شارجہ: نجی اسکولوں کے لیے تعلیمی سال 2026-2027 کے کیلنڈر کا اعلان کر دیا گیا تاہم یہ تعلیمی کیلنڈر پاکستانی نصاب کی پیروی کرنے والے اسکولوں پر لاگو نہیں ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق شارجہ پرائیویٹ ایجوکیشن اتھارٹی نے 2026-2027 کے تعلیمی سال کے لیے پرائیویٹ اسکولوں کا نیا تعلیمی کیلنڈر جاری کر دیا۔
اس شیڈول کے تحت نئے تعلیمی سال کی کلاسز 31 اگست 2026 سے شروع ہوں گی اور یہ کیلنڈر شارجہ کے تمام پرائیویٹ اسکولوں پر لاگو ہوگا۔
تاہم بھارتی اور پاکستانی نصاب کی پیروی کرنے والے اسکول اس سے مستثنیٰ ہوں گے اور ان کے لیے الگ تعلیمی شیڈول نافذ رہے گا۔
اتھارٹی کا کہنا تھا کہ طلبہ کی سرمائی تعطیلات 14 دسمبر 2026 سے شروع ہوں گی، جبکہ اسکول 4 جنوری 2027 کو دوبارہ کھلیں گے تاکہ تعلیمی سرگرمیاں بحال کی جا سکیں۔
اسی طرح بہار کی تعطیلات 5 اپریل سے 8 اپریل 2027 تک ہوں گی، جبکہ طلبہ 12 اپریل 2027 سے دوبارہ کلاسز میں واپس آئیں گے۔
اتھارٹی نے کہا کہ تعلیمی سال یکم جولائی 2027 کو اختتام پذیر ہوگا، جس کے بعد موسمِ گرما کی تعطیلات شروع ہوں گی۔
شارجہ پرائیویٹ ایجوکیشن اتھارٹی کا کہنا تھا کہ اس کیلنڈر کا مقصد اسکولوں، طلبہ اور والدین کو پورے تعلیمی سال کا واضح شیڈول فراہم کرنا ہے تاکہ تدریسی منصوبہ بندی، امتحانات اور تعطیلات کی پیشگی تیاری بہتر انداز میں کی جا سکے۔
نئے تعلیمی کیلنڈر سے تعلیمی اداروں کو سال بھر کی سرگرمیوں کو منظم کرنے میں سہولت ملے گی، جبکہ والدین بھی اپنے بچوں کی تعلیمی اور سفری منصوبہ بندی پہلے سے کر سکیں گے۔