ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں ایک بار پھر بڑھا دی گئی ہیں، جس کے بعد پہلے ہی مہنگائی کے دباؤ کا سامنا کرنے والے عوام کے لیے سفری اور روزمرہ اخراجات میں مزید اضافے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
اوگرا کی جانب سے نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے، جس کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 5 روپے 2 پیسے جب کہ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 28 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق قیمتوں میں اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 375 روپے 82 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے، جب کہ ڈیزل 403 روپے 32 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمتیں 12 ستمبر سے 14 ستمبر تک کے لیے ہیں۔
واضح رہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل پانچ روز سے اضافہ کیا گیا ہے۔ اس سے قبل پیر، منگل، بدھ اور جمعرات کو بھی حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کے نرخوں میں اضافہ کیا تھا۔
گزشتہ روز پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 5 پیسے جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 37 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 370 روپے 80 پیسے فی لیٹر جب کہ ڈیزل کی نئی قیمت 398 روپے 4 پیسے ہوگئی تھی۔
بدھ کے روز پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 40 پیسے اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 367 روپے 75 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی۔ اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے 72 پیسے فی لیٹر اضافے کے بعد اس کی قیمت 392 روپے 67 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی۔
اس سے قبل منگل کے روز پٹرول کی قیمت میں 5 روپے 58 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 18 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد پٹرول 364 روپے 35 پیسے اور ڈیزل 385 روپے 95 پیسے فی لیٹر ہوگیا تھا۔
پیر کو پٹرول کی قیمت میں 12 روپے 90 پیسے جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل میں 3 روپے 72 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا۔ اضافے کے بعد پٹرول کی قیمت 358 روپے 77 پیسے اور ڈیزل کی قیمت 381 روپے 77 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی۔
حکومت کے مطابق مشرقِ وسطیٰ کی صورت حال کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں تیزی سے تبدیلیاں آرہی ہیں، جس کے اثرات ملکی پٹرولیم قیمتوں پر پڑ رہے ہیں۔ مسلسل ایک ہفتے سے پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے باعث عوام کے لیے ایندھن کا خرچ مزید بڑھ گیا ہے، جب کہ ڈیزل مہنگا ہونے سے ٹرانسپورٹ اور مال برداری کے اخراجات میں اضافے کا امکان ہے۔