Category: قومی

  • بعض عناصروزیراعظم کی تبدیلی کی افواہیں پھیلا کر ملک میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتے ہیں، رانا ثناءاللہ

    بعض عناصروزیراعظم کی تبدیلی کی افواہیں پھیلا کر ملک میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتے ہیں، رانا ثناءاللہ

    وزیراعظم کے سیاسی مشیر رانا ثنا اللہ نے وزیراعظم کی تبدیلی سے متعلق خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بعض عناصر بے بنیاد افواہیں پھیلا کر ملک میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتے ہیں۔

    صحافی کے اس سوال پر کہ کیا بجٹ کے بعد وزیراعظم شہباز شریف تبدیل ہو رہے ہیں، رانا ثنا اللہ نے کہا کہ یہ بالکل غلط بات ہے اور ایسا کوئی معاملہ زیر غور نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اس وقت بہترین انداز میں ملک کو آگے لے کر چل رہے ہیں اور عالمی سطح پر پاکستان کو عزت اور وقار حاصل ہوا ہے۔ایسے موقع پر اس نوعیت کی بحث ملک دشمن عناصر کی جانب سے کی جاتی ہے۔

    رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ حکومت نے ہمیشہ اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات کی کوشش کی ہے۔ جب وہ خود اپوزیشن میں تھے تو ان کے خلاف مقدمات قائم کیے جا رہے تھے۔

  • پاکستان کیساتھ تاریخی اور نظریاتی رشتے کو کمزور کرنے کی کوشش کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی ، کشمیری رہنماؤں کا عزم

    پاکستان کیساتھ تاریخی اور نظریاتی رشتے کو کمزور کرنے کی کوشش کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی ، کشمیری رہنماؤں کا عزم

    آزاد کشمیر کے سیاسی رہنماؤں نے کہا ہے کہ پاکستان کیساتھ کشمیری عوام کے تاریخی اور نظریاتی رشتے کو کمزور کرنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی۔

    اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کشمیری رہنماؤں نے پاکستان مخالف سرگرمیوں، حالیہ احتجاجی واقعات اور کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی پر شدید تنقید کی۔

    سابق وزیراعظم سردار عتیق اور شاہ غلام قادر نے واضح کیا کہ کشمیر کے معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہو گا۔

    شاہ غلام قادر نے کہا کہ بھارت کا ایجنڈا کسی صورت نہیں چلنے دیا جائے گا، کالعدم ایکشن کمیٹی انتشار پھیلانے کے درپے ہے۔

    انہوں نے الزام عائد کیا کہ احتجاج کے دوران اسپتالوں، سڑکوں اور سیکیورٹی اداروں پر حملے کیے گئے جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔ آزاد کشمیر میں پاکستان مخالف بیانیہ برداشت نہیں کیا جائے گا ، پاکستانی افواج کے خلاف بغاوت پر اکسانا دشمن کا ایجنڈا ہے۔

    سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ مطالبات منظور ہونے کے باوجود تحریک کو آئینی اور سیاسی تنازعے کی طرف موڑا گیا چکسواری، پلندری اور دیگر علاقوں میں اربوں روپے کی املاک کو نقصان پہنچایا گیا ، احتجاج کے دوران ہونے والے جرائم کے 170 سے زائد مقدمات ریکارڈ پر موجود ہیں۔ پرامن جدوجہد کشمیری سیاست کی روایت رہی ہے، تاہم ریاستی اداروں اور عوامی املاک پر حملے ناقابل قبول ہیں۔

    سردار عتیق نے مزید کہا کہ تحریک آزادی کشمیر نظریہ پاکستان اور الحاق پاکستان پر قائم ہے،پاکستان اور کشمیر کے رشتے پر کوئی سمجھوتہ قبول نہیں کیا جائے گا۔ انتشار کے نتیجے میں 3 سے 4 ارب روپے کا نقصان ہوا، ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہونی چاہیے۔

    خاتون رہنما نبیلہ ایوب نے کہا کہ پاکستان اور افواج پاکستان کا کردار آزاد کشمیر کے امن و استحکام کی ضمانت ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھی ہے۔عوامی حقوق کے لیے جدوجہد ہر شہری کا آئینی حق ہے، لیکن مطالبات کی آڑ میں انتشار، فساد اور تشدد کسی صورت قابل قبول نہیں۔

