نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) میں ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کا اہم اجلاس وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت ویڈیو لنک کے ذریعے منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزرا، چیئرمین این ڈی ایم اے، صوبائی حکام اور متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران ملک بھر میں دریاؤں کے بہاؤ، ممکنہ سیلابی صورتحال اور ہنگامی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران بالائی علاقوں میں متوقع بارشوں کے باعث دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہونے کا امکان ہے، جس کے پیش نظرمتعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسلام آباد، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر، پنجاب اور سندھ کے بعض علاقوں میں بارش کا امکان ہے جبکہ شدید بارشوں کے نتیجے میں شہری سیلاب، ندی نالوں اور پہاڑی برساتی نالوں میں طغیانی کی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔
اجلاس کے شرکا کو چیئرمین این ڈی ایم اے نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے حالیہ دورۂ نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کے حوالے سے بھی آگاہ کیا اورادارے کی تیاریوں، مانیٹرنگ نظام اور ہنگامی رسپانس اقدامات پر بریفنگ دی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام صوبائی حکومتیں، ضلعی انتظامیہ، ریسکیوادارے اورمتعلقہ محکمے مکمل تیاری برقرار رکھیں۔
حساس علاقوں میں نگرانی مزید مؤثر بنانے، بروقت وارننگ جاری کرنے، ممکنہ متاثرہ آبادی کے بروقت انخلا اورامدادی وسائل کی دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی گئی تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثراندازمیں نمٹا جا سکے۔