واشنگٹن(ڈیلی پاکستان آن لائن)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکہ کے پاس اسلحے کا کافی ذخیرہ موجود ہے اور جو لوگ ایسی خبریں پھیلا رہے ہیں انہیں جیل جانا پڑ سکتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکہ کے پاس ہتھیاروں اور گولہ بارود کا بہت بڑا ذخیرہ موجود ہے اور ملک دفاعی پیداوار میں تیزی سے اضافہ کر رہا ہے۔
ٹرمپ کا یہ بیان ان خبروں کے بعد سامنے آیا جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ امریکی اسلحے کے ذخائر پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔
ٹرمپ نے ان رپورٹس کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ حساس معلومات افشا کرنے یا اس بارے میں گمراہ کن خبریں پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی، اور انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کسی نے خفیہ معلومات لیک کیں تو اسے جیل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
دوسری جانب بعض میڈیا رپورٹس اور دفاعی تجزیہ کاروں نے حالیہ مہینوں میں یہ خدشات ظاہر کیے ہیں کہ طویل فوجی کارروائیوں کے باعث بعض جدید ہتھیاروں کے ذخائر پر دباؤ پڑا ہے، اگرچہ ٹرمپ انتظامیہ اس تاثر کو مسترد کرتی رہی ہے۔