پورٹ او پرنس (مانیٹرنگ ڈیسک)ہیٹی کے دارالحکومت پورٹ او پرنس کے قریب مسلح گینگ کے ایک خوفناک حملے میں تقریباً 40 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
حملہ آوروں نے تشدد سے متاثرہ افراد کے لیے قائم ایک کیمپ کو بھی نشانہ بنایا جہاں بڑی تعداد میں بے گھر افراد نے چرچ میں پناہ لے رکھی تھی۔
رپورٹس کے مطابق یہ حملہ اتوار کی رات دارالحکومت کے قریب پہاڑی علاقے کینسکوف میں ہوا۔
علاقے کے میئر ماسیلون ژاں نے بتایا کہ حملے کے بعد تقریباً 40 لاشیں مل چکی ہیں جبکہ تلاش کا عمل جاری ہے اور بعض افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔
’’24نیوز ‘‘ کے مطابق میئر نے اس واقعے کو ’’خوف کی رات‘‘ قرار دیتے ہوئے بتایا کہ مسلح افراد نے ایسے لوگوں کو بھی نشانہ بنایا جو پہلے ہی ملک میں جاری گینگ تشدد سے فرار ہوکر محفوظ مقام کی تلاش میں تھے۔ حملہ آوروں نے چرچ میں قائم بے گھر افراد کے کیمپ پر دھاوا بولا۔ حملے میں کئی افراد کو قتل کیا گیا جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے، بعض لوگوں کو مسلح افراد کے ہاتھوں اغوا ءکیے جانے کی بھی اطلاعات ہیں۔
حملے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور سیکیورٹی صورتحال مزید خراب ہوگئی۔ ہیٹی حکومت نے علاقے میں سیکیورٹی بحال کرنے کے لیے مزید نفری بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔
ہیٹی کے وزیراعظم الیکس دیدیے فیلس ایمے کے دفتر نے حملے پر گہرے دکھ اور متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
حکومت نے کہا ہے کہ متاثرہ علاقے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے اضافی سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