Category: خبریں

  • ملک میں مون سون کا نیا اسپیل داخل ہونے کو تیار

    ملک میں مون سون کا نیا اسپیل داخل ہونے کو تیار

      سٹی 42:محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ مون سون کا نیا اسپیل آج سے ملک میں داخل ہو رہا ہے، جس کے باعث 25 جولائی تک بالائی اور وسطی علاقوں میں موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر شدید بارش بھی ہو سکتی ہے۔

    شدید بارشوں کے پیش نظر شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ بھی موجود ہے۔

    عوام اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ممکنہ موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں، خصوصاً نشیبی اور پہاڑی علاقوں میں۔

  • بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن شعبان جاری، 3 مزید دہشتگرد مارے گئے

    بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن شعبان جاری، 3 مزید دہشتگرد مارے گئے

    کوئٹہ: پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور مقامی پولیس کی جانب سے جاری مشترکہ آپریشن شعبان کے دوران سیکیورٹی فورسز نے بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے مزید 3 خطرناک دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔

    نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق علاقے میں فتنۃ الخوارج کے خلاف یہ کارروائیاں نہایت شدت کے ساتھ جاری ہیں۔

    سیکیورٹی ذرائع نے تصدیق کی کہ فورسز دہشت گردوں کے خلاف زمین اور فضا سے مربوط کارروائیاں کر رہی ہیں۔ ان مربوط حملوں کے نتیجے میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا ہے جس سے انہیں بھاری جانی و مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    آپریشن شعبان کے حالیہ مرحلے میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی مجموعی تعداد اب 88 تک پہنچ گئی ہے۔ سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ فورسز علاقے سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور انٹیلی جنس کی بنیاد پر کی جانے والی کارروائیوں میں تیزی لائی گئی ہے۔

    مجموعی اعداد و شمار کے مطابق 5 جولائی سے لے کر اب تک آپریشن شعبان اور دیگر انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں میں ہلاک ہونے والے خارجی دہشت گردوں کی کل تعداد 126 ہو چکی ہے۔ حکام کے مطابق یہ آپریشن آخری دہشت گرد کے منطقی انجام تک بلا تعطل جاری رہے گا۔

    بلوچستان میں قیام امن کے لیے سیکیورٹی فورسز اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لا رہی ہیں۔ ان کارروائیوں کا مقصد علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی اور ان کے نیٹ ورکس کو مکمل طور پر ختم کرنا ہے تاکہ مقامی آبادی کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔

    سیکیورٹی فورسز کا عزم ہے کہ ملک دشمن عناصر کو چھپنے کے لیے کوئی جگہ نہیں دی جائے گی۔ آپریشن شعبان کے دوران فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور حکمت عملی نے دہشت گردوں کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے، جبکہ علاقے میں سیکیورٹی کے انتظامات کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔

    دوسری جانب عوام سیکیورٹی فورسز کی ان کامیاب کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کر رہے ہیں۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ جب تک صوبے کے ہر کونے سے فتنے کے ان عناصر کا مکمل خاتمہ نہیں ہو جاتا، سیکیورٹی آپریشنز کی رفتار میں کسی قسم کی کوئی کمی نہیں لائی جائے گی۔

  • پاکستان، افغانستان، ازبکستان ریلوے منصوبے کی فزیبلٹی سٹڈی معاہدے پر دستخط

    پاکستان، افغانستان، ازبکستان ریلوے منصوبے کی فزیبلٹی سٹڈی معاہدے پر دستخط

    پاکستان، افغانستان اور ازبکستان کے وزرائے خارجہ کی موجودگی میں جمعرات کو کابل میں امارتِ اسلامیہ کے وزارتِ فوائد عامہ، ازبکستان کے وزارتِ ٹرانسپورٹ اور پاکستان کے وزارتِ ریلوے کے درمیان سہ ملکی ریلوے منصوبے کی فزیبلٹی سٹڈی سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر دستخط کردیے گئے۔

    پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار جمعرات کو ازبکستان-افغانستان-پاکستان (یو اے پی) ریلوے منصوبے، جسے ٹرانس افغان ریلوے منصوبہ بھی کہتے ہیں، کی مشترکہ فزیبلٹی سٹڈی کے لیے سہ فریقی فریم ورک معاہدے پر دستخط کی غرض سے کابل گئے تھے۔