    دریں اثنا وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا چہرہ پوری دنیا کے سامنے آ چکا ہے۔ اگر یہ گروہ عوام کا اتنا خیرخواہ ہے تو انتخابات میں حصہ کیوں نہیں لیتا۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس گروہ کا مقصد امن خراب کرنا ہے اور مظاہرین کو ہوش کے ناخن لیتے ہوئے گھروں کو واپس جانا چاہیے۔
    انہوں نے الزام عائد کیا کہ کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی امن و امان کو نقصان پہنچا رہی ہے اور لوگوں کو نشانہ بنا کر اپنے مطالبات منوانے کی کوشش کر رہی ہے۔

  • بلوچستان میں 10 محرم تک دفعہ 144 نافذ ، کوئٹہ میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی

    بلوچستان میں 10 محرم تک دفعہ 144 نافذ ، کوئٹہ میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی

    حکومتِ بلوچستان نے محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے صوبہ بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے، جو یکم محرم سے 10 محرم الحرام تک نافذ العمل رہے گی۔

    سرکاری اعلامیے کے مطابق محرم کے دوران اشتعال انگیز، فرقہ وارانہ اور نفرت آمیز مواد کی تشہیر پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے، جبکہ سوشل میڈیا سمیت تمام ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر نفرت انگیز مواد کی اشاعت بھی ممنوع قرار دی گئی ہے۔

    حکومت نے اسلحہ اور گولہ بارود کی نمائش اور عوامی مقامات پر لے جانے پر پابندی عائد کرتے ہوئے حساس مقامات اور جلوسوں تک مشتبہ افراد کی رسائی محدود رکھنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ اسی طرح عوامی مقامات اور جلوسوں کے راستوں پر پیشہ ور بھکاریوں کی موجودگی بھی ممنوع قرار دی گئی ہے۔

    اعلامیے کے مطابق کوئٹہ میں محرم کے دوران موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر مکمل پابندی ہو گی، جبکہ بیرون ضلع لاؤڈ اسپیکر کے استعمال کے لیے پیشگی اجازت لینا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

    مزید برآں جلوسوں کے راستوں پر واقع عمارتوں کی چھتوں اور بالکونیوں میں غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، کوئٹہ اور نصیرآباد میں وال چاکنگ، بینرز، پوسٹرز اور پمفلٹس لگانے پر بھی پابندی ہو گی۔

    حکومت بلوچستان نے خبردار کیا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 188 سمیت متعلقہ قوانین کے تحت کارروائی کی جائے گی، ڈپٹی کمشنرز، پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کو ان احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

  • سہیل آفریدی کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

    سہیل آفریدی کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

    عدالت نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

    پشاور کی عدالت نے ریاستی اداروں پر مبینہ گمراہ کن الزامات لگانے اور ان کی ساکھ متاثر کرنے کے مقدمے میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

    سینئر سول جج عباس شاہ نے سہیل آفریدی کے خلاف درج مقدمے کی سماعت کی، دورانِ سماعت ملزم کی عدم حاضری پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

    عدالت نے کیس کی مزید سماعت 29 جون تک ملتوی کر دی۔

    یاد رہے کہ سہیل آفریدی کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت این سی سی آئی اے نے مقدمہ درج کر رکھا ہے، جس میں ریاستی اداروں کے خلاف مبینہ گمراہ کن الزامات اور ان کی ساکھ متاثر کرنے کے الزامات شامل ہیں۔

    یہ قانونی پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب صوبہ خیبر پختونخوا کا سالانہ بجٹ کل یعنی 19 جون کو صوبائی اسمبلی میں پیش کرنے کا حتمی فیصلہ کیا جا چکا ہے، جس کے باعث صوبے میں سیاسی درجہ حرارت اور سنسنی خیزی انتہائی عروج پر پہنچ گئی ہے۔

  • بلاول کا قومی اسمبلی میں 18 ویں ترمیم اور این ایف سی ایوارڈ پر کھل کر اظہارخیال

