کیلیفورنیا(5 ستمبر 2026): گوگل کے جیمنی اے آئی کی غلط ہدایات کی وجہ سے تین ناتجربہ کار کوہ پیما (ہائیکرز) کیلیفورنیا کے ماؤنٹ شاستا میں پھنس گئے۔
گوگل کے جیمنی اے آئی کی غلط ہدایات کی وجہ سے تین ناتجربہ کار کوہ پیما کیلیفورنیا کے ماؤنٹ شاستا (جو کہ چودہ ہزار ایک سو اناسی فٹ بلند آتش فشاں ہے) پر پھنس گئے جس کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بیک کنٹری ٹرپ پلاننگ کے لیے اے آئی چیٹ بوٹس پر انحصار کرنے کے خطرات سے شدید خبردار کیا ہے۔
یو ایس فاریسٹ سروس کے مطابق ان کوہ پیماؤں نے اپنے سفر کا روٹ طے کرنے کے وقت کا تخمینہ لگانے اور ضروری سامان و خوراک کی فہرست بنانے کے لیے جیمنی اے آئی پر بھروسہ کیا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ چیٹ بوٹس نے انہیں ضرورت سے بہت کم خوراک اور پانی ساتھ لے جانے کا مشورہ دیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق اس غلط تیاری کے باعث آٹھ گھنٹے کا ابتدائی سفر سولہ گھنٹے کے کٹھن امتحان میں تبدیل ہو گیا۔ اس گروپ نے دوپہر کے وقت چوٹی پر پہنچ کر واپس مڑنے کے معیاری حفاظتی پروٹوکول کو نظر انداز کیا، جس کی وجہ سے وہ شام سات بجے چوٹی پر پہنچے۔
اندھیرے میں اترنے پر مجبور ہونے کی وجہ سے یہ گروپ راستے سے بھٹک کر مڈ کریک کینیم میں جا پہنچا۔ ایک کوہ پیما گرنے سے گھٹنے کی چوٹ کا شکار ہو گیا، ان کا فون بھی بند ہو گیا، اور وہ مناسب لباس، پناہ گاہ، خوراک یا پانی کے بغیر سردی میں رات گزارنے پر مجبور ہو ئے۔
اگلی صبح یو ایس ایف ایس کے کلائمبنگ رینجرز نے پھنسے ہوئے گروپ کو تلاش کیا، انہیں ابتدائی طبی امداد اور ضروری سامان فراہم کیا اور پھر بحفاظت نیچے لے آئے۔