وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ ایک صوبہ ہے اور ایک ہی رہے گا، لاہور کے بزنس مین بیٹھ کر سندھ کا فیصلہ نہیں کریں گے۔
نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے معاملے پر خطاب کے دوران وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان کی قرارداد سندھ اسمبلی نے پاس کی، جب تک ایک بھی شخص زندہ ہے اس صوبے کو کچھ نہیں ہوگا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کوئی ٹی وی پر تقریر کر کے، عدالت میں یا سیمینار میں اس صوبے کا فیصلہ نہیں کرسکتا، فیصلہ اسی ایوان میں ہوگا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اسپیکر صاحب اس معاملے پر بحث کی اجازت دیں۔
اسپیکر اویس قادر شاہ نے کہا کہ اس پر جتنے دن بحث کرنی ہیں کریں، یہ صوبہ ایک تھا ایک رہے گا۔
تحریک التوا پیش کرنے والے نثار کھوڑو نے کہا کہ تحریک اس لیے پیش کی کہ دیکھ سکوں کون سندھ کے ٹکڑے کرنا چاہتا ہے، وفاق سے آواز آئی کہ سسٹم کولیپس کرچکا ہے لہٰذا صوبے بنانے ہیں،کچھ روز قبل بھی ایک وزیر نے کہا کہ نئے صوبے بنیں گے،انہیں آئین پڑھنا چاہیے کہ صوبے کیسے بن سکتے ہیں۔