Category: خبریں

  • کراچی سمیت ملک بھر کے لیے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں اضافے کا امکان

    کراچی سمیت ملک بھر کے لیے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں اضافے کا امکان

    کراچی سمیت ملک بھر کے لیے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں اضافے کا امکان ہے جس کے لیے سی پی پی اے نے نیپرا میں درخواست دائر کر دی ہے۔

    سی پی پی اے نے بجلی کی قیمت میں 82 پیسے فی یونٹ اضافے کے لیے درخواست جمع کروائی ہے، مئی کے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی درخواست پر نیپرا اتھارٹی کل سماعت کرے گی۔

    درخواست کی منظوری کی صورت میں صارفین پر تقریباً 12 ارب روپے کا اضافی مالی بوجھ پڑ سکتا ہے۔

    درخواست کے مطابق مئی کے دوران 12 ارب 63 کروڑ 80 لاکھ یونٹس بجلی پیدا کی گئی۔ بجلی کی اوسط فیول لاگت 9 روپے 25 پیسے فی یونٹ رہی جبکہ مئی میں فی یونٹ فیول لاگت کا تخمینہ 8 روپے 43 پیسے لگایا گیا تھا۔

    مئی میں پانی سے 33.27 فیصد، مقامی کوئلے سے 11.66 فیصد، درآمدی کوئلے سے 13.54 فیصد، فرنس آئل سے 0.16 فیصد اور مقامی گیس سے 8.31 فیصد بجلی پیدا ہوئی۔

    نیپرا سی پی پی اے کی درخواست کے اعداد و شمار کا جائزہ لے کر فیصلہ جاری کرے گی۔

  • امریکا اور ایران کا ایک دوسرے پر حملے روکنے اور امن مذاکرات دوبارہ شروع کرنے پر اتفاق

    امریکا اور ایران کا ایک دوسرے پر حملے روکنے اور امن مذاکرات دوبارہ شروع کرنے پر اتفاق

    امریکا اور ایران کے درمیان ایک دوسرے پر حملے روکنے اور آبنائے ہرمز کے تنازع کو حل کرنے کے لیے امن مذاکرات دوبارہ شروع کرنے پر اتفاق ہو گیا ہے۔

    برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق، اتوار کے روز ایک امریکی عہدیدار نے بتایا کہ دونوں ملکوں نے حالیہ حملوں کو روکنے اور مذاکرات کو دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس سے 17 جون کو ہونے والے چودہ نکاتی امن معاہدے کے بچنے کی امید پیدا ہو گئی ہے۔

    امریکی عہدیدار نے کہا کہ ”اس امن معاہدے کے تمام نکات پر تکنیکی بات چیت جاری رہے گی، فی الحال دونوں فریقین اپنے اپنے حملے روک رہے ہیں اور اب سمندر میں تجارتی جہاز بغیر کسی ڈر کے آزادانہ طور پر آ جا سکتے ہیں۔“

    امریکی میڈیا کے مطابق یہ اہم مذاکرات منگل کے دن سے قطر میں دوبارہ شروع ہوں گے۔

    اس سے پہلے صورتِ حال انتہائی خراب ہو چکی تھی اور دونوں ملکوں نے ایک دوسرے پر جنگ بندی توڑنے کے سنگین الزامات لگائے تھے۔

    اتوار کی صبح ایران نے کویت اور بحرین میں قائم امریکی فوجی اڈوں پر میزائلوں اور ڈرونز سے حملہ کیا تھا۔ یہ کارروائی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان کے کچھ ہی دیر بعد کی گئی تھی جس میں انہوں نے سوشل میڈیا پر ایران کو کھلی دھمکی دی تھی۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ ”ایک وقت ایسا آ سکتا ہے جب ہم مزید نرمی نہ دکھا سکیں اور ہمیں اس کام کو فوجی طاقت سے مکمل کرنا پڑے گا جو ہم نے کامیابی سے شروع کیا تھا۔“

