لوساکا(مانیٹرنگ ڈیسک) زمبیا کے اپوزیشن رہنما برائن منڈوبالے پر غداری کا مقدمہ درج کردیا گیا ہے، جبکہ ان کے وکیل کے مطابق وہ اپنے انتخابی ساتھی کے ہمراہ زیرحراست ہیں۔
تفصیلات کے مطابق برائن منڈوبالے کے وکیل نے بتایا ہے کہ برائن منڈوبالے اورماکیبی زولودونوں پر غداری کا الزام عائد کیا گیا ہے اور وہ گزشتہ رات تک زیرحراست تھے۔وہ زمبیا کی اپوزیشن جماعت این آر پی یو پی کے صدارتی امیدوار ہیں۔ وہ 13 اگست کو ہونے والے انتخابات میں اپنا ووٹ بھی ڈال چکے ہیں۔
’’24نیوز ‘‘ کے مطابق اپوزیشن رہنما کوپولیس نے گرفتار کیا تھا۔ اس سے قبل ان سے پولیس نے ایک ایسے مبینہ جرم کے سلسلے میں پوچھ گچھ کی تھی جسے حکام نے غداری سے متعلق قرار دیا تھا۔
اپوزیشن رہنما کی گرفتاری ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب وہ انتخابی نتائج کو عدالت میں چیلنج کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ان کے خلاف عائد غداری کے الزام کی مزید تفصیلات فوری طور پر سامنے نہیں آئی ہیں، جبکہ حکام کی جانب سے مقدمے کے الزامات پر مزید وضاحت بھی نہیں کی گئی۔