Category: دلچسپ اور عجیب

  • انٹارکٹیکا سے ملنے والی ڈائنو سار کی ہڈی کی تصدیق میں 40 برس کیوں لگے؟

    انٹارکٹیکا سے ملنے والی ڈائنو سار کی ہڈی کی تصدیق میں 40 برس کیوں لگے؟

    40 برس سے آرکائیوز میں پڑے ایک فوسل سے متعلق یہ تصدیق کر دی گئی ہے کہ یہ انٹارکٹیکا میں دریافت ہونے والی پہلی ڈائنوسار کی ہڈی ہے۔

    یہ فوسل 1985 میں برٹش انٹارکٹک سروے کی ایک مہم کے دوران جیمز روس آئی لینڈ سے دریافت ہوا تھا۔ تاہم، اس وقت اسے غلطی سے ایک قدیم رینگنے والے جانور کی ہڈی سمجھ لیا گیا اور اسے ادارے کے جیولوجی آرکائیو میں محفوظ کر دیا گیا۔

    اب چار دہائیوں بعد جدید تجزیے سے معلوم ہوا ہے کہ یہ دراصل ایک ٹائٹینوسار کی دم کے مہرے کی ہڈی ہے۔ ٹائٹینوسار لمبی گردن اور دیوہیکل جسامت رکھنے والے سوروپوڈ ڈائنوسار کا ایک گروہ تھا۔

    ماہرین کے مطابق اس دریافت سے انٹارکٹیکا میں ڈائنوساروں پر تحقیق کا ایک نیا باب کھل گیا ہے کیونکہ اس سے قبل پورے براعظم سے سوروپوڈ ڈائنوسار کی صرف ایک ہی ہڈی دریافت ہوئی تھی۔

    نیچرل ہسٹری میوزیم سے تعلق رکھنے والے پال بیریٹ کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ حیران کن طور پر یہ انٹارکٹیکا میں دریافت ہونے والی پہلی ڈائنوسار کی ہڈی ہے لیکن سخت موسمی حالات میں ابتدائی شناخت کے دوران اسے غلط سمجھ لیا گیا تھا۔ اب جدید تحقیق نے ثابت کر دیا ہے کہ یہ واقعی ایک سوروپوڈ ڈائنوسار کی ہڈی ہے۔

  • تھائی لینڈ: انکلوژر سے 100 کے قریب بندر فرار، تلاش جاری

    تھائی لینڈ: انکلوژر سے 100 کے قریب بندر فرار، تلاش جاری

    تھائی لینڈ میں انکلوژر سے 100 کے قریب بندر فرار ہوگئے جن کی تلاش جاری ہے۔

    شہر لوپبُوری میں پیش آنے والے واقعے سے متعلق حکام کا کہنا تھا کہ منگل کی صبح بندر لوپبُوری میونسیپیلیٹی اینیمل نرسری سے فرار ہو گئے۔ تاہم، عملے نے ایک ہزار سے زائد دیگر بندروں کو انکلوثر سے باہر جانے سے روک لیا۔

    شہر کے میئر چمروئن سلاچیپ نے مقامی پولیس اور دیگر اداروں کو ہدایت کی ہے کہ فرار ہونے والے بندروں کو جلد از جلد پکڑا جائے تاکہ وہ شہری آبادی یا املاک کو نقصان نہ پہنچا سکیں۔

    لوپبوری شہر اپنے سالانہ ’منکی بوفے فیسٹیول کی وجہ سے دنیا بھر میں مشہور ہے۔ ماضی میں یہاں بڑی تعداد میں لمبی دم والے مکاک آزادانہ گھومتے تھے۔ تاہم، 2024 میں ڈیپارٹمنٹ آف نیشنل پارکس، وائلڈ لائف اینڈ پلانٹ کنزرویشن نے تقریباً 2500 بندروں کو پکڑ کر بڑے انکلوژر میں منتقل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    یہ اقدام اس وقت کیا گیا تھا جب خوراک کی تلاش میں بندروں کے جارحانہ رویے اور شہریوں کے ساتھ پیش آنے والے متعدد واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا تھا۔