    انہوں نے مزید دھمکی دی تھی کہ اگر ایسا ہوا تو ایران کا نام و نشان مٹ جائے گا۔

    امریکی صدر کا یہ بیان ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کے بجائے دوسرے راستے سے نکلنے کی کوشش کرنے والے دو بحری جہازوں پر ڈرون حملوں کے بعد سامنے آیا تھا۔ ان ڈرون حملوں کے جواب میں امریکا نے ایران کے کئی شہروں پر بمباری کی تھی۔

  • لاہور سمیت پنجاب بھر میں شدید گرمی، یکم جولائی سے بارشوں کا امکان

    لاہور سمیت پنجاب بھر میں شدید گرمی، یکم جولائی سے بارشوں کا امکان

    ویب ڈیسک: لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں پیر کی صبح سے ہی شدید دھوپ اور گرمی کی لہر برقرار رہی، جس کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق بارش برسانے والا نیا موسمی نظام کل پاکستان میں داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے اثرات کے تحت پنجاب کے مختلف اضلاع میں شام کے اوقات میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ یکم جولائی سے پنجاب کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں، آندھی اور بارش کا امکان ہے، جس سے گرمی کی شدت میں کمی آنے کی توقع ہے۔

    لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت چار ڈگری اضافے کے بعد 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

    ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ شدید گرمی کے دوران غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں، پانی اور دیگر مشروبات کا زیادہ استعمال کریں، جبکہ دھوپ میں نکلتے وقت سر کو ڈھانپنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کو یقینی بنائیں۔

  • سیکیورٹی فورسز کی پاک افغان سرحد پر کارروائی، 29 دہشتگرد ہلاک

    سیکیورٹی فورسز کی پاک افغان سرحد پر کارروائی، 29 دہشتگرد ہلاک

    ملک میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے بعد سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پر انٹیلی جینس آپریشن کرتے ہوئے فتنۃ الخوارج کے 29 کارندوں کو ہلاک کردیا۔

    اٹھائیس جون کو سیکیورٹی فورسز نے باجوڑ میں آپریشن کیا جس میں خارجی کمانڈر خان فروش عرف زابل 3 دہشتگردوں سمیت ہلاک ہوگیا۔ ان دہشت گردوں کا تعلق بھارتی پراکسی جماعت الاحرار سے تھا۔ 

    اس کے علاوہ پکتیا، پکتیکا اور کنڑ میں بھی کارروائی کی گئی جس میں 25 دہشت گرد مارے گئے۔ ان مراکز میں دہشت گردوں نے بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی ذخیرہ کر رکھا تھا جو تباہ ہوگیا۔ 

    آپریشن عزم استحکام کے تحت دہشت گردوں اور فتنۃ الخوارج کے خلاف پاکستانی سیکیورٹی فورسز کے آپریشن جاری ہیں اور تب تک جاری رہیں گے جب تک غیر ملکی پیسے اور حمایت سے پاکستان میں دہشت گردی کی وارداتیں بند نہیں ہو جاتیں۔

  • کراچی رینجرز کیمپ حملے میں پکڑے گئے افغان دہشتگرد کے سنسنی خیز انکشافات

    کراچی رینجرز کیمپ حملے میں پکڑے گئے افغان دہشتگرد کے سنسنی خیز انکشافات

    کراچی میں ہفتے کو رینجرز کیمپ پر ہونے والے حملے میں گرفتار ہونے والے افغان دہشتگرد نے تفتیش کے دوران انتہائی ہوشربا اور سنسنی خیز انکشافات کیے ہیں۔ اس تفتیش کے بعد دہشتگرد تنظیم جماعت الاحرار اور افغانستان میں موجود نیٹ ورک کے آپس میں تعلق کے واضح شواہد سامنے آ گئے ہیں۔

