آزاد جموں و کشمیر کے عام انتخابات کے بعد نئے وزیراعظم کے انتخاب کے لیے سیاسی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں، جہاں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور وادیِ نیلم سے نومنتخب قانون ساز شاہ غلام قادر وزارتِ عظمیٰ کی دوڑ میں سب سے مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آئے ہیں۔
سیاسی تجزیہ کار کے مطابق آزاد کشمیر کے انتخابی مراحل کے نتائج کے بعد مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر میں حکومت بنانے کی مضبوط پوزیشن حاصل کر چکی ہے۔ پارٹی کو ایوان میں واضح اور سادہ اکثریت ثابت کرنے کے لیے مزید محض 4 نشستوں کی ضرورت ہے، جس کے بعد اسے کسی بھی اتحادی جماعت کی مشروط حمایت کی ضرورت نہیں رہے گی۔
ابتدائی طور پر وزارتِ عظمیٰ کے لیے چوہدری محمد سعید اور بیرسٹر افتخار گیلانی کے نام بھی زیرِ غور تھے، تاہم اپنے اپنے حلقوں سے ان کی غیر متوقع شکست کے بعد شاہ غلام قادر کا نام سرِ فہرست آ گیا ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق اگرچہ سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر بھی اس دوڑ میں شامل ہو سکتے ہیں، تاھم موجودہ سیاسی منظرنامے میں ان کے دوبارہ وزیراعظم بننے کے امکانات نسبتاً کم دکھائی دیتے ہیں۔