اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران کہا ہے کہ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور فوجی تعطل کے خاتمے کے لیے برادر ممالک کے ساتھ مل کر فعال سفارتی کردار ادا کر رہا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ خطے میں امن و استحکام کے قیام کی کوششوں کے تحت نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے 14 اگست کو تہران کا دورہ کیا جبکہ ترک ہم منصب سے بھی متعدد بار ٹیلی فونک رابطے کیے۔ اس کے علاوہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے 24 اگست کو تہران کا دورہ کیا، جس کے دوران واشنگٹن اور تہران کے مابین پاکستان کے مخلصانہ کردار کو ایرانی قیادت نے سراہا۔ ترجمان کے مطابق پاکستان کا واضح مؤقف ہے کہ خطے کے تمام چیلنجز کا پائیدار حل صرف بات چیت اور سفارت کاری سے ممکن ہے۔
طاہر اندرابی نے مزید بتایا کہ پاکستان ایک سال کے لیے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کی چیئرمین شپ سنبھالنے کے لیے مکمل تیار ہے اور آئندہ سال تنظیم کے سربراہی اجلاس کی میزبانی کرے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف بشکیک میں ہونے والی ایس سی او کانفرنس میں شرکت کریں گے جہاں ان کی کرغزستان کی قیادت اور دیگر عالمی رہنماؤں سے اہم دوطرفہ ملاقاتیں متوقع ہیں۔