    پاکستانی وزارت خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جمعرات کو جاری کیے گئے بیان میں بتایا گیا تھا کہ نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار نے افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی سے ملاقات کی۔

    ملاقات کے دوران ’پاکستان اور افغانستان نے دوطرفہ تعلقات کی موجودہ رفتار برقرار رکھنے سمیت تجارت، ٹرانزٹ اور سکیورٹی کے شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے کوششیں تیز کرنے پر زور دیا تاکہ دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ پہنچ سکے۔‘

    بیان میں مزید کہا گیا کہ ’فریقین نے علاقائی اقتصادی ترقی کے بھرپور مواقعے سے مستفید ہونے کے لیے رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا، جس میں بین العلاقائی رابطوں کے منصوبوں کو عملی شکل دینا بھی شامل ہے۔

  • آزاد کشمیر الیکشن ہونے جارہے ہیں، اسمبلی بننےکے بعد 12 نشستوں کا معاملہ پھر وہاں لے جائیں: رانا ثنا

    آزاد کشمیر الیکشن ہونے جارہے ہیں، اسمبلی بننےکے بعد 12 نشستوں کا معاملہ پھر وہاں لے جائیں: رانا ثنا

    وزیراعظم کے مُشیر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ کالعدم ایکشن کمیٹی نے غلط راستہ اپنایا ، آئینی و قانونی معاملات دھرنے یا احتجاج سے حل نہیں ہوتے بلکہ یہ قانون ساز اسمبلی کا اختیار ہے۔

    اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنا نے کہا آزاد کشمیر میں الیکشن ہونے جارہے ہیں، ن لیگ آزادکشمیر کی تمام نشستوں پر کامیاب ہوگی، اسمبلی بنے گی 12 نشستوں کا معاملہ پھر وہاں لے جائیں۔

    انہوں نے کہا ایٹمی پروگرام پاکستان کی بقاکی ضمانت ہے، معرکہ حق میں فیلڈ مارشل کی قیادت میں افواجِ پاکستان نے تاریخی فتح حاصل کی۔

    رانا ثنا اللہ نے مولانا فضل الرحمان کے شہدا سے متعلق بیان کو نامناسب قرار دیا اور کہا کہ مولانا فضل الرحمان اپنا بیان واپس لے لیں تو اس میں ان کی بڑائی ہے۔

    رانا ثنا اللہ بولے ہنہ اوڑک میں دہشتگردوں کے خلاف لڑنے کے لیے بہت سارے لوگ جانا چاہتے تھے، آبادی کو کہا جائےکہ دہشتگردی کیخلاف اپنی دفاع کیلئے تھوڑی بہت اہلیت پیدا کریں تو  اعتراض والی بات کیا ہے، لگتا ہےکہ مولانا صاحب سے جوش خطابت میں بات ہوئی اس کے پیچھےکوئی لمبا چوڑا ایجنڈا نہیں۔

  • خیبرپختونخوا حکومت کا سابق فاٹا اور پاٹا سے تمام صوبائی ٹیکسز ختم کرنے کا اعلان

    خیبرپختونخوا حکومت کا سابق فاٹا اور پاٹا سے تمام صوبائی ٹیکسز ختم کرنے کا اعلان

    خیبرپختونخوا حکومت نے سابق فاٹا اور پاٹا میں صوبے کے زیرانتظام تمام ٹیکس واپس لینے کا اعلان کرتے ہوئے وفاق سے 10 سال کا استثنیٰ جبکہ انضمام کے وقت کیے گئے وعدوں کی تکمیل کا مطالبہ کیا ہے۔

    ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ ہاؤس میں وفاق کی جانب سے سابق فاٹا اور پاٹا میں ٹیکس نفاذ کے خلاف صوبائی حکومت کے زیر اہتمام گرینڈ جرگے کا انعقاد کیا گیا جس میں پیپلز پارٹی، اے این پی، جمعیت علمائے اسلام، مسلم لیگ، جماعت اسلامی سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور تاجر برادری نے شرکت کی۔ سیاسیتجزیہ