    بلاول کا قومی اسمبلی میں 18 ویں ترمیم اور این ایف سی ایوارڈ پر کھل کر اظہارخیال

    چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زردای نے قومی اسمبلی میں اظہارخیال کرتے ہوئےکہا  کہ آج خطے اور پوری دنیا کے لیے امید کی ایک نئی کرن پیدا ہوئی ہے اور ایران امریکا معاہدہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ امن ہمیشہ جنگ سے بہتر راستہ ہوتا ہے۔

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ایران اور امریکا کے درمیان ہونے والا معاہدہ اس امر کی نشاندہی کرتا ہے کہ سفارتکاری اور مذاکرات ہی پیچیدہ مسائل کا پائیدار حل ہیں، جبکہ ڈپلومیسی تصادم اور کشیدگی سے کہیں زیادہ طاقتور ثابت ہوتی ہے۔

    انہوں نے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی کامیاب سفارتی کوششوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ امن صرف ایک اخلاقی ضرورت نہیں بلکہ معاشی ضرورت بھی ہے، کیونکہ ملک کی ترقی امن سے مشروط ہے جب جنگ رکتی ہے تو تجارت بڑھتی ہے اور امن کے ماحول میں روزگار کے مواقع پیدا ہوتے ہیں۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان کو مغربی سرحد پر چیلنجز کا سامنا ہے جبکہ بیرونی قوتیں ملک میں دہشت گردی کی حمایت کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے آپریشن سندور ٹو کی دھمکیاں بھی دی جا رہی ہیں اور ایسے عناصر موجود ہیں جو خطے کے امن کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، پاکستان جنگ کی قیمت اچھی طرح جانتا ہے۔

    چیئرمین پیپلز پارٹی نے اٹھارہویں آئینی ترمیم اور این ایف سی ایوارڈ کے حوالے سے کہا کہ بجٹ سے قبل یہ تاثر دیا گیا کہ 18ویں ترمیم اور این ایف سی کو ختم کیا جا رہا ہے، تاہم سیاسی اتفاق رائے سے قومی حل نکالا گیا اور یہ طے پایا کہ صوبے قومی دفاع کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔

    انہوں نے واضح کیا کہ صوبوں کا این ایف سی حصہ محفوظ ہے اور وفاق نے یقین دہانی کرائی ہے کہ این ایف سی ایوارڈ میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان تعاون پاکستان کی سیاست کی کامیابی ہے اور تمام مسائل سیاسی اتفاق رائے سے حل کیے جائیں گے۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے باوجود صوبوں کو ان کا مکمل حصہ نہیں ملا، جبکہ پیٹرولیم لیوی سے بھی صوبوں کو ان کا حق نہیں دیا جا رہا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ پیٹرولیم لیوی سیلاب سے ہونے والے نقصانات سے نمٹنے کے لیے لگائی گئی تھی۔

    انہوں نے کہا کہ صوبے سرپلس کی صورت میں اضافی فنڈز کا مطالبہ نہیں کر رہے اور وفاقی حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ کسی دوسری مد میں مزید مدد کی درخواست نہیں کی جائے گی۔

    چیئرمین پیپلز پارٹی نے وفاق سے مطالبہ کیا کہ خیبرپختونخوا کے قبائلی اضلاع سے کیے گئے وعدے پورے کیے جائیں۔ انہوں نے خیبرپختونخوا حکومت کے وفاق کے ساتھ تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ اگرچہ صوبے میں حزب اختلاف کی حکومت ہے، تاہم اس کا فیصلہ مثبت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پنجاب نے گزشتہ سال 700 ارب روپے اور رواں سال 900 ارب روپے کا سرپلس دکھایا، یہ وسائل ملتان اور ڈیرہ غازی خان جیسے علاقوں کی ترقی پر بھی خرچ کیے جا سکتے تھے۔

    بلاول بھٹو نے بینظیرانکم سپورٹ پروگرام کو تنقید کا نشانہ بنانے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام عالمی سطح پر تسلیم شدہ ہے اور اس کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔

