Skip to main content

Daily News Point

Loading...
تازہ ترین

پاکستان میں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں گاڑی کی ڈرائیونگ سیٹ خالی ہے لیکن وہ پھر بھی چلی جا رہی ہے۔ ڈرائیور کی خالی سیٹ کے ساتھ والی نشست پر موجود نوجوان بتا رہے ہیں کہ اس گاڑی کو دور بیٹھے آپریٹر انٹرنیٹ کے ذریعے کنٹرول کر رہے ہیں۔

وہ دکھاتے ہیں کہ گاڑی ہارن بھی بجا رہی ہے اور دائیں بائیں مڑ بھی رہی ہے۔

یہ سب کچھ ویڈیو میں ریکارڈ ہو رہا ہے۔ کمنٹری کرنے والے نوجوان اس نئی ایجاد سے متاثر دکھائی دیتے ہیں اور کہتے ہیں: ’یقینی طور پر پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے۔‘

یہ حادثہ ہونے سے پہلے آخری جملہ تھا، کیوں کہ عین اسی لمحے بغیر ڈرائیور کے یہ گاڑی سڑک پر کھڑی پولیس وین کے خطرناک حد تک قریب پہنچ چکی تھی۔

تعریف کرنے والے نوجوان کو جملہ بولنے کے دوران احساس ہوا کہ تصادم ہونے ہی والا ہے، انھوں نے بیتابی سے ہینڈ بریک کھینچی، لیکن ’ڈز‘ کی آواز آئی اور بغیر ڈرائیور کے کار سڑک کنارے موجود پولیس وین سے ٹکرا ہی گئی۔

ٹکر کے بعد پولیس اہلکار وین کا دروازہ کھولتے ہیں اور ویڈیو ختم ہو جاتی ہے۔

اسلام آباد پولیس کے ایس پی سٹی زون ڈاکٹر ایاز حسین کا کہنا تھا کہ اس معاملے کی تحقیقات کے دوران انھیں کسی جرم کے شواہد نہیں ملے۔

ویڈیو پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ ’یہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں۔ یہ ایک ایجاد کو ٹیسٹ کر رہے تھے، یہ ایک انسانی غلطی تھی۔ اسلام آباد پولیس ایسے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرتی ہے۔ یہ ہمارے ملک کا سرمایہ ہیں۔‘

By admin 1