جنید ریاض:لاہور سمیت پنجاب کے مختلف سرکاری اسکولوں میں بنیادی سہولیات کے فقدان کا انکشاف ہوا ہے۔ پروگرام مانیٹرنگ یونٹ کی رپورٹ کے مطابق متعدد سرکاری اسکول اساتذہ، فرنیچر، ٹوائلٹس اور صفائی جیسی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں.
پروگرام مانیٹرنگ یونٹ نے سہولیات کے فقدان پر رپورٹ جاری کردی.رپورٹ کے مطابق لاہور کے 27 فیصد سرکاری اسکولوں میں ٹوائلٹس موجود نہیں، جبکہ بھکر کے 48 فیصد اسکول فرنیچر سے محروم ہیں۔ اسی طرح جھنگ کے 45 فیصد، ڈی جی خان کے 37 فیصد، چنیوٹ کے 35 فیصد، گوجرانوالہ کے 34 فیصد، مظفرگڑھ کے 33 فیصد، لیہ کے 29 فیصد اور ساہیوال کے 28 فیصد سرکاری اسکولوں میں فرنیچر کی کمی پائی گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ڈی جی خان کے 45 فیصد سرکاری اسکولوں میں ٹوائلٹس کی سہولت موجود نہیں، جبکہ ملتان کے 36 فیصد، حافظ آباد کے 33 فیصد، بھکر کے 32 فیصد، بہاولنگر کے 31 فیصد، اور میانوالی، رحیم یار خان اور گوجرانوالہ کے 29 فیصد اسکول بھی ٹوائلٹس کی سہولت سے محروم ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سرکاری اسکولوں میں صفائی کی صورتحال بھی ابتر ہے۔ وزیرآباد کے 30 فیصد اسکولوں میں گندگی اور کچرے کے ڈھیر پائے گئے، جبکہ گوجرانوالہ اور لودھراں کے 24 فیصد، چنیوٹ اور لاہور کے 22 فیصد اسکولوں میں صفائی کے ناقص انتظامات کی نشاندہی کی گئی ہے۔
پروگرام مانیٹرنگ یونٹ کی رپورٹ میں متعدد اضلاع میں اساتذہ کی غیرحاضری کا بھی انکشاف کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق مری کے 14 فیصد اسکولوں میں اساتذہ ڈیوٹی سے غیر حاضر پائے گئے، جبکہ جھنگ کے 11 فیصد، بہاولپور، اوکاڑہ، وزیرآباد اور راجن پور کے 10 فیصد، جبکہ راجن پور، حافظ آباد، مظفرگڑھ اور چکوال کے 9 فیصد اساتذہ بھی اسکولوں سے غیر حاضر تھے۔