  • امریکا۔ایران امن معاہدے میں پاکستانی ثالثی کو عالمی سطح پر بھرپور پذیرائی

    امریکا۔ایران امن معاہدے میں پاکستانی ثالثی کو عالمی سطح پر بھرپور پذیرائی

    امریکا اور ایران کے درمیان مجوزہ امن معاہدے میں پاکستان کے ثالثی کردار کو عالمی سطح پر غیر معمولی پذیرائی حاصل ہو رہی ہے، جبکہ بین الاقوامی میڈیا اور ماہرینِ امور خارجہ نے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو ایک تاریخی کامیابی قرار دیا ہے۔

    معروف امریکی جریدے وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق، امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والا یہ معاہدہ پاکستان کے لیے ایک مکمل اور غیر مشروط سفارتی کامیابی ثابت ہوگا، کیونکہ پاکستان نے دونوں ممالک کے درمیان اہم ثالث کا کردار ادا کیا۔

    رپورٹ کے مطابق پاکستان کی ثالثی میں طے پانے والے امریکا۔ایران امن معاہدے پر جمعہ کے روز سوئٹزرلینڈ میں امریکی اور ایرانی حکام باضابطہ دستخط کریں گے۔

    وال اسٹریٹ جرنل نے پاکستان کی سفارتی کامیابی کو غیر معمولی قرار دیتے ہوئے لکھا کہ سفارتی میدان میں پاکستان کا یہ کارنامہ بالکل ایسا ہے جیسے کیپ ورڈی کی فٹبال ٹیم فیفا ورلڈ کپ جیت لے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ متعدد مواقع پر پاکستانی قیادت کی عوامی سطح پر تعریف کر چکے ہیں اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے حوالے سے بھی مثبت رائے کا اظہار کیا ہے۔

    امریکی جریدے کے مطابق، اپریل میں ہونے والے اسلام آباد مذاکرات نے پاکستان کو عالمی میڈیا میں مثبت توجہ حاصل کرنے کا ایک نادر موقع فراہم کیا، جبکہ صدر ٹرمپ کا پاکستان کی جانب بڑھتا ہوا جھکاؤ، بھارت کی پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کی سفارتی کوششوں کی ناکامی کا واضح ثبوت ہے۔

    رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ صدر ٹرمپ کے دوسرے دورِ اقتدار میں واشنگٹن اور اسلام آباد کے تعلقات میں نمایاں بہتری آئی ہے اور دوطرفہ روابط میں غیر معمولی پیش رفت دیکھنے میں آئی ہے۔

    دوسری جانب، ماہرینِ امور خارجہ کا کہنا ہے کہ مذاکرات کی میزبانی اور تصادم کے بجائے مکالمے کو فروغ دے کر پاکستان نے خود کو بین الاقوامی سفارت کاری میں ایک غیر جانبدار اور معتبر ثالث کے طور پر منوایا ہے۔

    ماہرین کے مطابق، ایران کے اعتماد اور امریکا کے ساتھ پاکستان کے تزویراتی تعلقات نے پاکستان کو ثالثی کے لیے ایک منفرد مقام فراہم کیا ہے، جس کے باعث وہ دونوں ممالک کے درمیان اعتماد سازی میں مؤثر کردار ادا کرنے میں کامیاب رہا۔

  • ہم اسد قیصر کے گھر آئی ایس آئی افسران کی موجودگی میں بلز کی نوک پلک درست کرتے تھے: خواجہ آصف

    ہم اسد قیصر کے گھر آئی ایس آئی افسران کی موجودگی میں بلز کی نوک پلک درست کرتے تھے: خواجہ آصف

    اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہےکہ میں اعتراف کرتا ہوں کہ اینٹی منی لانڈرنگ سمیت متعدد بلز میں اسد قیصر کے گھر ہم آئی ایس آئی کے افسران کی موجودگی میں قوانین کی نوک پلک درست کرتے تھے۔

    نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق  قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت ہوا جہاں بجٹ پر بحث کے دوران اپوزیشن اور حکومتی ارکان کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ دیکھنے میں آیا۔

