Skip to main content

Daily News Point

Loading...
تازہ ترین

ایرنی خبر رساں ایجنسی ’فارس نیوز‘ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے صوبے سیستان و بلوچستان میں پاک ایران سرحد کے قریب سرحدی محافظوں اور مسلح اسمگلروں کے درمیان جھڑپ ہوئی ہے، جس کے بعد ایرانی فورسز نے اسلحے کا ایک بڑا ذخیرہ قبضہ میں لے لیا ہے۔

فارس نیوز کے مطابق سرحدی حکام نے اس پیشرفت کی تصدیق کی ہے اور بتایا ہے کہ یہ اقدام سرحدی علاقے میں سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے کی جانے والی کارروائی کے دوران سامنے آیا۔

صوبہ سیستان و بلوچستان کے بارڈر گارڈز کے نائب کمانڈر نے فارس نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ہماری ٹیم نے کارروائی کے دوران چار آر پی جی سیون لانچرز، چھ اینٹی ٹینک آر پی جی گولے، چھ آر پی جی پروپیلنٹ چارجز، اے کے 47 رائفلز کے 2382 کارتوس اور ایم فور رائفلز کے 796 کارتوس برآمد کیے ہیں۔

ایرانی حکام کے مطابق یہ مہلک ہتھیار اور گولا بارود ملک میں تخریب کاری کی کارروائیاں کرنے اور بدامنی پھیلانے کی غرض سے اسمگل کیے جا رہے تھے۔

خبر رساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ سرحدی فورسز نے موقع پر بروقت اقدام کرتے ہوئے ہتھیاروں کی اس بڑی کھیپ کو قبضے میں لے کر ملک کے اندر کسی بھی ناخوشگوار واقعے کے خطرے کو ٹال دیا ہے اور فی الوقت سرحدی علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔

By admin 1