Category: خبریں

  • پاکستان ہاکی ٹیم کی سلیکشن کا نیا معیار، ورلڈ کپ کے لیے سخت شرائط لاگو

    پاکستان ہاکی ٹیم کی سلیکشن کا نیا معیار، ورلڈ کپ کے لیے سخت شرائط لاگو

    لاہور: پاکستان ہاکی فیڈریشن نے عالمی ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں قومی سینئر ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کے انتخاب کے لیے ایک نئے اور جامع سلیکشن معیار کو حتمی شکل دے دی ہے۔

    نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اس پالیسی کا بنیادی مقصد میرٹ اور شفافیت کو فروغ دے کر قومی ٹیم کو عالمی معیار کے مطابق تیار کرنا ہے۔

    فیڈریشن حکام کا کہنا ہے کہ ٹیم میں شامل ہونے کے خواہشمند ہر کھلاڑی کو پانچ اہم شعبوں میں اپنی کارکردگی ثابت کرنا ہوگی۔ ان میں کھلاڑی کی ٹیکٹیکل سمجھ بوجھ، تکنیکی مہارت، جسمانی فٹنس، ذہنی مضبوطی اور میدان میں رویہ شامل ہے۔ کوچنگ اسٹاف ہر شعبے میں کھلاڑیوں کو نمبر دے گا۔

    نئی حکمت عملی کے تحت کسی بھی کھلاڑی کا ٹریننگ کیمپ میں انتخاب تبھی ممکن ہوگا جب وہ ان پانچوں شعبوں میں سے کم از کم 3 میں 3 یا اس سے زائد اسکور حاصل کرے۔ یہ معیار بین الاقوامی کوچز کی مشاورت سے عالمی بہترین طریقہ کار کو دیکھ کر تیار کیا گیا ہے۔

    پاکستان ہاکی فیڈریشن نے کہا کہ سلیکشن کے پورے عمل کو مکمل طور پر شفاف بنانے کے لیے اب ڈیجیٹل شواہد کا سہارا لیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے جدید جی پی ایس ٹریکنگ ڈیٹا اور ویڈیو اینالیٹکس کا استعمال کیا جائے گا تاکہ کھلاڑیوں کی کارکردگی کا تفصیلی مشاہدہ ممکن ہو سکے۔

    یہ مجوزہ سلیکشن پالیسی حتمی منظوری کے لیے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر اور سلیکشن کمیٹی کو پیش کی جائے گی۔ حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ قومی ٹیم کی تشکیل میں سفارش کلچر کا خاتمہ کیا جائے گا اور صرف اہل کھلاڑیوں کو ہی ملک کی نمائندگی کا موقع ملے گا۔

    فیڈریشن کے مطابق جدید ڈیٹا اور مسلسل نگرانی کے ذریعے نہ صرف بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب ہوگا بلکہ مستقبل میں ٹیم کو ایک مسابقتی قوت کے طور پر ابھرنے میں مدد ملے گی۔ اس اقدام سے قومی ہاکی کے معیار میں بہتری کی امید پیدا ہوئی ہے اور کھلاڑیوں کو سخت محنت کرنے کا پیغام ملا ہے۔

  • خیبر پختونخوا حکومت کا بڑا فیصلہ: 630 اہم شخصیات سیکیورٹی کیٹیگری ’ون‘ میں شامل، 7 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات

    خیبر پختونخوا حکومت کا بڑا فیصلہ: 630 اہم شخصیات سیکیورٹی کیٹیگری ’ون‘ میں شامل، 7 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات

    خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور سیکورٹی خدشات کے پیش نظر ایک بڑا انتظامی فیصلہ کرتے ہوئے 630  اہم شخصیات کو سیکیورٹی کیٹیگری ‘ون’ میں شامل کر دیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت صوبے بھر میں مختلف شخصیات کو سیکیورٹی فراہم کرنے کے باعث 7 ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں کے خدمات تفویض کی گئی ہیں۔

    سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، صوبائی حکومت کی جانب سے سیکیورٹی خطرات کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد سیکیورٹی کو 3 مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ کیٹیگری ٹو اور تھری میں شامل مختلف شخصیات کو بھی سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے نئی فہرستیں مکمل طور پر تیار کر لی گئی ہیں۔ ان فہرستوں میں شامل شخصیات کا تعلق مختلف سیاسی پارٹیوں، مذہبی حلقوں اور اعلیٰ سرکاری افسران سے ہے۔

