کراچی ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) ڈپٹی گورنر سٹیٹ بینک سلیم اللہ کا کہنا ہے کہ یکم جنوری 2028 سے حکومت کا قرض شریعہ کمپلائنٹ ہوگا۔
’’جیو نیوز ‘‘ کے مطابق کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی گورنر سٹیٹ بینک سلیم اللہ نے کہا کہ ہم نے دو تین سالوں میں اسلامی بینکاری کی طرف کافی فاصلہ طےکیا ہے، بینکوں کے 29 فیصد ڈپازٹس اسلامی ہیں، بینکوں کے مجموعی قرضوں کا 40 فیصد اسلامی بینکوں نے دیئے ہیں۔حکومت نے 2027 کےبعد کا خاکہ پیش کیا ہے، یکم جنوری 2028 سے حکومت کا قرض شریعہ کمپلائنٹ ہوگا، جہاں تک ممکن ہوا بیرونی قرضہ بھی شریعہ کمپلائنٹ طریقے سے حاصل ہوگا، حکومت اپنے روایتی قرضوں کی ادائیگی کرتی رہےگی، لیکن روایتی قرضوں کا رول اوور شریعہ کمپلائنٹ ہوگا۔
ڈپٹی گورنر سٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ حکومت نے اپنے قرضوں کو شریعہ کمپلائنٹ کرنےکی حکمت عملی دی ہے، 40 قوانین میں ترامیم منتقلی کے مقررہ وقت تک مکمل کرلی جائیں گی، یکم جنوری 2028 سے تمام قرض شریعہ کمپلائنٹ ہوگا، رباء سے پاک خدمات کی بازار میں مانگ ہے، یکم جنوری 2028 سے مقامی بینک شریعہ اصولوں پرمبنی خدمات فراہم کریں گے۔