    خواجہ آصف نےقومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ میں سچ بول کر اپنے ضمیر کا بوجھ ہلکا کرنا چاہتاہوں، ہم آئی ایس آئی افسران کی موجودگی میں قانون سازی کرتے تھے، سابق سپیکر اسد قیصر کے گھر جنرل فیض کے بھیجے لوگوں کے ساتھ بیٹھ کر مذاکرات کرتے تھے۔

    انہوں نے کہا کہ میں اعتراف کرتا ہوں کہ اسد قیصر کے گھر ہم آئی ایس آئی کے افسران کی موجودگی میں قوانین کی نوک پلک درست کرتے تھے، یہ سب یہ لوگ خود کرتے رہے ہیں اب ہمیں کس منہ سے طعنے دیتے ہیں؟

  • سندھ کابینہ نے بجٹ 27-2026ء کی منظوری دے دی

    سندھ کابینہ نے بجٹ 27-2026ء کی منظوری دے دی

    کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)سندھ کابینہ نے نئے مالی سال 27-2026ء کے صوبائی بجٹ کی منظوری دے دی۔

    روزنامہ جنگ کے مطابق حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ کے مالی سال 27-2026ء کے لیے 2.7 ٹریلین روپے سے زائد بجٹ تخمینے کا امکان ہے۔صوبے کے غیر ترقیاتی بجٹ کے لیے 2 ہزار 560 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔

    صوبائی کابینہ کے اجلاس میں وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ نئے سال کے بجٹ میں ہر طبقے کا خیال رکھا گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت بلاول بھٹو کی ہدایت پر غربت کے خاتمے کے لیے خصوصی اقدامات کر رہی ہے۔

    وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ محنت کشوں کے لیے کم از کم اجرت کا بھی نئے بجٹ میں فیصلہ کیا ہے۔ 
    وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ آج سہ پہر سندھ اسمبلی میں بجٹ پیش کریں گے۔

    واضح رہے کہ مراد علی شاہ کے پاس گزشتہ ایک دہائی سے سندھ کی وزارتِ خزانہ کا قلمدان بھی ہے۔

  • وفاقی بجٹ: وزیراعظم آفس کی تزئین و آرائش کیلئے 15 کروڑ 33 لاکھ روپے مختص

    وفاقی بجٹ: وزیراعظم آفس کی تزئین و آرائش کیلئے 15 کروڑ 33 لاکھ روپے مختص

    اسلام آ باد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی بجٹ میں وزیراعظم آفس کی تزئین و آرائش کے لیے آئندہ مالی سال 15 کروڑ 33 لاکھ روپےمختص کئے گئے۔

    نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق بجٹ دستاویز کے مطابق منسٹرانکلیواسلام آباد میں 12 اپارٹمنٹس کی تعمیر کےلیے 5 کروڑ 30لاکھ روپےمختص کیے گئے ہیں۔ 

    پی ایم سٹاف کالونی کی تزئین وآرائش اوراضافی سہولیات کی فراہمی کے لیے آئندہ مالی سال 8کروڑروپے رکھے گئے ہیں ۔

    بجٹ دستاویز کے مطا بق منصوبے پر 30 جون 2026  تک  18 کروڑ  97  لاکھ روپے اخراجات کا تخمینہ ہے جب کہ  اس منصوبےکی مجموعی لاگت کا تخمینہ 34  کروڑ 31  لاکھ روپے ہے۔

  • شہید ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے جلوس جنازہ، تدفین کا اعلان

    شہید ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے جلوس جنازہ، تدفین کا اعلان

    تہران(ڈیلی پاکستان آن لائن)شہید ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے جلوس جنازہ اور تدفین کا اعلان کرد یاگیا۔

    ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق 4،5جولائی کو شہید خامنہ ای کی الوداعی تقریب امام خمینی کے مصلے پر منعقد ہوگی،6جولائی کو تہران میں شہید آیت اللہ خامنہ کی تشیع جنازہ ہوگی،7جولائی کو قم شہر میں جلوس جنازہ ہوگا۔

    خبرایجنسی کے مطابق 9جولائی کو مشہد میں جلوس جنازہ  اور تدفین ہوگی،شہید آیت اللہ خامنہ ای کی تدفین مشہد میں روضہ امام رضا کے حرم میں کی جائے گی۔