلی فیصلہ کے مطابق چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سی پی ایل اے نمبر 303-پی/2018 میں پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے اپیل خارج کرتے ہوئے 5 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا جو 30 دن میں خاتون کو ادا کرنا ہو گا۔

  • سیاسی پوسٹیں فوراً بلاک، بے ہودہ مواد کیوں نہیں؟ پشاور ہائیکورٹ

    سیاسی پوسٹیں فوراً بلاک، بے ہودہ مواد کیوں نہیں؟ پشاور ہائیکورٹ

    پشاور (ڈیلی پاکستان آن لائن)پشاور ہائیکورٹ میں ٹک ٹاک پر پابندی سے متعلق درخواست پر سماعت میں عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا سیاسی پوسٹیں فوراً بلاک ہو جاتی ہیں بے ہودہ مواد کیوں نہیں؟

    روزنامہ دنیا کے مطابق  سماعت جسٹس اعجاز انور اور جسٹس فرح جمشید پر مشتمل بینچ نے کی۔ درخواست گزار کے وکیل بیرسٹر بابر نے موقف اختیار کیا کہ ٹک ٹاک پر بے ہودہ ویڈیوز کی وجہ سے معاشرے میں بگاڑ پیدا ہو رہا۔ پی ٹی اے وکیل جہانزیب محسود نے بتایا کہ فائر وال کے حوالے سے رپورٹ جمع کرا دی گئی ہے ۔ انہوں نے سوشل میڈیا الگورتھم کے بارے میں بتایا کہ صارف کوئی مخصوص چیز دیکھتا ہے تو اسے اسی طرح کی مزید ویڈیوزدکھائی جاتی ہیں، سوشل میڈیا پر خاص مواد کنٹرول یا صرف بلاک کرنا تکنیکی طور پر بہت مشکل ہے تاہم پی ٹی اے اس پر کام کر رہا اور شکایت موصول ہونے پر متعلقہ اکاؤنٹس کو بلاک کر دیا جاتا ہے۔

    جسٹس اعجاز انور نے سخت ریمارکس دیتے ہوئے پوچھا جب کوئی سیاسی پوسٹ ہو اور حکومت اسے بلاک کرنا چاہے تو وہ تو فوراً بلاک ہو جاتی ہے لیکن جب بات بے ہودہ مواد کی ہو تو اسے کیوں بلاک نہیں کیا جا سکتا؟ وکیل پی ٹی اے نے آگاہ کیا کہ اب سوشل میڈیا کنٹرول کرنے کیلئے نئی باڈی سوشل میڈیا پروٹیکشن اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی قائم کی گئی ہے جو یہ تمام معاملات دیکھتی ہے ۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہا نئی اتھارٹی سے بھی جواب طلب کیا جائے ۔ عدالت نے استدعا منظور کر کے سوشل میڈیا پروٹیکشن اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی سے رپورٹ طلب اور سماعت ملتوی کر دی۔