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ خطرات کی نوعیت کے لحاظ سے بعض انتہائی اہم شخصیات کو ایک سے لے کر 10 تک پولیس اہلکار سیکیورٹی کے لیے فراہم کیے گئے ہیں۔ دوسری جانب وفاق کی جانب سے ان سیاسی و مذہبی شخصیات، مختلف سرکاری ڈیپارٹمنٹس کے افسران کو ایف سی (فرنٹیئر کانسٹیبلری) کی سیکیورٹی بھی فراہم کی گئی ہے۔ سیکیورٹی صورتحال کے باعث کیٹیگری دوم اور کیٹیگری سوم میں مختلف شخصیات کو سیکیورٹی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ بعض غیر متعلقہ افراد اور کاروباری شخصیات سے غیر ضروری سیکیورٹی واپس بھی لے لی گئی ہے۔ مروجہ طریقہ کار کے تحت مختلف سیاسی اور مذہبی شخصیات کو سیکیورٹی کے حوالے سے خصوصی ہدایات اور ایس او پیز بھی جاری کر دیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

  • نائب وزیراعظم ازبکستان کی 20 جولائی کو پاکستان آمد، 5 سالہ اقتصادی تعاون کے معاہدے پر دستخط متوقع

    نائب وزیراعظم ازبکستان کی 20 جولائی کو پاکستان آمد، 5 سالہ اقتصادی تعاون کے معاہدے پر دستخط متوقع

    ازبکستان کے نائب وزیراعظم جمشید خوجایوف 20 اور 21 جولائی کو پاکستان کا دورہ کریں گے ان کے دورے کے دوران پاکستان اور ازبکستان کے درمیان 5 سالہ اقتصادی تعاون کے روڈ میپ پر دستخط متوقع ہیں۔

    ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان نے ازبکستان کے نائب وزیراعظم کے دورہ کے حوالے سے تیاریوں کو حتمی شکل دینا شروع کردی ہے اس حوالے سے وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطح کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ 

    اجلاس میں وفاقی وزیر احد چیمہ نے ازبکستان کے نائب وزیراعظم کے دورہِ پاکستان کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ازبکستان کے نائب وزیراعظم جمشید خوجایوف 20 اور 21 جولائی کو پاکستان کا دورہ کریں گے اور اس دورے کے دوران پاکستان اور ازبکستان کے درمیان 5 سالہ اقتصادی تعاون کے روڈ میپ پر دستخط متوقع ہیں۔

    احد چیمہ کا کہنا تھا کہ ازبک نائب وزیراعظم کا دورہ دونوں ممالک کی شراکت داری میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا اور پانچ سالہ روڈ میپ سے باہمی تجارت، سرمایہ کاری اور علاقائی رابطوں کو فروغ ملے گا۔

    اس موقع پر احد چیمہ نے تمام متعلقہ وزارتوں کو تیاریاں بروقت اور فول پروف مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان متعدد معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر اتفاق رائے ہو چکا ہے ازبک نائب وزیراعظم کے دورے کے دوران پاک-ازبک بزنس ٹو بزنس فورم کا انعقاد کیا جائے گا۔ 

    اجلاس کو بتایا گیا کہ ازبکستان کی 100 سے زائد بڑی کمپنیاں پاکستان میں بزنس فورم میں شرکت کریں گی، زراعت، ادویات، ٹرانسپورٹ، لاجسٹکس اور انڈسٹری کے شعبوں میں سرمایہ کاری پر تفصیلی بات چیت ہوگی۔

    احد چیمہ کا کہنا تھا کہ اجلاس میں پاکستان اور ازبکستان کے درمیان روڈ اور ریل رابطے بہتر بنانے پر تفصیلی غور کیا گیا۔ ٹرانسپورٹ راہداریوں کی استعداد کار بڑھانے اور لاجسٹکس کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کرنے کی تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔

  • راولپنڈی، پولیس کا ہنی ٹریپ گینگ بے نقاب، ہیڈ کانسٹیبل سمیت 5 افراد کے خلاف مقدمہ درج

    راولپنڈی، پولیس کا ہنی ٹریپ گینگ بے نقاب، ہیڈ کانسٹیبل سمیت 5 افراد کے خلاف مقدمہ درج