    گرینڈ جرگے میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے شرکت کی اور شرکا سے خطاب میں کہا کہ جرگے میں شریک تمام سیاسی رہنماؤں اور تاجر برادری کا شکریہ ادا کرتا ہوں، سابق فاٹا اور پاٹا میں ٹیکس نفاذ کے معاملے پر آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد پر صوبائی حکومت کا شکر گزار ہوں۔

    گورنرخیبرپختونخوا نے کہا کہ اس سے قبل بھی سی این جی اور گندم کے معاملات پر تمام سیاسی جماعتیں متحد ہوئی تھیں، خیبرپختونخوا کے آئینی اور معاشی حقوق کے حصول کے لیے حکومت اور اپوزیشن ایک صفحے پر ہیں جو خوش آئند ہے۔

    فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے صوبے کے مسائل پر متفقہ مؤقف اختیار کیا، صوبے کے آئینی اور مالی حقوق کے لیے وفاق سے مضبوط دلائل کے ساتھ بات کریں گے، سابق فاٹا کے لیے سو ارب روپے فراہم کرنے کا وفاقی وعدہ آج تک پورا نہیں کیا گیا۔ سیاسیتجزیہ

    گورنر فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ وعدے پورے کیے بغیر سابق فاٹا میں ٹیکس نافذ کرنا مناسب نہیں، سابق فاٹا کے تاجروں کو لاہور اور دیگر شہروں کے تاجروں جیسی سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا قدرتی وسائل سے مالامال صوبہ ہے اور صوبے کے حقوق اور مفاد کے ہر معاملے پر صوبائی حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔

    گورنر فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ صوبے کے تمام مسائل پر پہلے باہمی اتفاق رائے پیدا کریں گے، پھر وفاق سے مؤثر انداز میں بات کریں گے، خیبرپختونخوا کے حقوق کے حصول کے لیے تمام سیاسی قوتوں کا اتحاد خوش آئند ہے، خیبرپختونخوا کے مفاد پر سیاست نہیں ، اتحاد اور مشترکہ حکمت عملی کی ضرورت ہے۔

    وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقد ہونے والے جرگے میں قراردادیں پیش کی گئی جن کو شرکا نے متفقہ طور پر منظور کیا۔ ایک قرارداد میں کہا گیا کہ جرگہ سابق فاٹا اور پاٹا کے عوام کو درپیش سنگین صورتِ حال پر گہری تشویش کا اظہار کرتا ہے، فاٹا اور پاٹا میں بدامنی، دہشت گردی، نقل مکانی، جانی و مالی نقصانات، بے روزگاری، پسماندگی اور بنیادی سہولیات کی کمی کا سامنا ہے۔

    قرارداد میں کہا گیا کہ وعدوں کے مطابق قبائلی علاقوں کو سالانہ فنڈز دیے گئے اور نہ ہی این ایف سی میں حصہ دیا گیا، ٹیکسوں کا نفاذ انضمام کے بنیادی مقصد، وفاقی ذمہ داریوں اور عوام سے کیے گئے معاہدے کے منافی ہے۔

    خیبرپختونخوا حکومت نے سابق فاٹا اور پاٹا سے صوبے کے زیرانتظام تمام ٹیکس واپس لینے کا اعلان کیا اور قرارداد میں کہا کہ وفاقی حکومت سابق فاٹا اور پاٹا میں عائد تمام وفاقی ٹیکس فوری طور پر واپس لیے جائیں۔ Textiles& Nonwovens

    قرارداد میں کہا گیا کہ دس سالہ ٹیکس استثنا مکمل طور پر بحال کیا جائے اور انضمام کے وقت کیے گئے تمام مالی، ترقیاتی اور امن سے متعلق وعدے پورے کیے جائیں،مطالبات منظور نہ ہونے پر باہمی مشاورت کے بعد لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

  • ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں 18سے25 جولائی تک بارشوں کی پیشگوئی

    ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں 18سے25 جولائی تک بارشوں کی پیشگوئی

    مون سون کا نیا اسپیل ملک میں داخل ہونے کیلئے تیار ہے اور محکمہ موسمیات نے 18 سے 25 جولائی تک بالائی اور وسطی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کردی ہے،  اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ بھی جاری کردیا گیا۔