    حملے کے دوران زخمی حالت میں گرفتار ہونے والے دہشتگرد عثمان نے اپنے بیان میں اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ افغانستان کے علاقے جلال آباد سے پاکستان آیا ہے۔

    عثمان نے بتایا کہ حملے میں ملوث دیگر تین دہشتگرد عبدالہادی، جانان اور عمر فاروق اس کے قریبی ساتھی تھے، جن میں سے اس کے ساتھ آنے والے دہشتگرد جانان نے رینجرز کیمپ پر بم پھینکا تھا اور عبدالہادی موقع پر ہی مارا جا چکا تھا۔

    عثمان نے بتایا کہ وہ سب لوگ اس کارروائی سے ٹھیک سات دن پہلے پاکستان داخل ہوئے تھے۔

    عثمان کے مطابق مارا جانے والا عبدالہادی اصل میں باجوڑ کا رہائشی تھا، اور پاکستان پہنچنے کے بعد ان سب کو ایک زیرِ تعمیر عمارت میں چھپا کر رکھا گیا تھا، جبکہ حملے میں استعمال ہونے والا سارا اسلحہ اور بارود عبدالہادی خود وزیرستان سے لے کر آیا تھا۔

    یاد رہے کہ ہفتے کی رات کراچی کے علاقے صفورہ میں یونیورسٹی روڈ پر موسمیات چورنگی کے قریب واقع پاکستان رینجرز سندھ کے کیمپ پر جماعت الاحرار کے دہشتگردوں نے حملہ کیا تھا۔ دہشتگردوں نے دھماکہ کر کے کیمپ کے اندر گھسنے کی کوشش کی، لیکن وہاں تعینات رینجرز کے جوانوں نے بنا وقت ضائع کیے انتہائی پھرتی سے جوابی کارروائی کر کے ان کا یہ ارادہ مٹی میں ملا دیا۔

    اس شدید مقابلے میں وطنِ عزیز کے تین رینجرز اہلکار شہید اور چار جوان زخمی ہوئے، جبکہ تین حملہ آور مارے گئے اور عثمان کو زخمی حالت میں زندہ پکڑ لیا گیا تھا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ پاکستان اپنے شہداء کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لے گا اور عزمِ استحکام آپریشن کے تحت دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف یہ جنگ پوری طاقت سے جاری رہے گی۔

    کراچی حملے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پر ایک بڑا اور کامیاب انٹیلی جینس آپریشن کیا، جس میں فتنہ الخوارج کے 29 کارندے مارے گئے۔

    وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے اس جوابی کارروائی کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے باجوڑ کے علاقے میں 28 جون کو آپریشن کیا، جس میں دہشتگردوں کا بڑا خارجی کمانڈر خان فروش عرف زابل اپنے تین ساتھیوں سمیت ہلاک ہو گیا۔

    وزیر اطلاعات نے بتایا کہ پاکستانی فورسز نے سرحد پار افغان صوبوں پکتیا، پکتیکا اور کنڑ میں بھی آپریشن کیا، جہاں مزید 25 دہشتگرد مارے گئے اور ان کے ٹھکانوں میں چھپایا گیا بھاری اسلحہ و گولہ بارود پوری طرح تباہ کر دیا گیا۔

    عطاء تارڑ کے مطابق ان تمام دہشتگردوں کا تعلق اسی جماعت الاحرار سے تھا جو پاکستان میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کر رہی تھی۔

  • ڈیف ،بلائنڈ بوجھ ہیں نہ بیکاربلکہ حوصلے اور خودداری کی جیتی جاگتی تصویر ہیں:وزیراعلیٰ مریم نواز

    ڈیف ،بلائنڈ بوجھ ہیں نہ بیکاربلکہ حوصلے اور خودداری کی جیتی جاگتی تصویر ہیں:وزیراعلیٰ مریم نواز

    لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ڈیف بلائنڈ نس ڈے پر پیغام میں کہا کہ بیک وقت سماعت اور بصیرت سے محروم افرا د بہت ہی سپیشل افراد ہیں۔ڈیف بلائنڈ نہ بوجھ ہیں نہ بیکاربلکہ حوصلے اور خودداری کی جیتی جاگتی تصویر ہیں۔

    وزیراعلیٰ مریم نواز  نے کہاکہ ڈیف بلائنڈ افراد کی سرپرستی اور حوصلہ افزائی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ سپیشل افراد کی بحالی احسان نہیں ان کا حق ہے۔ ہمت کارڈ کے ذریعے ڈیف بلائنڈ سمیت تمام سپیشل افراد کی باعزت معاشی معاونت کررہے ہیں۔ ڈیف بلائنڈ سمیت سپیشل افراد کو معاون آلات فراہم کرکے زندگی کی دوڑ میں شمولیت کیلئے باعزت طریقے سے راستہ ہموار کررہے ہیں۔

    وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہاکہ سپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے تحت سپیشل ایجوکیشن مراکز کو سنٹر آف ایکسی لینس میں تبدیل کیا جارہا ہے۔ ڈیف بلائنڈ سمیت تمام خصوصی بچوں کو جدید تعلیم کے مواقع فراہم کیے جارہے ہیں۔ چاہتے ہیں کہ کوئی بچہ زندگی کی دوڑ میں اس لیے پیچھے نہ رہ جائے کہ وہ دیکھ یا سن نہیں سکتا۔

  • گورنر خیبر پختونخوا کا مرحوم نوابزادہ نصراللہ کے بڑے بیٹے نوابزادہ نثار احمد خان کی وفات پراظہار افسوس

    گورنر خیبر پختونخوا کا مرحوم نوابزادہ نصراللہ کے بڑے بیٹے نوابزادہ نثار احمد خان کی وفات پراظہار افسوس

    پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن)گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے معروف سیاستدان مرحوم نوابزادہ نصراللہ خان کے بڑے بیٹے نوابزادہ نثار احمد خان کی وفات پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

     گورنر خیبر پختونخوا نے مرحوم کے بھائیوں نوابزادہ منصور احمد خان ، رکن قومی اسمبلی نوابزادہ افتخار احمد خان، نوابزادہ ابرار احمد خان، نوابزادہ اسرار احمد خان اور دیگر لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔

     انہوں نے مرحوم کی مغفرت بلندی درجات کی دعا کی۔ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے مرحوم کے تمام لواحقین کےلیے بھی صبر جمیل کی دعا کی۔

  • امنِ پاکستان کے دشمنوں کو ہر محاذ پر عبرتناک شکست دی جائے گی: وزیر اعظم

    امنِ پاکستان کے دشمنوں کو ہر محاذ پر عبرتناک شکست دی جائے گی: وزیر اعظم

    کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے علاقوں خاران اور مستونگ میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے ۔

     وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کر کے بہادر سیکیورٹی فورسز نے ان کے دہشت گردی کے مذموم عزائم ناکام بنائے۔ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں اور فتنہ الہندوستان سمیت ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں، قوم ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، امنِ پاکستان کے دشمنوں کو ہر محاذ پر عبرتناک شکست دی جائے گی۔

  • محرم الحرام کے دوران وفاقی حکومت کا سوشل میڈیا کی مانیٹرنگ سخت کرنے کا حکم

    محرم الحرام کے دوران وفاقی حکومت کا سوشل میڈیا کی مانیٹرنگ سخت کرنے کا حکم

    وفاقی حکومت کی جانب سے محرم الحرام کے دوران نفرت انگیز اور مذہبی اشتعال انگیز مواد کی روک تھام کے لیے سوشل میڈیا کی کڑی نگرانی کا حکم دے دیا۔