  • امریکا: پنجوں کی 28 انگلیوں والا بلی کا بچہ

    امریکا: پنجوں کی 28 انگلیوں والا بلی کا بچہ

    گینیز ورلڈ ریکارڈز نے ٹوبی نامی بلی کے 10 ماہ کے بچے کو دنیا میں سب سے زیادہ پنجوں کی انگلیوں (28) کا مشترکہ عالمی ریکارڈ ہولڈر قرار دے دیا ہے۔

    امریکی ریاست مشیگن کے ہینڈرسن خاندان کی اس بلی کے بچے کی ایک ویٹرنری ڈاکٹر نے تصدیق کی کہ وہ 28 انگلیوں کے ساتھ پیدا ہوا۔ اس نے 2002 میں کینیڈا کی بلی جیک کے قائم کردہ ریکارڈ کی برابری کی۔

    عام طور پر بلیوں کی 18 انگلیاں ہوتی ہیں، جبکہ اضافی انگلیوں والی بلیوں کو پولی ڈیکٹائل کہا جاتا ہے۔

    بلی کی مالکن ڈیلانے ہینڈرسن نے بتایا کہ جب انہوں نے پہلی بار ٹوبی کے پنجے دیکھے تو وہ حیران رہ گئیں۔

    ان کے مطابق انہیں اندازہ تھا کہ اس کے اضافی ‘انگوٹھے’ ہوں گے، لیکن اس کے پنجے دیکھ کر وہ واقعی دنگ رہ گئیں۔

    انہوں نے کہا کہ ٹوبی کے معصوم چہرے اور ہر وقت گنگنانے کی عادت نے انہیں فوراً اپنا گرویدہ بنا لیا اور انہیں محسوس ہوا کہ یہ بلی ان کی زندگی کا حصہ بننے کے لیے ہی آئی ہے۔

    مالکان کے مطابق ٹوبی کے اضافی پنجے اس کی صحت یا چلنے پھرنے میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں بنتے۔ اس کے 30 ناخن ہیں، اس لیے صرف ناخن تراشنا معمول سے زیادہ توجہ طلب کام ہے، ورنہ وہ مکمل طور پر ایک صحت مند اور عام بلی کی طرح زندگی گزار رہا ہے۔

  • ویسپا کی 80 ویں سالگرہ کے موقع پر خصوصی تقریبات کا انعقاد

    ویسپا کی 80 ویں سالگرہ کے موقع پر خصوصی تقریبات کا انعقاد

    اطالوی ثقافت اور ڈیزائن کی عالمی علامت بننے والی مشہور اسکوٹر ویسپا اپنی 80ویں سالگرہ کے موقع پر ایک بار پھر روم کی سڑکوں کی زینت بن گئی ہے، جہاں خصوصی تقریبات کا آغاز ہو چکا ہے۔

    ’ویسپا روما 2026–ایک آئیکون کے 80 سال‘ کے نام سے ہونے والی چار روزہ تقریبات 25 جون سے شروع ہوئیں جو 28 جون تک جاری رہیں گی، جن کا مرکز شہر کا اسپورٹس کمپلیکس  ہیں۔ اس موقع پر ایک ’ویسپا ولیج‘ قائم کیا گیا ہے جہاں نمائشیں، ریلیاں، ریسیں اور مختلف کلب ایونٹس منعقد کیے جا رہے ہیں۔

    ویسپا کو 1946 میں کمپنی پیایجو نے متعارف کرایا تھا، جو دوسری جنگِ عظیم کے بعد اٹلی کی بحالی کی علامت بن گئی۔ یہ اسکوٹر نہ صرف سستی اور عملی تھا بلکہ اپنے اسٹائل کی وجہ سے عالمی سطح پر بھی مقبول ہو گئی۔

    یہ مشہور اسکوٹر ہالی وڈ فلم ’رومن ہالیڈے‘ سمیت متعدد فلموں میں بھی دکھائی دی، جس نے اسے مزید شہرت بخشی۔

    گزشتہ 80 برسوں میں ویسپا کی تقریباً 160 بار نئی ڈیزائن اپ ڈیٹس کی گئیں اور اب تک دنیا بھر میں اس کے دو کروڑ  سے زائد یونٹس فروخت ہو چکے ہیں۔