    محکمہ موسمیات نے مون سون سسٹم میں شدت اختیار کرنےکا امکان ظاہر کیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، پنجاب، خیبرپختونخوا اور کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ اسلام آباد میں بیس سے تئیس جولائی کے دوران بارش کا امکان ہے۔راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان میں شدید بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق بیس سے پچیس جولائی کے دوران مری، گلیات، کشمیر، سوات، چترال، کوہستان اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔پہاڑی علاقوں اور ندی نالوں میں طغیانی کا امکان ہے، جبکہ تیز آندھی اور آسمانی بجلی گرنے سے کمزور تعمیرات کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔محکمہ موسمیات نے سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات یقینی بنانے کا کہا گیا ہے۔

  • لاہور: نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں گھر سے خاتون اور 3 بچوں کی لاشیں برآمد، والد گرفتار

    لاہور: نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں گھر سے خاتون اور 3 بچوں کی لاشیں برآمد، والد گرفتار

    لاہور کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں گھر سے خاتون اور اس کے 3 بچوں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔

    پولیس کے مطابق نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں خاتون اور اس کے 3 بچوں کی لاشیں  ملی ہیں، چاروں افراد کی ہلاکت مبینہ طور پر زہر خورانی سے ہوئی، جاں بحق بچوں کی عمریں 5 سے 15 سال کے درمیان ہیں۔

    اس حوالے سے ایس پی ماڈل ٹاؤن نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ماں اور بچوں کو زہر آلود چیز کھلائی گئی، جس پر بچوں کے والد کو حراست میں لیاگیا ہے۔

    دوسری جانب اوکاڑہ کے علاقے شوکت آباد میں زہر خورانی سے باپ اور 2 بیٹے جاں بحق ہوگئے۔

    پولیس کے مطابق بیوی کے گھر چھوڑ کر جانے کے رنج میں عارف نامی شخص نے زہریلی گولیاں سالن میں ملا کر خود بھی کھائیں اور دونوں بیٹوں کو بھی کھلا دیں، جس پر مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

  • ‎پاکستان اور چین میں امیگریشن، بارڈر منیجمنٹ اور ادارہ جاتی تعاون بڑھانے پر اتفاق

    ‎پاکستان اور چین میں امیگریشن، بارڈر منیجمنٹ اور ادارہ جاتی تعاون بڑھانے پر اتفاق

    وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری سے چین کی نیشنل امیگریشن ایڈمنسٹریشن کے ڈائریکٹر جنرل کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ 

    ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان امیگریشن، بارڈر منیجمنٹ اور ادارہ جاتی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

    اس موقع پر امیگریشن پراسیس کو تیز تر بنانے کے لیے معاہدے کو جلد از جلد حتمی شکل دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

    وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے غیر قانونی امیگریشن، بارڈر کراسنگ اور اسمگلنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جارہا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ان جرائم میں ملوث تمام عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ لینڈ بارڈر، سی پورٹس اور امیگریشن منیجمنٹ میں چین کے ساتھ تعاون مزید بڑھایا جائے گا۔

    محسن نقوی کا کہنا تھا کہ خنجراب پاس پر سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے جی بی اسکاؤٹس کی چیک پوسٹ قائم کی جا رہی ہے۔

    چینی وفد نے غیر قانونی بارڈر کراسنگ اور اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے پاکستان کے مؤثر اقدامات کو سراہا۔

  • پاکستان اور کویت کے درمیان وسیع تر دفاعی معاہدے پر مذاکرات

    پاکستان اور کویت کے درمیان وسیع تر دفاعی معاہدے پر مذاکرات

    ذرائع کے مطابق پاکستان توانائی کے شعبے میں تعاون اور سرمایہ کاری کے بدلے کویت کے ساتھ وسیع تر دفاعی معاہدے کے لیے ابتدائی مراحل میں ہے۔ تاہم امریکہ اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی ان مذاکرات کو پیچیدہ بنا سکتی ہے۔

