Skip to main content

Daily News Point

Loading...
تازہ ترین

حکومتِ پنجاب نے صوبے میں گندم کی نئی ریلیز قیمت 3 ہزار 800 روپے فی من مقرر کردی ہے۔

پنجاب کابینہ کی منظوری کے بعد محکمۂ فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن نے اس فیصلے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد صوبے میں گندم اور آٹے کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانا اور قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنا ہے۔

محکمۂ فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن کے ترجمان کے مطابق وفاقی حکومت نے پنجاب کو پاکستان زرعی اجناس ذخیرہ و خدمات کارپوریشن (پاسکو) سے فوری گندم خریدنے کی ہدایت کی ہے۔

اس سلسلے میں پنجاب کو ابتدائی طور پر 3 لاکھ میٹرک ٹن گندم فراہم کرنے کی منظوری دی گئی ہے، جبکہ محکمہ پہلے ہی 2 لاکھ میٹرک ٹن گندم حاصل کر چکا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ پاسکو نے گندم کی قیمت 4 ہزار 150 روپے فی من مقرر کررکھی ہے تاہم پنجاب حکومت نے عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے ریلیز قیمت 3 ہزار800 روپے فی من مقررکی ہے تاکہ آٹے کی قیمتوں میں غیرضروری اضافہ نہ ہو اورعام شہریوں کو ریلیف مل سکے۔

حکومت نے واضح کیا ہے کہ صوبے بھر میں 15 روپے میں روٹی کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور اس مقصد کے لیے متعلقہ اداروں کو مؤثر نگرانی کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

مہنگائی کے ستائے شہریوں کیلئے اچھی خبر، آٹے کی قیمت میں کمی

ترجمان کے مطابق پنجاب حکومت نے مجموعی طور پر8 لاکھ میٹرک ٹن گندم کی فراہمی کی درخواست کی تھی، تاہم اس کے مقابلے میں 5 لاکھ 33 ہزار 440 میٹرک ٹن گندم مختص کی گئی ہے۔

وزارتِ قومی غذائی تحفظ نے پنجاب حکومت کو خریداری کا شیڈول جلد از جلد جمع کرانے اور پیشگی ادائیگی فوری مکمل کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے تاکہ گندم کی فراہمی کا عمل بلا تاخیر مکمل کیا جا سکے۔

By admin