لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پولیس میں موجود بدعنوان عناصر کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کا حکم دیتے ہوئے آئی جی پنجاب کو کرپٹ اہلکاروں کی چھانٹی کے لیے ایک ہفتے کی ڈیڈ لائن دے دی۔
وزیراعلیٰ کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں مریم نواز نے ہدایت کی کہ بدنام اور کرپشن میں ملوث پولیس افسران کو ایس ایچ او تعینات نہ کیا جائے۔
مریم نواز نے کرپٹ پولیس افسران کے خلاف سخت کارروائی پر زور دیتے ہوئے آئی جی پنجاب کو ایک ہفتے میں ایسے عناصر کی نشاندہی اور محکمہ پولیس سے چھانٹی کا عمل مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں بچوں اور خواتین کے خلاف جرائم کی روک تھام کے لیے جامع پلان بھی طلب کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے ایسے جرائم میں ملوث افراد کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کی ہدایت کی۔
اجلاس کے دوران ڈولفن پولیس کا آپریشنل کنٹرول متعلقہ تھانوں سے منسلک کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ پنجاب پولیس کو باڈی کیمز سے لیس کرنے کے لیے 30 ستمبر کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی۔
وزیراعلیٰ نے قیدیوں کے فرار کے واقعات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا اور قیدیوں کی وینز میں جی پی ایس اور کیمرے نصب کرنے کی منظوری بھی دے دی۔