کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ کو کوئی تقسیم نہیں کرسکتا، اپوزیشن میں ہمت ہے تو اسمبلی میں قرارداد لائے۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ اسمبلی اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے لوگوں نے پاکستان بنانے میں اہم کردار ادا کیا، اور نئے صوبوں سے متعلق فیصلہ سندھ اسمبلی ہی کرے گی۔
صوبے کی تقسیم پر انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی سندھ کو تقسیم کرنے کی کوششیں کی گئیں، تاہم سندھ کا مستقبل کیا ہوگا، اس بات کا فیصلہ اسی ایوان میں بیٹھے لوگ کریں گے۔
اپوزیشن کو چیلنج کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ اگر ان میں ہمت ہے تو صوبے سے متعلق اسمبلی میں قرارداد لے کر آئیں۔ تحریک التوا پر بحث کے بعد ایک فیصلے پر پہنچنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کی تقسیم پر فیصلہ کیا ہو گا، یہ بھی بتا دیتا ہوں کہ سندھ کو کوئی تقسیم نہیں کرسکتا۔ صوبہ سندھ کو انگریز تقسیم نہیں کرسکے تو اب کیسے تقسیم ہو گا۔
مراد علی شاہ نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ سندھ ہمیشہ ایک رہے گا اور اسے تقسیم نہیں کیا جاسکتا۔ لاہور کے بزنس مین بیٹھ کر سندھ کا فیصلہ نہیں کریں گے اور نہ ہی کوئی ٹی وی پر بیٹھ کر فیصلہ کر سکتا ہے۔ بلکہ فیصلہ ایوان میں ہو گا۔