Skip to main content

Daily News Point

Loading...
تازہ ترین

کیلیفورنیا (ڈیلی پاکستان آن لائن)کیلیفورنیا میں حکام نے ایک شخص کو گرفتار کیا ہے جسے لاس اینجلس کے علاقے میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ملکیت والے ایک گالف کورس کے قریب دیکھا گیا تھا۔ امریکی صدر یہاں ایک عشائیے میں شرکت کے لیے آنے والے تھے۔

بی بی سی اردو کے مطابق تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ 38 سالہ جینین جان ٹائیلے کو رانچو پالوس وردیس میں واقع ٹرمپ نیشنل گالف کورس پر ایک پستول اور غیر قانونی گولہ بارود کے ساتھ پایا گیا۔

لاس اینجلس شیرف ڈپارٹمنٹ کے مطابق اسے ’گالف کورس کے احاطے میں گھومتے ہوئے، تصاویر اور ویڈیوز بناتے ہوئے اور سکیورٹی منصوبہ بندی کی سرگرمیوں کی نگرانی کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔‘

گرفتاری اتوار کی دوپہر کو عمل میں آئی۔ ٹرمپ اس وقت کیلیفورنیا کے دورے پر ہیں تاکہ اسی گالف کورس میں ریپبلکن پارٹی کے چندہ جمع کرنے کے عشائیے میں شرکت کر سکیں۔

ٹائیلے کو آتشیں اسلحہ چھپا کر رکھنے اور بکتر شکن/ممنوعہ گولہ بارود رکھنے کے الزامات میں حراست میں رکھا گیا ہے۔
ایک نیوز ریلیز میں شیرف ڈپارٹمنٹ نے کہا کہ ٹائیلے کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب سادہ لباس میں ملبوس وفاقی اہلکاروں نے مقامی حکام کو ایک مشکوک شخص کی اطلاع دی۔

جب پولیس نے اس شخص کا سامنا کیا تو معلوم ہوا کہ وہ ایل سیگونڈو پولیس ڈپارٹمنٹ کو ایک ڈکیتی کے مقدمے میں مطلوب تھا۔ ایل سیگونڈو رانچو پالوس وردیس سے تقریباً 25 کلومیٹر شمال میں واقع ہے، جو ایک خوشحال ساحلی علاقہ ہے اور اپنی پہاڑیوں اور دلکش چٹانوں کے لیے جانا جاتا ہے۔

حکام نے اس کی تلاشی لی تو معلوم ہوا کہ وہ 16 گولیوں والی ایک میگزین ساتھ لیے ہوئے تھا جس میں ہالو پوائنٹ گولیاں موجود تھیں۔ اس کی گاڑی، جو گالف کورس میں کھڑی تھی، سے ایک بھرا ہوا پستول اور ہالو پوائنٹ گولیوں سے بھری ایک میگزین بھی برآمد ہوئی۔

ہالو پوائنٹ گولیاں ہدف سے ٹکرانے پر پھیل جاتی ہیں اور چوڑی ہو جاتی ہیں، جس کے نتیجے میں اہم اعضا کو زیادہ سے زیادہ نقصان پہنچتا ہے۔ کیلیفورنیا 10 سے زیادہ گولیاں رکھنے والی میگزینوں پر پابندی عائد کر چکا ہے۔

حکام نے یہ نہیں کہا کہ آیا رانچو پالوس وردیس میں گرفتار مشتبہ شخص ٹرمپ کو نقصان پہنچانے کا ارادہ رکھتا تھا یا نہیں، اور نہ ہی اسے اس نوعیت کے کسی الزام سے متعلق مجرمانہ مقدمات کا سامنا ہے۔

By admin