Skip to main content

Daily News Point

Loading...
تازہ ترین

اسلام آباد (5 اگست 2026): وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کی قیادت میں حکومت آئینی مدت کے 5 سال مکمل کرے گی، شہباز شریف ہی پانچ سال تک عہدے پر رہیں گے۔

صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے مشورہ دیا کہ وزارتوں کی کارکردگی جانچنے کیلیے وزیر اعظم شہباز شریف تمام وزارتوں کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کروائیں، حقائق عوام کے سامنے آئیں اور معلوم ہو سکے کہ کون سی وزارت کتنی کارکردگی دکھا رہی ہے۔

محسن نقوی نے بتایا کہ میری کابینہ اجلاس میں حاضری تقریباً 70 فیصد ہے، آج بھی اپنے اس مؤقف پر قائم ہوں کہ گزشتہ سال نظام تباہ حال تھا، میرا بیان حکومت کے خلاف چارج شیٹ نہیں بلکہ نظام کی خامیوں کی نشاندہی تھی، وزیر اعظم شہباز شریف روزانہ 14 سے 16 گھنٹے کام کرتے ہیں، ان کو مزید مؤثر نظام اور مکمل سپورٹ ملے تو نتائج کئی گنا بہتر ہو سکتے ہیں۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں بھی ایف بی آر کی آمدن میں نمایاں اضافہ ہوا، موجودہ دور حکومت میں سفارتی محاذ پر کامیابیاں حاصل ہوئیں اور متعدد اصلاحات نافذ کی گئیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ بعض عناصر میرے اور وزیر اعظم شہباز شریف کے تعلقات خراب دیکھنا چاہتے ہیں، ان عناصر کی تعلقات خراب کرنے کی خواہشیں پوری نہیں ہوں گی۔

محسن نقوی نے واضح کیا کہ حکومت مستحکم ہے اور عوامی فلاح کے منصوبوں پر عملدرآمد جاری رکھا جائے گا۔

By admin 1