ویب ڈیسک: حکومت بلوچستان نے صوبے بھر کے سرکاری و نجی اسکولوں اور محکمہ اسکول ایجوکیشن کے انتظامی دفاتر میں ہفتے کی تعطیل ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے بعد تعلیمی اداروں میں دوبارہ 6 روزہ ورکنگ ویک نافذ ہو گیا ہے۔
محکمہ اسکول ایجوکیشن بلوچستان کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سرکاری و نجی اسکولوں کے علاوہ محکمہ تعلیم کے تمام انتظامی دفاتر میں بھی ہفتہ اب معمول کے کام کا دن ہوگا، جبکہ نئی ہدایات پر فوری طور پر عمل درآمد کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ محکمہ اسکول ایجوکیشن بلوچستان نے مارچ/اپریل 2026ء میں عالمی سطح پر ایندھن اور توانائی کے بحران کے باعث صوبے کے تمام سرکاری و نجی اسکولوں اور انتظامی دفاتر میں 5 روزہ ورکنگ ویک نافذ کیا تھا۔ اس پالیسی کے تحت پیر سے جمعہ تک تعلیمی و دفتری سرگرمیاں جاری رہتی تھیں، جبکہ ہفتہ اور اتوار کو ہفتہ وار تعطیلات ہوتی تھیں۔
تاہم تازہ نوٹیفکیشن کے بعد پانچ روزہ ورکنگ ویک ختم کر دیا گیا ہے۔ اب صوبے کے تمام سرکاری و نجی اسکولوں اور محکمہ تعلیم کے دفاتر میں پیر سے ہفتہ تک تعلیمی اور دفتری سرگرمیاں جاری رہیں گی، جبکہ صرف اتوار کو ہفتہ وار تعطیل ہوگی۔