    راولپنڈی میں پولیس کے مبینہ ہنی ٹریپ گینگ کا انکشاف سامنے آیا ہے جہاں شہری کو لوٹنے کے الزام میں ہیڈ کانسٹیبل سمیت پانچ افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا جبکہ ایک خاتون کو بھی مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے۔

    پولیس ذرائع کے مطابق گینگ نے شیراز نامی شہری کو مبینہ طور پر ہنی ٹریپ کے ذریعے نشانہ بنایا اور اس سے 50 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا تاہم بعد ازاں 11 لاکھ روپے پر معاملہ طے ہونے کا دعویٰ کیا گیا۔ 

    شیراز کی بازیابی کے بعد اس کے اہل خانہ نے سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) کو درخواست دے کر واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

    الزام ہے کہ پولیس اہلکار نے خود کو بچانے کے لیے شیراز کے خلاف خاتون کی مدعیت میں زیادتی کا مقدمہ بھی درج کروا دیا تاہم پولیس انکوائری میں شیراز کے الزامات درست قرار دیے گئے۔

    پولیس کے مطابق تھانہ چکلالہ میں پہلے سے درج ایف آئی آر میں ہیڈ کانسٹیبل لاریب اور چار دیگر افراد کے خلاف ضمنی دفعات شامل کر دی گئی ہیں جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔

  • ملتان، بوریوالہ سلنڈر دھماکے کے 10 زخمی نشتر اسپتال منتقل، 6 کی حالت تشویشناک

    ملتان، بوریوالہ سلنڈر دھماکے کے 10 زخمی نشتر اسپتال منتقل، 6 کی حالت تشویشناک

    بوریوالہ میں سلینڈر دھماکے کے زخمیوں میں سے 10 افراد کو علاج کے لیے نشتر اسپتال ملتان کے شعبہ ایمرجنسی منتقل کر دیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

    ایم ایس نشتر اسپتال ڈاکٹر عبدالقادر خان نے رات گئے شعبہ ایمرجنسی کا دورہ کیا اور زخمیوں کی عیادت کی۔

    انہوں نے ڈاکٹرز اور طبی عملے کو متاثرہ افراد کو بلا تعطل اور مفت علاج کی تمام سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

    اسپتال ذرائع کے مطابق نشتر ایمرجنسی میں منتقل کیے گئے تمام زخمیوں کو فوری طبی امداد دی جا رہی ہے تاہم زخمیوں میں سے 6 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

    نشتر اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ متاثرہ افراد کے علاج کے لیے تمام ضروری طبی وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور مریضوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔

  • عمران قید کے 3 سال، PTI اور اتحادیوں کا 5 اگست کو ملک گیر احتجاج کا اعلان

    عمران قید کے 3 سال، PTI اور اتحادیوں کا 5 اگست کو ملک گیر احتجاج کا اعلان

    اسلام آباد (خبر نگار) پاکستان تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں نے عمران خان کی قید کے تین سال مکمل ہونے پر 5اگست کو ملک گیر احتجاجی ریلیوں کا اعلان کر دیا۔بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہاحتجاج کی حتمی حکمت عملی کیلئے قائدین حزب اختلاف سینیٹ و قومی اسمبلی سے مشاورت کی جائے گی۔بدھ کو کے پی ہاؤس اسلام آباد میں پی ٹی آئی اور اتحادی جماعتوں کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے اجلاس کی صدارت کی۔

  • وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی گندم ذخیرہ کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈاؤن کی ہدایت

    وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی گندم ذخیرہ کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈاؤن کی ہدایت

    وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت محکمۂ خوراک کا اجلاس ہوا، جس کے دوران صوبے میں گندم کی پیداوار، ذخائر، دستیابی اور مستقبل کی ضروریات کا جائزہ لیا گیا۔

    مراد علی شاہ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ 1 لاکھ 72 ہزار میٹرک ٹن سے زائد چھپائی گئی گندم مختلف فلور ملز سے برآمد کی گئی ہے، جس سے مارکیٹ میں گندم کی دستیابی بہتر ہوئی اور آٹے کی قیمتوں میں بھی استحکام آیا ہے۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ 26-2025ء کے سیزن میں سندھ میں 47 لاکھ میٹرک ٹن گندم کاشت کی گئی، گزشتہ سال کا 1 لاکھ 40 ہزار میٹرک ٹن کا ذخیرہ بھی موجود ہے۔