    وزارت داخلہ کے جوائنٹ سیکرٹری فیٹف کی جانب سے جاری کردہ مراسلے کے مطابق سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد کی گردش اور مذہبی اشتعال انگیزی کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ایسی سرگرمیاں ملک میں فرقہ وارانہ تقسیم کو ظاہر کرتی ہیں اور اس سے اشتعال انگیزی کے واقعات میں اضافے کا خدشہ ہے۔ ملک کو سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے نفرت انگیز اور گستاخانہ مواد کے باعث عسکریت پسندی کی نئی لہر کا سامنا ہے۔

    وزارت داخلہ کے مطابق موجودہ صورتحال کے پیشِ نظر ملک  کسی بھی فرقہ وارانہ انتشار کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ سوشل میڈیا وعسکریت پسندی سے وابستہ تمام فرقہ وارانہ تنظیموں و منسلک عناصر سمیت  شعلہ بیان مقررین کی کڑی مانیٹرنگ یقنی بنائی جائے۔

    مراسلے میں مزید کہا گیا کہ محرم الحرام کے دوران شعلہ بیان مقررین پر اضلاع میں داخلے اور بیان پر پابندی عائد کر کے انہیں متعلقہ اضلاع تک محدود رکھا جائے۔

    حکومت کی طرف سے سوشل میڈیا کی سخت مانٹیرنگ کے لیے چاروں صوبوں سمیت آزاد جموں وکشمیر اور گلگت بلتستان کے چیف سیکرٹریز اور آئی جی پولیس  کو مراسلہ جاری کردیا گیا ہے۔

  • موبائل فون سروس صرف جلوس اور مجالس والے علاقوں میں بند رہے گی

    موبائل فون سروس صرف جلوس اور مجالس والے علاقوں میں بند رہے گی

    لاہور: نویں اور دسویں محرم الحرام کو سیکیورٹی اور امن و عامہ کی صورتحال کے پیش نظر موبائل سروس بند رکھنے سے متعلق فیصلہ ہو گیا۔

    سیکرٹری داخلہ پنجاب کے مطابق لاہور میں محرم الحرام کے دوران موبائل فون سروس بند نہیں ہو گی۔ موبائل سروس صرف جلوس اور مجالس والے علاقوں میں ہی معطل کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کسی بھی شہر میں مکمل طور پر موبائل سروس معطل نہیں کی جائے گی۔ اکثریتی اضلاع میں 9 اور 10 محرم کو صبح 8 بجے سے رات 10 بجے تک جزوی طور پر موبائل سروس بند رہے گی۔

    لاہور، قصور، شیخوپورہ، سرگودھا، خوشاب، سیالکوٹ، اٹک، جہلم اور چکوال میں موبائل فون سروس بند نہیں ہو گی۔ اس کےعلاوہ ملتان، خانیوال، لودھراں، وہاڑی، ساہیوال، پاکپتن، اوکاڑہ اور چنیوٹ میں موبائل سروس بحال رہے گی۔

    گوجرانولہ، نارووال اور ٹوبہ ٹیک سنگھ اور بھکر میں جزوی طور پر موبائل سروس معطل ہو گی۔ منڈی بہاوالدین، وزیر آباد اور راجنپور میں بھی جزوی طور پر موبائل سروس بند ہو گی۔

    فیصل آباد، بہاولنگر اور حافظ آباد میں بھی جزوی طور پر موبائل سروس معطل ہو گی۔ راولپنڈی میں 28 مقامات، رحیم یار خان 15، میانوالی اور بہاولپور میں 11 پر موبائل سروس معطل رہے گی۔ لیہ میں 10، مظفرگڑھ میں 7 اور ننکانہ صاحب میں 6 مقامات پر موبائل فون سروس بند رہے گی۔

    جن علاقوں میں موبائل سروس کی بندش نویں اور دسویں محرم الحرام کو ہو گی ان میں راولپنڈی، فیصل آباد، جھنگ، بہاولپور اور بہاولنگر کے چند علاقے شامل ہیں۔

    محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق امن و امان کے قیام اور شہریوں کی حفاظت کے لیے مخصوص مقامات پر موبائل سروس معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