    اسلام آباد میں یہ خدشات موجود ہیں کہ سعودی عرب کے ساتھ گزشتہ سال کا مشترکہ دفاعی معاہدہ پاکستان کو امریکہ ایران تنازع میں گھسیٹ سکتا ہے۔ پیر کو حوثی باغیوں کے سعودی عرب پر حملے کے بعد پاکستان نے ایران کو واضح کیا تھا کہ وہ مملکت پر حملے کو خود پر حملہ تصور کرے گا۔ اب کویت کے ساتھ کسی بھی معاہدے سے مستقبل میں امریکہ ایران ثالثی میں پاکستان کے کردار پر سوالات اٹھیں گے۔

    کویت کا پاکستان کے ساتھ 2023 سے محدود تربیتی معاہدہ ہے، مگر اب وہ سعودی طرز پر ہزاروں پاکستانی فوجیوں، لڑاکا طیاروں اور ڈرونز کی تعیناتی چاہتا ہے۔ تاہم پاکستانی سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ اس مرحلے پر جنگی دستوں کی تعیناتی پر غور نہیں کیا جا رہا۔ خلیجی ممالک اب امریکہ پر انحصار کم کرنے کے لیے پاکستان کو ایک محفوظ متبادل کے طور پر دیکھ رہے ہیں، کیونکہ پاکستان ایک بڑی مسلم فوج رکھتا ہے اور اس کے امریکہ اور سعودی عرب کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں۔ اس کے علاوہ ترکیہ، پاکستان اور سعودی عرب بھی ایک علیحدہ دفاعی معاہدے کا مسودہ تیار کر رہے ہیں، جبکہ بحرین اور اردن نے بھی دلچسپی ظاہر کی ہے۔پاکستان ان دفاعی سودوں کو اپنی معاشی اور توانائی کی ضرورتیں پوری کرنے کے لیے استعمال کرنا چاہتا ہے۔ کویت کے ساتھ ممکنہ معاہدے کے تحت پاکستان ایندھن کے ذخائر (بانڈڈ فیول اسٹوریج) بڑھانے کے لیے کوشاں ہے، جو ڈیزل کی سپلائی کے موجودہ سرکاری معاہدے کو وسعت دے گا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکی کشیدگی کم ہوتے ہی مذاکرات تیز ہوں گے، مگر سڈنی کی یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے محقق محمد فیصل نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان کو اپنی بساط سے بڑھ کر وعدے کرنے کے خطرات سے باخبر رہنا ہوگا۔

  • مون سون کے دوسرے طاقتور اسپیل کی پیشگوئی،الرٹ جاری

    مون سون کے دوسرے طاقتور اسپیل کی پیشگوئی،الرٹ جاری

    ملک بھر میں مون سون بارشوں کے دوسرے اسپیل کا آغاز 19 جولائی سے متوقع ہے۔

     پی ڈی ایم اے پنجاب نے 19 سے 23 جولائی تک بیشتر اضلاع میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور موسلادھار بارشوں کا الرٹ جاری کرتے ہوئے بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ اور برساتی نالوں میں طغیانی کے خدشے کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔

    پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، نالہ لئی، مری، گلیات اور برساتی نالوں میں طغیانی کا الرٹ کردیا گیا۔

    راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیرآباد، فیصل آباد، خوشاب، سرگودھا، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ صاحب اور چنیوٹ میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

    فیصل آباد، خوشاب، سرگودھا، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ صاحب اور چنیوٹ میں بھی موسلادھار بارش متوقع ہے۔ نورپور تھل، بھکر، میانوالی، لیہ، بہاولپور، بہاولنگر، ڈیرہ غازی خان، ملتان، خانیوال، لودھراں، مظفرگڑھ، کوٹ ادو، رحیم یار خان اور راجن پور میں 20 سے 24 جولائی تک بارش کا امکان ہے۔

    اعلامیے کے مطابق شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں، بجلی کے کھمبوں اور نشیبی علاقوں سے دور رہیں، آندھی اور گرج چمک کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں، ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔

    پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا نے بھی 19 سے 23 جولائی تک شدید بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا، اعلامیے کے مطابق صوبے کے بیشتر اضلاع میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے۔ سیاح موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے غیر ضروری سفر اور ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں۔

    چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، پشاورچارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی، سوات اور ایبٹ آباد میں اربن فلڈنگ کا امکان ہے، تیز ہوائیں اور آسمانی بجلی کمزور مکانات، بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز اور فصلوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