    بریفنگ میں خبردار کیا گیا کہ صوبے سے باہر گندم منتقلی اور کھپت سے مارچ 2027ء تک سندھ کو گندم کا خسارہ ہو سکتا ہے، 15 جولائی 2026ء تک صوبے میں تقریباً 26 لاکھ میٹرک ٹن گندم استعمال یا صرف ہو چکی، 2 لاکھ میٹرک ٹن گندم آئندہ بوائی کے لیے بیج کی صورت میں محفوظ رکھی گئی ہے۔

    بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ صوبے میں تقریباً 22 لاکھ 40 ہزار میٹرک ٹن گندم کا ذخیرہ موجود ہے، سپلائی چین میں اس وقت 12 لاکھ 30 ہزار میٹرک ٹن گندم دستیاب ہے۔

    محکمۂ خوراک نے گندم کی کمی پر قابو پانے کے لیے پاسکو سے مزید گندم کی خریداری کی تجویز بھی پیش کی جبکہ دورانِ اجلاس گندم اور آٹے کی موجودہ قیمتوں کا جائزہ بھی لیا گیا۔

    وزیرِاعلیٰ سندھ نے اعتراض کیا کہ اب بھی 6 لاکھ 10 ہزار میٹرک ٹن گندم کا کوئی حساب موجود نہیں۔

    انہوں نے متوقع خسارے سے نمٹنے کے لیے محکمۂ خوراک کو جامع گندم مینجمنٹ پلان تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    مراد علی شاہ نے کہا کہ غذائی تحفظ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،  حکومت غذائی تحفظ یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی، مناسب قیمتوں پر گندم اور آٹے کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے، صوبے میں اس وقت گندم کی فوری قلت نہیں ہے۔

    اُنہوں نے ہدایت کی کہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں،  مارکیٹ میں قیمتوں پرکڑی نظر رکھی جائے، مصنوعی قلت پیدا نہ ہونے دی جائے اور ہر 15 روز میں ذخائر، خریداری، کارروائیوں اور مارکیٹ کے رجحانات پر مشتمل رپورٹ پیش کی جائے۔

  • پاکستان مصنوعی ذہانت کی عالمی تنظیم ’وائیکو‘ کا بانی رُکن بن گیا، افتتاحی تقریب میں شرکت

    پاکستان مصنوعی ذہانت کی عالمی تنظیم ’وائیکو‘ کا بانی رُکن بن گیا، افتتاحی تقریب میں شرکت

    پاکستان مصنوعی ذہانت کی عالمی تنظیم ’وائیکو‘ کا بانی رُکن بن گیا ہے۔ اس سلسلے میں وزیر خارجہ نے افتتاحی تقریب میں شرکت کی ہے۔

    ٹیکنالوجی کی دنیا میں پاکستان نے ایک اور اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے مصنوعی ذہانت کے فروغ کے لیے قائم ہونے والی بین الاقوامی تنظیم ’وائیکو‘ کی بانی رکنیت حاصل کر لی ہے۔

    شنگھائی میں منعقدہ خصوصی تقریب کے دوران پاکستان سمیت دنیا بھر کے 29 ممالک نے ورلڈ آرٹیفیشل انٹیلیجنس کوآپریشن آرگنائزیشن کے قیام کے معاہدے پر باقاعدہ دستخط کیے۔

    یہ نئی بین الحکومتی تنظیم عالمی سطح پر مصنوعی ذہانت کے شعبے میں باہمی تعاون، مربوط گورننس اور ٹیکنالوجی کی منصفانہ ترقی کے لیے کام کرے گی۔ اس تنظیم کا بنیادی مقصد مصنوعی ذہانت کے فوائد کو محفوظ اور منصفانہ طریقے سے پوری دنیا تک پہنچانا ہے۔

    رکن ممالک نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ مشترکہ پلیٹ فارم کے ذریعے اے آئی کے اخلاقی استعمال اور تکنیکی معیارات کو عالمی سطح پر مستحکم بنایا جائے گا تاکہ جدید دور کے چیلنجز سے نمٹا جا سکے۔

    دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق شنگھائی میں منعقد ہونے والی ورلڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کانفرنس 2026 (WAIC) کی افتتاحی تقریب میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پاکستانی وفد کے ساتھ شرکت کی۔