    آج ویسپا دنیا کے تقریباً 100 ممالک میں فروخت کیاجا رہی ہے اور اٹلی کے ساتھ ساتھ ویتنام اور بھارت میں بھی اس کو تیاری کیا جاتا ہے۔

  • غلطی سے اصلی پولیس افسر کو روکنے پر جعلی پولیس اہلکار گرفتار

    غلطی سے اصلی پولیس افسر کو روکنے پر جعلی پولیس اہلکار گرفتار

    امریکا کی ریاست فلوریڈا میں ایک شخص کو پولیس افسر بننے کا ڈراما اس وقت مہنگا پڑ گیا جب اس نے غلطی سے ایک حقیقی پولیس اہلکار کی گاڑی روکنے کی کوشش کی اور خود گرفتار ہو گیا۔

    46 سالہ نادی جباری پر الزام ہے کہ اس نے اپنی گاڑی میں سرخ اور نیلی ایمرجنسی لائٹس نصب کر رکھی تھیں اور خود کو پولیس افسر ظاہر کرتے ہوئے ایک گاڑی کو رکنے کا اشارہ دیا۔

    تاہم، جس گاڑی کو اس نے روکنے کی کوشش کی، وہ ایک خفیہ ڈیوٹی پر موجود شیرف ڈپٹی چلا رہا تھا۔ اہلکار نے فوری طور پر دیگر پولیس ٹیموں کو موقع پر طلب کیا، جس کے بعد ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔

    حکام کے مطابق نادی جباری کے خلاف قانون نافذ کرنے والے ادارے کا جعلی اہلکار بننے اور اسلحہ رکھنے سمیت مختلف الزامات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ یہ بھی معلوم نہیں ہو سکا کہ وہ پولیس افسر کا روپ دھارنے کی کوشش کیوں کر رہا تھا۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

    یہ واقعہ 24 جون کو امریکی ریاست فلوریڈا کے علاقے تھونوتوساسا میں پیش آیا، جو شہر ٹمپا سے تقریباً 15 میل کے فاصلے پر واقع ہے۔

  • جاپان: فراڈ سے بچاؤ کیلئے ورچوئل پولیس افسر متعارف

    جاپان: فراڈ سے بچاؤ کیلئے ورچوئل پولیس افسر متعارف

    جاپان نے بڑھتے ہوئے آن لائن فراڈ اور سائبر دھوکا دہی کے خلاف اپنی مہم کے تحت ’اے آئی کو‘ (AIKO) نامی مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی ورچوئل پولیس افسر متعارف کرا دیا ہے۔

    اوساکا پریفیکچرل پولیس کی جانب سے متعارف کرائی گئی ’اے آئی کو‘ یوٹیوب پر ایک نوجوان خاتون کی شکل اور آواز میں عوام کو فراڈ سے بچاؤ کے طریقے بتاتی ہے۔ وہ خبردار کرتی ہے کہ اگر کوئی شخص ویڈیو کال پر خود کو پولیس افسر ظاہر کرے تو غالب امکان ہے کہ وہ دھوکا باز ہو۔

    اے آئی کو کا آغاز ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب جاپان میں گزشتہ سال سرمایہ کاری، رومانوی تعلقات اور جعلی پولیس افسران یا مشہور شخصیات کے نام پر ہونے والے فراڈ کے باعث شہریوں کو دو ارب ڈالر سے زائد کا نقصان اٹھانا پڑا۔

    اے آئی کو نام میں ’اے آئی‘ سے مراد مصنوعی ذہانت جبکہ ’کو‘ جاپانی خواتین کے ناموں میں استعمال ہونے والا ایک عام لاحقہ ہے۔

    یہ ورچوئل پولیس افسر حقیقی فراڈ کالز اور گفتگوؤں کی بنیاد پر تیار کی گئی ویڈیوز کے ذریعے عوام کو بتاتی ہے کہ دھوکا باز کس طرح لوگوں کو اپنے جال میں پھنساتے ہیں اور کن علامات سے فراڈ کی بروقت نشاندہی کی جا سکتی ہے۔

  • چین کے چڑیا گھر میں ریچھ بننے کی نوکری،سالانہ ایک لاکھ یوآن تنخواہ کا اشتہار وائرل