    افتتاحی تقریب سے چین کے صدر شی جن پنگ نے خطاب کیا۔ یہ تقریب گزشتہ شب بانی اراکین کی جانب سے معاہدے پر دستخط کے بعد ورلڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کوآپریشن آرگنائزیشن (WAICO) کے قیام کے بعد منعقد ہوئی، جس میں پاکستان بھی بطور بانی رکن شامل ہے۔

    پاکستان نے عالمی سطح پر مصنوعی ذہانت کی جامع اور منصفانہ گورننس کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز تک وسیع رسائی، ترقی پذیر ممالک کی استعداد کار میں اضافہ اور بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینا ضروری ہے تاکہ ڈیجیٹل تقسیم کو کم کیا جا سکے اور مصنوعی ذہانت کے فوائد دنیا بھر کے تمام ممالک اور عوام تک مساوی انداز میں پہنچ سکیں۔

  • افغان۔ٹرانس ریلوے منصوبے میں نمایاں پیش رفت، ازبکستان کا اعلان

    افغان۔ٹرانس ریلوے منصوبے میں نمایاں پیش رفت، ازبکستان کا اعلان

    ازبک حکام کے مطابق 573 کلومیٹر طویل افغان۔ٹرانس ریلوے ازبکستان کے شہر ترمذ کو افغانستان کے مزارشریف اور لوگر کے راستے پاکستان کے شہر خارلاچی سے منسلک کرے گی۔ یہ منصوبہ خطے میں ازبکستان کے ٹرانزٹ کردار کو مضبوط بنانے کے لیے بڑے نقل و حمل منصوبوں کے نفاذ کی حکمتِ عملی کا حصہ ہے۔

    باختر نیوز ایجنسی کے مطابق 6 ماہ قبل کابل میں افغانستان، ازبکستان اور پاکستان کے وزرائے خارجہ کا پہلا سہ فریقی اجلاس منعقد ہوا تھا، جس کے دوران بین الحکومتی فریم ورک معاہدے پر دستخط کیے گئے۔ اس معاہدے کے تحت افغان۔ٹرانس ریلوے منصوبے کی فزیبلٹی اسٹڈی کے لیے عملی بنیاد فراہم کی گئی۔

    رپورٹ کے مطابق افغانستان کی سرپرست حکومت نے معیشت کو مرکز بنا کر علاقائی تجارتی و ٹرانزٹ روابط کے فروغ کی پالیسی اپنائی ہے، جس کے باعث خطے کے ممالک کو باہمی ہم آہنگی اور رابطہ منصوبوں کی جانب راغب کیا جا رہا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ طویل عرصے کے بعد سیاسی و سلامتی کے عدم استحکام سے نکل کر استحکام کی راہ پر گامزن افغانستان اس منصوبے کے ذریعے علاقائی تجارت کا اہم مرکز بن سکتا ہے۔ منصوبے پر عمل درآمد سے نہ صرف افغانستان کے معاشی ڈھانچے کی جدید کاری ہوگی بلکہ روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، چند مخصوص منڈیوں پر انحصار کم ہوگا اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ اقتصادی باہمی انحصار بڑھنے سے سیاسی و معاشی استحکام کو تقویت ملے گی۔

    یہ منصوبہ افغانستان کو شمال اور جنوب ایشیا کے درمیان ایک اسٹریٹجک راہداری کی حیثیت دلانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے، جس کے اثرات نہ صرف افغانستان بلکہ پورے خطے کی معاشی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

  • انٹرنیشنل فزکس اولمپیاڈ میں پاکستان نے 3 کانسی تمغے جیت لیے

    انٹرنیشنل فزکس اولمپیاڈ میں پاکستان نے 3 کانسی تمغے جیت لیے

    اسلام آباد (13 جولائی 2026): پاکستان نے 4 سے 12 جولائی 2026 تک بوکارامانگا، کولمبیا میں منعقد ہونے والے 56 ویں انٹرنیشنل فزکس اولمپیاڈ میں تین کانسی کے تمغے جیت کر بین الاقوامی سائنس کے مقابلوں میں ایک اور اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔

    ​پاکستانی ٹیم نے یہ کانسی کے تمغے گورنمنٹ سٹی بوائز اسکول ڈیرہ غازی خان کے ذوالفقار علی، ایف جی سر سید کالج راولپنڈی کے علی حمدان علوی، اور دی سائنس اسکول روات اسلام آباد کے دانیال شہزاد حامد کی بدولت حاصل کیے۔

    اس کے علاوہ، ایچی سن کالج لاہور کے حزہ محمود اور صدیق پبلک اسکول راولپنڈی کے عبداللہ اعجاز نے اپنی شان دار کارکردگی پر اعزازی اسناد حاصل کیں۔

    ان مقابلوں میں 90 سے زائد ممالک کے 400 سے زیادہ ممتاز طلبہ نے شرکت کی، جس نے نوجوان طبیعیات دانوں کو اپنی سائنسی معلومات اور مسائل کو حل کرنے کی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے ایک معتبر پلیٹ فارم فراہم کیا۔

    ​ان طلبہ کا انتخاب 22 ویں نیشنل سائنس ٹیلنٹ کنٹیسٹ کے ذریعے کیا گیا، جو کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن اور پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز (پیاس) کے مشترکہ اقدام ’’سٹیم کیریئرز پروگرام‘‘ کے تحت منعقد کیا گیا تھا۔ ملک گیر سطح پر سخت انتخابی عمل کے بعد منتخب طلبہ کو پیاس کیمپس میں انتہائی سخت تربیتی کیمپسز کے سلسلے سے گزارا گیا، جہاں انھوں نے ملکی اور بین الاقوامی ماہرین سے اعلیٰ سطح کی نظریاتی اور تجرباتی تربیت حاصل کی۔

    ​اس جامع تیاری نے طلبہ کو اعلیٰ ترین بین الاقوامی سطح پر مقابلہ کرنے اور 56 ویں انٹرنیشنل فزکس اولمپیاڈ میں پاکستان کی شان دار نمائندگی کرنے کے قابل بنایا۔ پاکستانی ٹیم کی قیادت پیاس کے پروفیسر ڈاکٹر محمد عرفان اور ڈاکٹر محمد وسیم نے کی۔

    واضح رہے کہ ​پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے تعاون سے کام کرتے ہوئے، پیاس ثانوی اور اعلیٰ ثانوی سطح بشمول نویں، دسویں جماعت، او-لیول، ایف ایس سی (پارٹ 1)، اور اے-لیول (پارٹ 1) کے باصلاحیت طلبہ کی شناخت اور ان کی رہنمائی کے لیے ہر سال فزکس، کیمسٹری، بائیولوجی، اور میتھمیٹکس میں نیشنل سائنس ٹیلنٹ کنٹیسٹ کا انعقاد کرتا ہے۔

    ​این ایس ٹی سی پاکستان کے 19 شہروں میں منعقد کیا جاتا ہے۔ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کو تربیتی کیمپسز کے ایک سلسلے میں مدعو کیا جاتا ہے، جہاں بین الاقوامی سائنس اولمپیاڈز میں شرکت کے لیے قومی ٹیموں کے حتمی انتخاب سے قبل انھیں اعلیٰ سائنسی تعلیم و تربیت دی جاتی ہے۔ ایچ ای سی میں قائم اسٹیم کیریئرز پروگرام کا دفتر ان تربیتی سرگرمیوں کو مربوط کرتا ہے اور بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کی شرکت کو ممکن بناتا ہے۔

    ​اس پروگرام کے ہوم انسٹیٹیوٹس میں فزکس کے لیے پیاس، بائیولوجی کے لیے این آئی بی جی ای – سی (پیاس)، کیمسٹری کے لیے جامعہ کراچی کا ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری، اور میتھمیٹکس کے لیے کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد کا لاہور کیمپس شامل ہیں۔ پاکستان 2001 سے انٹرنیشنل فزکس اولمپیاڈ، 2005 سے انٹرنیشنل میتھمیٹیکل اولمپیاڈ، اور 2006 سے انٹرنیشنل بائیولوجی اور کیمسٹری اولمپیاڈز میں حصہ لے رہا ہے۔ اسٹیم کیریئرز پروگرام کے آغاز سے اب تک 365 سے زائد پاکستانی طلبہ انٹرنیشنل سائنس اولمپیاڈز میں ملک کی نمائندگی کر چکے ہیں، جنھوں نے مجموعی طور پر 144 تمغے جیتے ہیں۔