    چین کے چڑیا گھر میں ریچھ بننے کی نوکری،سالانہ ایک لاکھ یوآن تنخواہ کا اشتہار وائرل

     چین کے ایک چڑیا گھر کی جانب سے ریچھ کا لباس پہن کر زائرین کو محظوظ کرنے کے لیے ملازمین کی بھرتی کا منفرد اشتہار سوشل میڈیا پر صارفین کی توجہ کا مرکز بنا ہواہے۔

    چین کے صوبہ ہینان کے شہر لووہے میں واقع ایک چڑیا گھر نے ملازمت کا دلچسپ اشتہار جاری کیا ہے، جس میں افراد کو سیاہ ریچھ کا لباس پہن کر چڑیا گھر میں گھومنے اور آنے والے مہمانوں کے ساتھ تفریحی انداز میں وقت گزارنے کی دعوت دی گئی ہے۔

    اشتہار کے مطابق منتخب امیدواروں کو سالانہ ایک لاکھ یوآن، یعنی تقریباً 15 ہزار امریکی ڈالر تنخواہ دی جائے گی۔ ملازمت کے لیے مرد و خواتین دونوں درخواست دے سکتے ہیں، تاہم امیدوار کی عمر کم از کم 18 سال اور جسمانی صحت بہتر ہونا ضروری ہے۔

    اس منفرد ملازمت میں روزانہ 6 گھنٹے کام کرنا ہوگا جبکہ ملازمین کو ماہانہ 4 چھٹیاں بھی فراہم کی جائیں گی۔چڑیا گھر کی انتظامیہ کے مطابق ریچھ کا کردار ادا کرنے والے ملازمین کو زائرین سے بات کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، البتہ وہ ریچھوں جیسی آوازیں نکال سکیں گے۔ تاہم ہنگامی صورتحال یا مدد کی ضرورت پڑنے پر بولنے کی اجازت ہوگی۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ملازمین کو سیاحوں کی جانب سے پیش کیے جانے والے کھانے پینے کی اشیا بھی قبول کرنا ہوں گی۔

    اشتہار میں اس ملازمت کو چڑیا گھر کی سب سے آزاد نوکری قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اگر ملازم تھکا ہوا محسوس کرے تو آرام سے لیٹ سکتا ہے، جبکہ توانائی محسوس ہونے پر ناچ سکتا ہے، درختوں پر چڑھ سکتا ہے یا مچھلی پکڑنے جیسی سرگرمیوں میں حصہ لے سکتا ہے۔

    چڑیا گھر کے مطابق یہ ملازمت ملنسار اور کم گو، دونوں قسم کے افراد کے لیے موزوں ہے کیونکہ اس میں زبانی گفتگو کی ضرورت نہیں ہوتی۔اشتہار میں امیدواروں کو ترغیب دی گئی کہ وہ جتنا منفرد اور مزاحیہ انداز اپنائیں گے، اتنے ہی زیادہ مقبول ہوں گے۔

    رپورٹس کے مطابق ملازمت کی تمام اسامیاں چند ہی دنوں میں پُر ہو گئیں جبکہ 100 سے زائد افراد نے درخواستیں جمع کرائیں۔

  • بھارت میں بچے کی پیدائش پر سونے کی انگوٹھی بطور تحفہ دینے کا اعلان

    بھارت میں بچے کی پیدائش پر سونے کی انگوٹھی بطور تحفہ دینے کا اعلان

    بھارت کی ریاست تامل ناڈو میں حکومت کی جانب سے بچے کی پیدائش پر سونے کی انگوٹھی بطور تحفہ دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق تامل ناڈو کے وزیر اعلیٰ وجے نے ‘تھائی ممن گولڈ رنگ اسکیم’ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ حکومت اس اسکیم کیلئے سالانہ 755.83 کروڑ بھارتی روپے مختص کرے گی۔

    اسکیم کے تحت ریاست کے سرکاری اسپتال میں پیدا ہونے والے بچوں کو ایک گرام کی سونے کی انگوٹھی بطور تحفہ دی جائے گی۔ رواں ماہ کی 22 تاریخ کو سرکاری اسپتالوں میں پیدا ہونے والے بچے اس اسکیم سے فائدہ اٹھا سکیں گے جبکہ اس اسکیم کا باقاعدہ آغاز 15 ستمبر کو کیا جائے گا۔

    حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد نومولود بچوں اور ان کے خاندانوں کے لیے خوشی کا اظہار کرنے کے ساتھ ساتھ سرکاری اسپتالوں میں زچگی کی سہولیات کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔

  • دنیا کا سب سے طویل العمر پیراکیٹ (طوطا) کتنے برس کا ہو گیا؟ گنیز بک میں نام شامل

    دنیا کا سب سے طویل العمر پیراکیٹ (طوطا) کتنے برس کا ہو گیا؟ گنیز بک میں نام شامل

    امریکی ریاست جنوبی کیرولائنا کے ایک خاندان کے پالتو پیراکیٹ (طوطے) ’اسپوڈلز‘ کو گنیز ورلڈ ریکارڈز کی جانب سے باضابطہ طور پر دنیا کا معمر ترین زندہ پیراکیٹ قرار دے دیا گیا ہے۔ گنیز بک کے مطابق اس منفرد پرندے کی عمر 32 سال اور 86 دن ریکارڈ کی گئی ہے۔

    چارلسٹن کی رہائشی امانڈا بیتھ کے پالتو پرندے اسپوڈلز نے یہ منفرد اعزاز ایک ایسے وقت میں حاصل کیا ہے جب عام طور پر قید میں پالے جانے والے پیراکیٹس کی اوسط عمر محض 15 سے 20 سال ہوتی ہے۔ اسپوڈلز نے اپنی اوسط عمر سے کہیں زیادہ جی کر ماہرین اور پرندوں کے شوقین افراد کو حیران کر دیا ہے۔

    پرندے کی مالکن امانڈا بیتھ نے بتایا کہ انہیں اسپوڈلز 1997 میں ان کی والدہ نے تحفے میں دیا تھا اور اس وقت اس کی عمر تقریباً 3 سال تھی۔ وہ گزشتہ کئی دہائیوں سے اس پرندے کی دیکھ بھال کر رہی ہیں۔

    اسپوڈلز کی اس غیرمعمولی عمر اور عالمی ریکارڈ نے اسے دنیا بھر میں ایک منفرد شناخت دلائی ہے اور یہ پرندوں سے محبت کرنے والوں کے لیے حیرت اور خوشی کا باعث بنا ہوا ہے۔

  • کروشیا میں موجود انوکھا گھر

    کروشیا میں موجود انوکھا گھر

    یورپی ملک کروشیا میں ایک ایسا انوکھا گھر موجود ہے جسے دیکھ کر ہر کوئی حیران رہ جاتا ہے۔

    بول نامی قصبے میں ’ہاؤس اِن اے ہاؤس‘ یا ’Paloc‘ کے نام سے مشہور یہ عمارت ایک بڑے ادھورے محل کے اندر موجود چھوٹا سا گھر ہے، جو بظاہر ایسا لگتا ہے جیسے دیواروں میں قید ہو۔

    مقامی روایت کے مطابق 19 ویں صدی کے آخر میں امیر سمندری کاروباری وُکووِچ نے اس جگہ ایک شاندار محل بنانے کا منصوبہ بنایا اور اردگرد کی تمام زمینیں خرید لیں، مگر ایک شخص مارکو ’سیلا‘ نے اپنا گھر فروخت کرنے سے صاف انکار کر دیا۔

    کہا جاتا ہے کہ جب ہر کوشش ناکام ہوئی تو محل کی تعمیر اسی گھر کے گرد شروع کر دی گئی، تاکہ تنگ ماحول سے تنگ آ کر مالک گھر بیچنے پر مجبور ہو جائے۔ لیکن مارکو اپنے فیصلے پر قائم رہا، یوں اس کا گھر آج بھی بڑے محل کے اندر موجود ہے اور ضد اور عزم کی ایک منفرد علامت سمجھا جاتا ہے۔

    یہ عجیب و غریب عمارت آج بھی سیاحوں کی توجہ کا مرکز ہے اور  کروشیا کے منفرد تاریخی مقامات میں شمار کی جاتی ہے۔